متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (چہرے کی علامات) (قسط4)

(ڈاکٹر طاہر حمید ججہ)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

میگنیشیا کارب

Magnesia carbonica

(Carbonate of Magnesia)

٭…ایسے مریض جن میںسل کی علامات ظاہر ہونے لگیں۔ چہرہ زرد ہو جائے۔اگر دیگر علامتیں کسی معین دوا کی طرف اشارہ نہ کریں تو میگنیشیا کارب استعمال کریں۔ (صفحہ570)

٭…اس کی سب بیماریوں میں خشکی بھی پائی جاتی ہے اور معدے میں کھٹاس ہوتی ہے۔ کھانسی بھی خشک ہوتی ہے۔ گلے میں خراش ہوتی ہے۔ چہرے پر دق کے اثرات ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ بعض دفعہ کھانسی کے خشک ہونے کے باوجود معمولی سی بلغم بھی نکلتی ہے۔ (صفحہ570)

مینگینم

Manganum aceticum

(Manganese Acetate)

٭…چہرہ بالکل پھیکا، بے رونق اور زرد ہو جاتا ہے۔ ایسے چہرہ میں مینگینم بہت نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ (صفحہ580)

ملی فولیم

Millefolium

(Yerrow)

٭…عموماً سر کی طرف خون کے دوران کا احساس ہوتا ہے، سر کے دائیں جانب دباؤ، پپوٹوں اور پیشانی کے عضلات میں اینٹھن ہوتی ہے، حرکت کرنے سے چکر آتے ہیں اور کان بند ہونے کا احساس ہوتا ہے لیکن ساتھ ہی ان سے ٹھنڈی ہوا نکلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ دوپہر کو سونے کے بعد سر بھاری ہوجاتا ہے۔ مریض کو ہر وقت یہ احساس رہتا ہے کہ وہ کچھ بھول گیا ہے۔ چہرے پر گرمی اور حدت محسوس ہوتی ہے۔ منہ بہت خشک رہتا ہے۔(صفحہ603)

میوریٹک ایسڈ

Muriaticum acidum

٭…میوریٹک ایسڈ میں سردرد بہت شدید ہوتا ہے جس سے نظر بھی دھندلا جاتی ہے اور نظر پر زیادہ دباؤ ڈالا جائے تو درد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ چہرہ پر دانے نکلتے ہیں، ہونٹ خشک ہو کر پھٹ جاتے ہیں، زبان پیلی پیلی اور سوجی ہوئی اور بالکل خشک ہوتی ہے اور کئی دفعہ زبان اور منہ میں السر بھی ہو جاتے ہیں۔ مسوڑھے بھی سوجے ہوئے ہوتے ہیں اور ان سے خون بھی نکلتا ہے۔ دانت ہلنے لگتے ہیں۔ (صفحہ608)

نیٹرم کاربونیکم

Natrum carbonicum

(Carbonate of Sodium)

٭…نیٹرم کارب میں ناک کی بیرونی سطح پر ہی بلکہ ناک کے اندر بھی زخم بننے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ سخت بدبودار نزلہ ہوتا ہے جو دائمی شکل اختیار کر لیتا ہے اور گلے میں ہر وقت خراش پیدا کرتا ہے۔ قوت شامہ بھی ختم ہو جاتی ہے۔ عام طور پر چہرہ زرد ہوتا ہے۔ آنکھوں کے گرد حلقے، منہ میں زخم اور چھالے بن جاتے ہیں۔ خصوصاً دودھ پلانے والی عورتوں کے منہ کے چھالوں میں نیڑم کارب بہترین دوا ہے۔ (صفحہ613)

٭…نیٹرم کارب میں آنکھوں کے سامنے سیاہ رنگ کے دھبے آتے ہیں۔آنکھ کھلنے پر نظر دھندلی محسوس ہوتی ہے۔ آنکھوں میں سوئیاں چبھتی ہیں اور جلن ہوتی ہے۔ کانوں میں تیز چبھنے والا درد ہوتاہے۔ منہ پر بھورے تل، پیلے دھبے اور کیل بن جاتے ہیں۔ چہرےکا رنگ زرد ہوتاہے، آنکھوں کے گرد نیلے حلقے پڑ جاتے ہیں اور پپوٹے متورم ہو جاتے ہیں۔(صفحہ614-615)

