حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…اردن میں افسانہ نویس قاسم توفیق کے ایک ناول کی اشاعت نے ملک میں ہلچل مچا دی ہے۔اراکین پارلیمنٹ نے ناول کے مواد پر اعتراض کیا کہ وزارت ثقافت نے ناول شائع کر کے اردن کی مذہبی اقدار کو ٹھیس پہنچائی۔ اراکین پارلیمنٹ نے خاتون وزیر ثقافت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اردنی وزارت ثقافت نے ناول کے حقوق خرید کر دوبارہ اشاعت کی تھی۔ عوامی ردعمل کے بعد اردنی وزارت ثقافت نے ناول کو واپس لے لیا تھا۔

٭… لبنان کی پارلیمان آٹھویں بار بھی ملک کا صدر منتخب کرنے میں ناکام رہی، صدر بننے کے لیے ابتدائی مرحلے میں دو تہائی اکثریت ہونا ضروری ہے۔ 128؍رکنی پارلیمان میں ووٹ دینے کے لیے 111؍اراکین سیشن میں موجود تھے، آزاد امیدوار مشکل موعود کو 37 ووٹ ملے جبکہ 52 ووٹ خالی رہے۔ زیادہ تر ارکان نے اپنے ووٹ احتجاجاً خالی چھوڑ دیے جس سے کسی بھی صدارتی امیدوار پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ پارلیمانی سپیکر نبی بیری نے آئندہ صدارتی اجلاس اگلی جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔

لبنان کے سابق صدر مشعل عون کی مدت اکتوبر کے اختتام پر ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے کسی سربراہ مملکت کا چناؤ نہیں ہوسکا۔

حکومت سازی کے خلا سے اس بات کا خدشہ ہے کہ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکجحاصل کرنے کے لیے درکار اصلاحات کا نفاذ نہیں ہوسکے گا۔ خیال رہے کہ لبنان کے معاشی دیوالیہ کو عالمی بینک نے جدید تاریخ میں بدترین قرار دیا ہے، ملک کی زیادہ تر آبادی غربت میں رہ رہی ہے۔

٭…ایران نے صوبہ خوزستان میں نئے جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ محمد اسلمی نے ٹی وی پر جاری کیے گئے بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ محمد اسلمی کے مطابق صوبے خوزستان کے ضلع درخوین میں 300 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر میں سات سال لگیں گے۔اس جوہری پاور پلانٹ کی لاگت ڈیڑھ سے دو ارب ڈالرز متوقع ہے۔

٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارتی حکام پر فائرنگ کی گئی ہے۔ گولی لگنے سے پاکستانی ناظم الامور کا گارڈ زخمی ہو گیا،اُس کے سینے میں تین گولیاں لگیں،جسےہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ اس وقت ہوئی جب ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے۔ ناظم الامور اور دیگر حکام کو وقتی طور پر پاکستان واپس بلایا جارہا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر قاتلانہ حملے کی مذمت اورفوری تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جرأت مند سیکیورٹی گارڈ کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے سفارتی عملے کی جان بچانے کے لیے گولی کھائی۔

٭…یورپین یونین نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک پیغام میں یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلا مصرالی نے کہا کہ یونین افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارت خانے پر حملے سے پریشان ہے۔ لیکن یہ جان کر تسلی ہوئی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حملے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’’یورپی یونین افغانستان میں بشمول سفارتی برادری کے، تمام دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتی ہے۔‘‘

٭…روسی وزارت خارجہ نے روسی تیل کی قیمت کی حد مقرر کرنے کی یورپی ممالک کی تجویز پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کی روسی تیل کی قیمت پر تجویز عالمی منڈی کے طریقہ کار کے خلاف ہے۔روسی تیل کی قیمت کی حد مقرر کرنے سے تیل کی فراہمی متاثر ہوگی۔ یورپی تجویز پر عملدرآمد سے عالمی توانائی منڈی کی صورت حال خراب ہوگی۔ روسی تیل کی قیمت کی حد مقرر کرنے والے ممالک کو روس تیل نہیں دے گا۔

٭…برطانیہ کے سینئر پولیس افسر نیل باسو نےبرطانوی چینل کو انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ شاہی خاندان کے ساتھ رہائش کے دوران میگھن مارکل کو قتل سمیت سنگین دھمکیوں کا سامنا رہا۔ انسداد دہشتگردی سربراہ کی حیثیت سے مجھے انتہاپسندوں کی طرف سے میگھن مارکل اور ان کے خاوند شہزادہ ہیری کو دی جانے والی دھمکیوں سے نمٹنا ہوتا تھا۔یاد رہے کہ ان دعووں سے شہزادہ ہیری کے ان خدشات کی تصدیق ہوئی جن میں انہوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے متعلق آگاہ کیا تھا۔

