جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لگزمبرگ کاپہلا جلسہ سالانہ 2022ء

٭…علمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر

٭…162؍احباب جماعت کے علاوہ 22؍غیر از جماعت مہمانوں کی شرکت

جماعت احمدیہ لگزمبرگ کا پہلا جلسہ سالانہ مورخہ 20؍نومبر 2022ء کو اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور برکتوں کو سمیٹتے ہوئے منعقد ہوا۔ الحمدللہ

اس تاریخ ساز پہلے جلسہ سالانہ کے انتظامات کا آغاز مجلس عاملہ کے مشورہ سے افسر جلسہ سالانہ کے تقرر سے ہوا جس کی بعدازاں حتمی منظوری پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ سے لی گئی اور یوں جلسہ کی تیاری کا آغاز ہوگیا۔ چونکہ جماعت لگزمبرگ انتظامی طور پر جماعت احمدیہ جرمنی کے تحت ہے اس لیے سارے انتظامات امیر جماعت جرمنی مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب کی نگرانی میں بوساطت سیکرٹری تبلیغ جماعت جرمنی مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب ہوتے رہے۔

مورخہ 13؍ستمبر کو ہماری پہلی میٹنگ برائے جلسہ سالانہ لگزمبرگ مشن ہاؤس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ جرمنی نے کی اور دعا مکرم خالد لاگیٹ صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ لگزمبرگ نے کروائی۔ اس میٹنگ میں 2 نائب افسران کے تقرر کا اعلان کیا گیا۔ نیز درج ذیل شعبہ جات اور ان کے ناظمین مقرر کیے گئے:

ناظم ضیافت: مکرم محمد عثمان باجوہ صاحب سیکرٹری مال جماعت لگزمبرگ

ناظم رجسٹریشن: مکرم عمر وقار صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لگزمبرگ

ناظم ٹرانسپورٹ: مکرم عطاء الہادی صاحب سیکرٹری ضیافت جماعت لگزمبرگ

ناظم تیاری و وائنڈ اپ: مکرم ناصر احمد سلام صاحب صدر جماعت فرینزہائم (جرمنی)

ناظم پریس اینڈ میڈیا: مکرم فیضان احمد سلام صاحب

ناظم ترجمانی: مکرم منصور احمد صاحب (جماعت فرانس)

ناظم سمعی و بصری: مکرم احسن فہیم بھٹی صاحب (مربی سلسلہ) سیکرٹری سمعی و بصری جماعت جرمنی

ناظم سوشل میڈیا: مکرم شیراز احمد صاحب نگران سوشل میڈیا شعبہ تبلیغ جماعت جرمنی

جلسہ سے قبل دو ماہ کے دورانیہ میں چھ میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں تمام امور کا باریکی اور گہرائی سے جائزہ لیا جاتا رہا۔

جلسہ کے انعقاد کے لیے سب سے بڑا مرحلہ ایک مناسب ہال تلاش کر نا تھا جس کا انتظام مکرم صدر صاحب لگزمبرگ کے ذریعہ سے ہوا۔ دراصل یہ ہال ایک چرچ کا ہے جسے لگزمبرگ کی ایک ’’Stam von der Stroos” نامی فلاحی تنظیم نے کرائے پر لیا ہوا ہے جس میں الحمدللہ جماعت احمدیہ لگزمبرگ کو گذشتہ کئی ماہ سے غرباء کو مفت کھانا تقسیم کرنے کی سعادت مل رہی ہے۔ اسی وجہ سے انہوں نے جماعت کو یہ ہال مفت مہیا کردیا جسے اگر ہمیں کرائے پر حاصل کرنا پڑتا تو کم سے کم کرایہ 4000 یورو ہوتا۔ الحمد للہ