اوپیم

Opium

(Dried Latex of the Poppy)

٭…عورتوں میں کسی خوف کے نتیجہ میں حیض کا خون بند ہوجاتا ہے۔ وضع حمل کے وقت دردیں رک جاتی ہیں، مریضہ پر غشی طاری ہوجاتی ہے اور جھٹکے لگتے ہیں۔ اچانک بے ہوشی اور غنودگی کا دورہ پڑتا ہے۔ بعض اوقات خوف کی وجہ سے حمل ضائع ہونے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے۔ مریض کو سانس لینے میں دقت آتی ہے۔ سینے میں جلن محسوس ہوتی ہے۔ کھانسی کے ساتھ چہرہ نیلا ہو جاتا ہے جس میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں۔ (صفحہ650)

فاسفورس

Phosphorus

٭…چہرہ کے اعصابی دردوں میں فاسفورس بہترین دوا ہے۔علاوہ ازیں حسب ذیل دوائیں مختلف اجتماعی نسخوں کی شکل میں اچھا کام کرتی ہیں۔ سپائی جیلیا، سلیشیا، فاسفورس اور میگ فاس۔ فاسفورس کو سپائی جیلیا کے ساتھ ملا کر دیا جائے تو یہ چہرے کے بائیں طرف کے نوریلجیا(Neuralgia) کا اچھا نسخہ ثابت ہوتا ہے۔ اگر نوریلجیا دائیں طرف ہو تو اس میں سلیشیا، میگ فاس کے ساتھ ملا کر دینا بہت مفید ثابت ہوتا ہے اور فاسفورس کو اس نسخہ میں بھی ملایا جاسکتا ہے۔(صفحہ660)

٭…فاسفورس میں قوتِ سامعہ بھی متاثر ہوتی ہے۔ آوازوں کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ چہرہ زرد، آنکھوں کے گرد نیلگوں حلقے، جبڑے کی ہڈی میں درد اور سوزش اور منہ میں زخم جن میں خون بہنے کا رجحان ہو۔ عورتوں کو کپڑے دھونے کے بعد اعصابی درد شروع ہو جاتے ہیں۔ دانتوں میں بھی درد ہوتاہے۔ فاسفورس کا مریض بہت بے چین اور پریشان رہتا ہے۔ (صفحہ661)

پلاٹینم

Platinum

(Platina)

٭…ناک کی جڑ میں بھی تشنج ہوتا ہے جو بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ماؤف جگہ شکنجہ میں جکڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔چہرے پر اعصابی درد ہوتا ہے اور ہڈیوں میں بے حسی کا احساس ہوتا ہے۔(صفحہ674)

پلمبم میٹیلیکم

Plumbum metallicum

٭…پلمبم کی علامتیں اوپیم سے بھی ملتی ہیں۔ اپوپلیکسی (Apoplexy) میں اچانک خون کا رجحان سر کی طرف ہو کر رگ پھٹ جائے، چہرہ سرخ ہو اور آنکھ کی پتلیاں پھیل جائیں تو اکثر یہ علامات موت پر منتج ہوتی ہیں۔اگر شروع میں ہی اونچی طاقت میں آرنیکا اور اوپیم دے دی جائیں تو بہت مفید ثابت ہوتی ہیں۔ (صفحہ679)

٭…آنکھ کی پتلی سکڑ جاتی ہے اور آنکھیں زرد ہو جاتی ہیں۔ بعض اوقات اچانک بے ہوشی طاری ہو جاتی ہے اور نظر ختم ہو جاتی ہے۔ چہرے کا رنگ زرد، گال مرجھائے ہوئے اور جلد چکنی اور چمکیلی سی ہو جاتی ہے اور گہرے بھورے داغ پڑ جاتے ہیں۔(صفحہ680)

پیولیکس اری ٹینس

Pulex irritans

٭…سر درد عموماً سامنے کے حصہ میں اس احساس کے ساتھ کہ آنکھیں بڑی بڑی ہیں۔چہرہ جھری دار اور وقت سے پہلے بوڑھا لگنے والا۔ (صفحہ687)