٭…افغانستان میں کابل سے دو سو کلومیٹر دور شمال میں ایبک شہر کے ایک مدرسے میں بم دھماکے سے 19؍افراد جاں بحق جبکہ 27؍ زخمی ہوگئے۔مقامی ہسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

٭…امریکی محکمہ خارجہ نے قطر کو ایک ارب ڈالر مالیت کے اینٹی ڈرون سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی۔ پنٹاگون کے مطابق تین امریکی کنٹریکٹرز اینٹی ڈرون سسٹم قطر کو فروخت کریں گے۔ پینٹاگون نے اس حوالے سے امریکی کانگریس کو آگاہ کر دیا ہے، آئندہ منگل کو کنٹریکٹرز اور قطر کے درمیان معاہدہ متوقع ہے۔

پنٹاگون نے کہا ہے کہ قطر کو اینٹی ڈرون سسٹم فروخت کرنے کے بعد اس کی تربیت اور کارکردگی برقرار رکھنے کے لیے امریکی حکومت اور کنٹریکٹرز کے نمائندے درکار ہوں گے۔ رواں برس کے آغاز پر صدر جو بائیڈن نےامیر قطر شیخ تمیم بن الثانی سے ملاقات کے دوران قطر کو امریکہ کا اہم اتحادی ملک قرار دیا تھا۔

٭…عالمی دہشتگرد تنظیم ’’داعش‘‘کا سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی شام کے صوبہ درعا میں ایک آپریشن کے دوران مارا گیا۔ جس کی امریکہ نے تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب داعش نے اپنے سربراہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے متبادل کے طور پر نئے سربراہ ابو الحسین الحسینی القریشی کا نام دیا ہے۔

٭…کینیڈا کے صوبہ سیسکچیوان میں ایک گاؤں کے قریب مال بردار ٹرین کی 20 بوگیاں پٹری سےاترگئیں، جس کے نتیجے میں خوفناک آگ لگ گئی۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مال بردار ٹرین میں آگ لگنے سے علاقے میں دو کلومیٹر حد نگاہ متاثر ہوگئی جبکہ قریبی ہائی وے کو بھی ٹریفک کےلیے عارضی بند کردیا گیا۔ حکام نےڈرائیورز کو علاقے میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کچھ قریبی گھروں کو بھی خالی کرایا گیا ہے۔ کینیڈین پیسیفک ریلوے نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

٭…ایران کے جنوبی علاقے میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے جھٹکے متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کیے گئےتاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔دبئی، ابو ظہبی اور امارات کے شمالی علاقوں میں درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کا مرکز خلیج میں واقع اہم بندرگاہ والا شہر بندر عباس سے سو کلومیٹر دور تھا۔ دو ہفتے قبل بھی ایران میں 5.3 شدت کے زلزلے کے بعد جھٹکے یو اے ای میں محسوس کیے گئے تھے۔

٭…برازیل کے جنوبی حصے کی ریاست پارانا میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میںدو افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتا ہوگئے ہیں۔ کئی دنوں سے جاری بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث اہم بندرگاہ سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی ہائی وے کا ایک حصہ بھی ٹوٹ گیا جبکہ سڑک پر موجود 20کاریں اور ٹرک بھی ریلے کے ساتھ بہ گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق خراب موسم اورمضافاتی علاقے کی وجہ سے لاپتا افراد کی تلاش کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش میں مدد کےلیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

٭…امریکی بحریہ کے مطابق 29؍نومبر کو کیلیفورنیا کے قریب موجود امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہازیو ایس ایس ابراہم لنکن میں آگ لگ گئی۔ جہاز کے عملے نے فوری طور پر آگ بجھائی، نو اہلکار معمولی زخمی ہوئے اور انہیں جہاز پر ہی طبی امداد دی گئی۔ یاد رہے کہ تقریباً ڈھائی برس قبل امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس بونہوم رچرڈ پر آتشزدگی سے 21؍اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ بحری جہاز کو اتنا نقصان پہنچا کہ اسے سکریپ کر دیا گیا۔