تقاریر کے موضوعات اور مقررین کا انتخاب بھی جلسہ سالانہ کے انعقاد میں بہت اہمیت رکھتا ہے چنانچہ اس مرحلہ کو بھی میٹنگز میں تفصیلاً بحث میں لاکر اس کا فیصلہ کیا گیا۔ چنانچہ جلسہ کے پروگرام کو دو اجلاسات میں تقسیم کرنے کے بعد پہلے اجلاس میں تین مقررین اور دوسرے اجلاس میں دو مقررین کا انتخاب کیا گیا۔ پہلے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم اشرف ضیاء صاحب امیر و مشنری انچارج آسٹریا (بعنوان حضرت مسیح موعودؑ کا انداز تبلیغ)، دوسری تقریر خاکسار مربی سلسلہ لگزمبرگ (بعنوان اطاعت خلافت) اور تیسری تقریر مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی (بعنوان خاتم النبیین کا حقیقی مفہوم) کی مقرر ہوئی۔ جبکہ دوسرے اجلاس کے لیے مکرم خالد لاگیٹ صاحب صدر جماعت لگزمبرگ (بعنوان خدا 21ویں صدی میں) اور مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزرصاحب امیر جماعت جرمنی (بعنوان موجودہ عالمی حالات اور خلیفہ وقت کی راہنمائی) کی تقاریر مقرر ہوئیں۔ ان احباب اور تقاریر کے موضوعات کی منظوری پیارے آقا کی خدمت اقدس سے حاصل کرنے کے بعد مذکورہ احباب کو مدعو کیا گیا جسے انہوں نے بصد احترام قبول کیا۔

معائنہ جلسہ سالانہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 19؍نومبر کو ہماری نوے فیصد تیاری ہو چکی تھی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب جرمنی نے جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ خاکسار (افسر جلسہ سالانہ) نے جلسہ کی تیاری رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں ناظمین و کارکنان کو نصائح کی گئیں۔ آخر پر تمام ناظمین و کارکنان کے لیے عشائیہ کا انتظام تھا۔

جماعتی روایت کے مطابق اجلاسات جلسہ کا آغاز تلاوت، نظم اور مقامی زبان میں ان کے ترجموں سے کیا گیا۔ لگزمبرگ کی مقامی زبان فرنچ ہے اس لیے ان پیش کردہ تمام تقاریر، تلاوت و نظموں کا ترجمہ فرنچ میں بھی پیش کیا گیا۔ چنانچہ پہلے اجلاس میں تلاوت مکرم محمد عثمان باجوہ صاحب نے جبکہ اردو ترجمہ مکرم منصور جاوید چٹھہ صاحب اور فرنچ ترجمہ عزیزم فصیح احمد سلام نے پیش کیا۔ اسی طرح نظم مکرم عمر وقار صاحب جبکہ فرنچ ترجمہ مکرم منصور احمد صاحب آف فرانس نے پیش کیا۔ دوسرے اجلاس میں تلاوت ہمارے شامی بھائی مکرم احمد جبان صاحب نے کی جس کا اردو ترجمہ ڈاکٹر وحید احمد صاحب اور فرنچ ترجمہ عزیزم فیضان احمد سلام نے پیش کیا۔ اسی طرح نظم مکر م مرتضیٰ منان صاحب نے پیش کی جس کا فرنچ ترجمہ کیمرون سے تعلق رکھنے والے بھائی مکرم لیون میعاب صاحب نے پیش کیا۔

جلسہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی حسبِ توفیق خاطر مدارات کی گئی۔ جلسہ کے دوران تمام وقت چائے کا بندوبست رہا جس کی ذمہ داری احسن طریق پر مکرم شہباز بٹ صاحب نے نبھائی۔ جبکہ غیر از جماعت مہمانوں جن کی تعداد 22 تھی، کی مہمان نوازی کے لیے باقاعدہ عشائیہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان کی خدمت میں ایک مزیدار اور بہت ہی خوبصورت کیک پیش کیا گیا جو بہت ہی زیادہ پسند کیا گیا۔ یہ کیک ہمارے بھائی مکرم شاہد بٹ صاحب آف جماعت وٹلش کی اہلیہ محترمہ نے تیار کیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر اور تشکر ہے کہ جلسہ کے کھانے کی تیاری کا انتظام جماعت وٹلش، جرمنی نے کیا تھا جو لگزمبرگ سے 150 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ کھانا تیار کرنے والی ٹیم نے مکرم افضل صاحب کی زیر نگرانی پس پردہ بڑی محنت سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دی۔ اللہ تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