پلسٹیلا

Pulsatilla

(Wind Flower)

٭…عورتوں کے حیض ختم ہونے کے زمانے میں پیدا ہونے والی تکلیفوں میں پلسٹیلا بہترین دوا بیان کی جاتی ہے۔ اسے لیکیسس یا بیلاڈونا سے ملا کر دینے سے کافی مفید نتائج نکلتے ہیں۔عموماً چہرے پر گرم ہوا کے جھونکے محسوس ہوتے ہیں اور چہرہ سرخ ہو جاتا ہے۔ خون کی کمی کی شکار عورتوں میں حیض کا وقت لمبا ہو جائے تو خون پتلا ہو جاتا ہے۔ چونکہ پلسٹیلا خون کی کمی کی بھی بہترین دوا ہے۔(صفحہ691)

٭…اس دوا کی ایک خاص علامت یہ ہے کہ جسم میں ایک طرف گرم اور ایک طرف ٹھنڈی ہوتی ہے۔ یہ گرمی سردی کا فرق ہاتھ لگنے سے بھی محسوس ہوتاہے۔ چہرہ ایک طرف سے تمتمایا ہوا اور دوسری طرف سے ٹھنڈا اور زرد گویا خون نہیں رہا۔ یہ ایک ایسی نمایا ں علامت ہے جس کے نتیجہ میں پلسٹیلا کی پہچان مشکل نہیں رہتی۔ (صفحہ692)

٭…پلسٹیلا میں چہرے کے دائیں طرف اعصابی درد ہوتا ہے۔ نیچے کا ہونٹ سوج کر موٹا ہو جاتا ہے۔ یہ تکلیف عموماً شام کو بڑھتی ہے۔ شام کو اور رات کے وقت خشک کھانسی بھی اٹھتی ہے۔(صفحہ697)

ریڈیم برومائیڈ

Radium bromide

٭…ریڈیم برومائیڈ کو عام طور پر چہرے کے کیل مہاسے اور پھنسیوں کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ اگر رحم میں زندہ جنین کی بجائے ایک بے جان سا لوتھڑا بننا شروع ہو جائے تو بعض اطباء اس کو نکالنے کے لیے بھی اسے مفید بیان کرتے ہیں۔ کینسر کی روک تھام اور علاج میں بھی یہ مفید ہے۔ وہ پھوڑے پھنسیاں جو لمبے عرصہ تک چلیں اور مزمن شکل اختیار کر جائیں ان کے علاج کے دوران ریڈیم برومائیڈ (ریڈیوبرومیٹم) کو نہ بھولیں۔( صفحہ703)

رس ٹاکسی کوڈینڈران

(رسٹاکس)

Rhus Toxicodendron

٭…جزوی فالج میں جس کا تعلق محض چند عضلات سے ہو کاسٹیکم لاجواب دوا ہے، خصوصاً چہرے کے دائیں طرف کے فالج میں تو اس کا کوئی بدل نہیں۔(صفحہ 711)

٭…رسٹاکس میں چہرے اور سر کی طرف خون کا دوران ہوتا ہے۔ جلد دکھتی ہے اور سرخ اور متورم ہو جاتی ہے۔ شدید کھجلی ہوتی ہے۔ ایگزیما کے چھالوں پر کھرنڈ بن جاتے ہیں۔(صفحہ712)

٭…منہ میں زخم اور چھالے بن جائیں اور سرخ رنگ کی کچی کچی سطح نظر آئے اور رسٹاکس بالمثل دوا ہو تو اس میں بھی اچھا کام کرے گی۔ منہ کی تکلیفوں میں اس کی خاص پہچان یہ ہے کہ منہ میں دھات کا سا مزہ آنے لگتا ہے جیسے بیڑی کے سیل کو زبان لگائی جائے تو عجیب سا احساس ہوتاہے۔ زبان سرخ اور زخم سی ہو جاتی ہے۔ منہ اور ٹھوڑی کے اردگرد آبلے بن جاتے ہیں۔ حلق کے غدود سوج جاتے ہیں اور گلے میں سوزش ہوتی ہے۔ چھالے پڑ جاتے ہیں۔ خوراک نگلنی بہت مشکل ہوتی ہے۔ رسٹاکس خوراک کی نالی کی اس قسم کی انفیکشن میں بہت مفیدہے۔(صفحہ712-713)