٭…لندن سے وزیر جیل خانہ جات ڈامیان ہنڈز نے کہا کہ ملک میں جیلیں قیدیوں سے بھر گئیں، جگہ ختم ہوچکی ہے۔ جگہ کی کمی سے نمٹنے کے لیے پولیس کو 400سیل استعمال کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ رواں ماہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد اچانک بڑھی۔ 2007ء کے بعد پہلی مرتبہ آپریشن سیف گارڈ شروع کرنے کی ضرورت پڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں میں اضافے کی وجہ کریمنل بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال بھی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے زیادہ لوگوں کو ریمانڈ پر رکھنا پڑا۔ لیبر پارٹی کا حکومت پر جیلوں میں دس ہزار قیدیوں کی گنجائش ختم کرنے کا الزام ہے۔

٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کی راہداری کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے۔ہم اپنی جنوبی سرحدوں پر تیس کلو میٹر طویل حفاظتی پٹی کے قیام کو پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائیں گے۔ دہشت گرد تنظیم اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے حملے اور گندے عزائم ہمیں اس مصمم ارادے سے ہٹا نہیں سکیں گے۔یہ تنظیم ہمارے بچوں اور خواتین کی تفریق کیے بغیر قتل و غارت کرتی ہے۔ اب موجودہ ترکی پرانے ترکی سے بہت مختلف ہے۔ کوئی بھی ہماری سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

٭…دنیا بھر میں کسی بھی مقام پر ایٹم بم حملے کی صلاحیت رکھنے والا بی ٹونٹی ون طیارہ امریکی فضائیہ میں شامل کر لیاگیا، بی ٹوئنٹی ون بظاہر بی ٹو طیارے سے مشابہ لیکن صلاحیتوں میں اس سے کہیں آگے ہے۔ طیارے کی لاگت کا تخمینہ دو ہزار دس میں ساڑھے پانچ سو ملین ڈالر لگایا گیا تھا لیکن افراط زر کی موجودہ صورت حال میں اس کی قیمت سات سو پچاس ملین ڈالرز ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بی ٹوئنٹی ون ریڈر کو تین دہائیوں سے زائد عرصہ میں پہلا سٹریٹجک بمبار طیارہ قرار دیا۔ بی ٹوئنٹی ریڈر طیارے میں دوران پرواز فیول بھرا جا سکتا ہے، بی ٹوئنٹی ون ریڈر طیارہ روایتی اور غیر روایتی دونوں طرح کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

٭…جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے چوری سکینڈل کے باوجود استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر کے ترجمان نے کہا کہ صدر ناقص رپورٹ کی بنیاد پر استعفیٰ نہیں دے رہے بلکہ ڈٹ کر اس سازش کا مقابلہ کریں گے، وہ افریقی نیشنل کانگریس پارٹی کے راہنما کے طور پر دوسری مدت کےلیے بھی کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے سابق انٹیلی جنس افسر نے الزام لگایا تھا کہ صدر رامافوسا نے اپنے گیم فارم سے چار ملین ڈالر کی چوری چھپائی، صدر نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رقم پانچ لاکھ اسّی ہزار ڈالر تھی نہ کے چار ملین ڈالر۔

٭…یوکرین کا نقصان پورا کرنے کےلیے یورپی یونین، روس کے تین سو بلین یورو سے زائد مالیت کے منجمد اثاثوں کو استعمال کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ یورپی یونین کی سربراہ اُرسولا وان ڈر لئین نے کہا کہ جنگ میں یوکرین کو اس وقت تک 600 بلین یورو کا نقصان پہنچ چکا ہے، روس اور اس کے امراء طبقے کو اس تباہی کا ہرجانہ ادا کرنا اور ملک کی تعمیرِ نو کےلیے ضروری مصارف کو پورا کرنا چاہیے۔ مذکورہ ساخت اپنی آمدنی کو یوکرین میں استعمال کر سکے گی اور جنگ کے خاتمے کے بعد ان فنڈوں کو یوکرین کو پہنچائے گئے نقصان کے مکمل ہرجانے کے طور پر استعمال کیا جائے گا، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر جلد قانونی راستے تلاش کریں گے۔

٭… منگولیا کے صدر نے اپنے دورہ جاپان کے دوران ٹوکیو میں جاپان کے وزیر اعظم کےساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیہمیں دونوں راہنماؤں نے شمالی کوریا سے میزائل تجربات اور جوہری پروگرام بند کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شمال مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کےلیے پیانگ یانگ انتظامیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں پر عمل کرے۔ اعلامیے میں دونوں ممالک نے شمالی کوریا کے زیرِ تحویل جاپانی شہریوں کی واپسی کے مسئلے کو بھی فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button