جلسہ سالانہ منعقد کرنے کے لیے جو ہال ہمیں مہیا تھا وہ ضرورت سے کہیں زیادہ چھوٹا تھا۔ لیکن لگزمبرگ ایک نہایت ہی مہنگا ملک ہونے کے ساتھ ساتھ مذہب سے بالکل لاتعلق اور متنفر ہے۔ چنانچہ یہ ہال ملنا بھی ہمارے لیے ایک معجزہ سے کم نہ تھا وگرنہ کوئی بھی مذہبی اور خاص طور پر اسلامی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت ملنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔ چنانچہ اسی 150؍مربع میٹر کے ہال میں جلسہ منعقد کرنا کوئی آسان کام نہ تھا۔ جس میں 120؍افراد کے لیے جلسہ سننے، کھانا کھانے اور نمازیں ادا کرنے کا انتظام کرنا کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔ چنانچہ اس کام کے لیے مستعد ٹیمیں تیار کی گئیں جو وقت پر تیار اور اشارے کی منتظر تھیں۔ جیسے ہی پہلا اجلاس ختم ہوا 3 سے 5 منٹ کے اندر ایک ٹیم نے ہال میں موجود تمام کرسیاں اٹھا دیں اور دوسری ٹیم نے فقط 3 منٹ میں نماز کے لیے صفیں بچھا ڈالیں۔ جونہی نماز ختم ہوئی ایک ٹیم نے جو پہلے سے تیار تھی فوراً صفیں اٹھا کر 8 منٹ میں میز اور کرسیاں لگا کر اسی ہال کو ڈئننگ ہال میں تبدیل کر دیا۔ بعد ازاں ہال میں انہی میزوں کی صفائی کے بعد انہیں غیر از جماعت مہمانوں کے بیٹھنےکے لیے چھوڑ دیا گیا۔

پرچم کشائی

جلسہ سالانہ کا آغاز صبح گیارہ بجے پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ محترم امیر صاحب جرمنی نے لوائے احمدیت جبکہ محترم صدر صاحب لگزمبرگ نے لگزمبرگ کا جھنڈا لہرایا۔ پھر محترم امیر صاحب جرمنی نے دعا کروائی۔ بعد ازاں پہلا اجلاس مکرم امیر صاحب جرمنی کی صدارت میں شروع ہوا اور تین گھنٹہ قال اللّٰہ و قال الرسول سے احباب جماعت کے ایمانوں کو معطر کرنے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔

نماز ظہرو عصر کی ادائیگی اور دوپہر کےکھانے کے بعد غیر از جماعت احباب کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک ایک مہمان کو دروازہ پر خوش آمدید کہنے کے لیے فرنچ بولنے والے خدام موجود تھے اور ساتھ ہی انہیں ہال میں لاکر عزت و احترام سے کرسی پر بٹھا دیا جاتا تھا۔ جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ٹھیک اپنے وقت پر ساڑھے تین بجے شروع ہوگیا۔ تلاوت و نظم کے بعد تقاریر پیش کی گئیں اور بعد ازاں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر لگزمبر گ میں موجود ’’سمائلی کِڈز‘‘ یعنی مسکراتے بچے نامی ایک فلاحی تنظیم کو 500 یورو کا چیک پیش کیا گیا۔ اور یوں یہ جلسہ سالانہ بخیریت انجام پذیر ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام احباب کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ غیر از جماعت مہمانوں کے لیے بطور خاص بغیر مرچ کے مگر پر تکلف کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

جلسہ سالانہ لگزمبرگ کی کل حاضری 162تھی جن میں غیر از جماعت مہمانوں کی تعداد 22تھی جن میں لگزمبرگ، پرتگال، مراکش، شام، الجزائز اور فرانس سے تعلق رکھنے والے احباب شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور جلسہ کی تمام برکات سے نوازے۔ جلسہ سالانہ میں کسی بھی رنگ میں چھوٹی سے چھوٹی خدمت بجالانے والے کو اجر عظیم سے نوازے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو جماعت لگزمبرگ کی تعلیم و تربیت اور تبلیغ اسلام کے لیے ایک سنگ میل بنا دے۔ آمین

(رپورٹ: ظفراللہ سلام۔ افسر جلسہ سالانہ لگزمبرگ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button