سبائنا

Sabina

(Savine)

٭…سبائنا گنٹھیا میں بھی مفید دوا ہے اور اس میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ سبائنا کے خون بہنے کا رجحان صرف گنٹھیا کی موجودگی میں رک جاتا ہے۔ اگر گنٹھیا ٹھیک ہو جائے تو خون بہنے لگے گا اور اگر خون بہنا رکے تو گنٹھیا کی تکلیف ہو جائے گی۔ گاؤٹ یعنی گنٹھیا کی تکلیف گرم کمرے میں زیادہ ہو جاتی ہے۔ جوڑ سوزش سے سرخ اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔ سینے میں جلن ہوتی ہے اور منہ کا مزہ کڑوا ہو جاتا ہے۔ پیٹ میں درد ہوتاہے، سر میں اچانک درد شروع ہو جاتا ہے جو آہستہ آہستہ ٹھیک ہوتا ہے۔ چہرہ اور سر پر خون کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ چباتے ہوئے دانتوں میں درد ہوتا ہے۔ ہر وقت پیٹ بھرے ہونے کا احساس رہتا ہے۔ سبائنا میں صرف قبض بھی پائی جاتی ہے۔(صفحہ729)

سینگونیریا

Sanguinaria

(Blood Root)

٭…سینگونیریا (Sanguinaria) انگریزی لفظ Sanguine سے ماخوذ ہے جس کے معنی ’’خون کے رنگ کا ‘‘ اور’’خون آشام‘‘کے ہیں۔ یہ نام ہی اس دوا کے بھرپور مزاج کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے مریض کے منہ پر سرخی اور تمتماہٹ پائی جاتی ہے۔ جلن اور سرخی اس دوا کا خاصہ ہے۔(صفحہ731)

٭…سینگونیریا کے مریض کے چہرے پر مستقل سرخی آجاتی ہے۔(صفحہ732)

سینیشواورس

Senecio aureus

(Golden Ragwort)

٭…سر درد میں تیزی پائی جاتی ہے مگر بد حواس سا کر دیتی ہے۔ بعض دفعہ بائیں آنکھ میں تیز درد اٹھتا ہے جو بائیں کنپٹی کی طرف بڑھتا ہے۔ چھینکیں آتی ہیں اور گلے میں جلن کا احساس ہوتاہے۔ دانت بہت حساس ہو جاتے ہیں۔ چہرے کے بائیں طرف درد ہوتا ہے۔ منہ، تالو اور گلا خشک ہوتے ہیں اور نگلنے میں دقت محسوس ہوتی ہے۔(صفحہ741-742)

سیپیا

Sepia

(Inky juice of Cuttle Fish)

٭…ایسی حساس عورت جس کے جذبات منجمد ہو گئے ہوں اور اس کے چہرے اور ناک پر داغ ہوں تو اس کے علاج میں سیپیا فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ (صفحہ746)

٭…بعض عورتوں کے چہرہ پر حمل کے دوران چھائیاں پڑ جاتی ہیں اور چہرہ بے رونق نظر آتا ہے۔سیپیا میں بغیر حمل کے بھی یہ علامتیں ظاہر ہوتی ہیں۔ بھورے رنگ کے مسے بھی نکلتے ہیں اور ان میں کالے کالے دھبے بننے لگتے ہیں۔ یہ علامت خاص طور پر سیپیا سے تعلق رکھتی ہے۔ (صفحہ746)

سپائی جیلیا

Spigelia

(Pink Root)

٭…چہرے کے بائیں طرف کے اعصابی دردوں میں بہت موثر ہے۔ اس کے بارے میں اکثر قابل ہومیوپیتھک معالجین کا کہنا ہے کہ گردن سے لے کر چہرے تک کے کوئی اعصابی درد سپائی جیلیا کے دائرہ کار سے باہر نہیں۔ (صفحہ761)

٭…آنکھیں روشنی سے زود حس ہوتی ہیں۔ آنکھوں سے پانی بہتا ہے۔ چہرے کا اعصابی درد رخساروں کی ہڈیوں، آنکھوں، آنتوں اور کنپٹیوں تک پھیل جاتا ہے۔ جھکنے سے تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے۔ (صفحہ763)

سٹینم

Stannum metallicum

(Tin)

٭…سٹینم میں ایک خاص بات یہ ہے کہ اگر سردی لگے تو اعصاب پر حملہ ہو جاتا ہے اور منہ پر اعصابی دردیں شروع ہو جاتی ہیں۔( صفحہ770)

سلفر

Sulphur

(Sublimated Sulphur)

٭…سلفر عورتوں کے سن یاس میں بھی کام آتی ہے یعنی اس عمر میں جس میں عورتوں کا حیض بند ہو رہا ہو اس دور میں عورتوں کے چہرے اور سر پر گرمی کی لہری محسوس ہوتی ہے۔ بعض دفعہ دل پر بھی خون کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔(صفحہ782)

٭…اگر دائیں طرف شدید قسم کا اعصابی درد ہوتو اس میں بھی سلفر کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔اگرہونٹ کٹے پھٹے ہوں اور ان میں زخم بنتے ہوں تو سلفر بھی بالمثل دواؤں میں سے ایک دواہے۔ (صفحہ785)

سلفیوریکم ایسیڈم

Sulphuricum acidum

(Sulphuric acid)

٭…بعض دفعہ جلد پر بلاوجہ سرخ خون کے دھبے پڑ جاتے ہیں۔ یہ دھبے سیاہی مائل بھی ہوتے ہیں جو کچے کچے اور بہت بدزیب نظر آتے ہیں۔ چہرے پر بعض بہت سی ایسی بیماریاں ظاہر ہوتی ہیں جن کی تشخیص معالجین کے لئے بہت مشکل کام ہے۔ سلفیورک ایسڈ کے مزاج میں اس قسم کا اندرونی جریان خون داخل ہے۔ (صفحہ788)

ٹیوبر کیولینم

Tuberculinum

(A Nosode from Tubercular abscess)

٭…ایشیائی اور افریقن ممالک میں غربت کی وجہ سے ملیریا عام ہے۔ چہرے زرد، پھیکے اور بے رنگ پڑ جاتے ہیں۔پھیپھڑوں کی تکلیفیں، کھانسی، دمہ وغیرہ عام ہوتی ہیں۔ ٹیوبر کیولینم سے دمہ کا مؤثر علاج کیا جاسکتا ہے۔ کیونکہ سلی امراض بھی دمہ میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔(صفحہ800)

زنکم

Zincum metallicum

(Zinc)

٭… زنک کے ٹکسالی کے مریض کا چہرہ زردی مائل اور جھری دار ہوتاہے۔ ایسا مریض ہمیشہ ٹھنڈا رہتا ہے۔ جب ذہن پر اثر ہونے لگے اور یادداشت جواب دینے لگے تو پہلی علامت یہ ظاہر ہوتی ہے کہ مریض سوال کو پہلے دہراتا ہے پھر جواب دیتا ہے۔ذرا سے اچانک شور سے اس کا جسم لرز اٹھتا ہے۔زنک کا مریض اگر مفلوج ہو جائے تو اس کے چہر ہ پر جو بڑھاپے کے آثار ظاہر ہوتے ہیں۔اگر چہ وہ اسے بھر پور بڑھاپے سے پہلے ہی بوڑھا دکھانے لگتے ہیں۔ لیکن زنک کے مریض میں جوانی کے عالم میں یہ علامتیں ظاہر نہیں ہوا کرتیں۔ یہ سارسپریلا اور ایگیریکس کا خاصا ہے کہ چھوٹی سی عمر میں ہی مریض بوڑھادکھائی دے گا۔ سارسپریلا میں تو بعض بچے بھی بوڑھے لگتے ہیں۔ (صفحہ807)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button