اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستہائے دعا

٭… لئیق احمد مشتاق صاحب مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے ماموں زاد بھائی شیخ وحید احمد صاحب ابن محترم شیخ صدیق احمد ساکن دنیاپورضلع لودھراں کے دونوں گردے ناکارہ ہوگئے ہیں۔ گذشتہ ہفتے کے دوران ہسپتال میں ڈاکٹرز نے تین روز میں تین بار ان کا ڈائلیسز کیا اور آئندہ اس سلسلے کو جاری رکھنے کا کہہ کر گھر بھجوا دیالیکن موصوف گذشتہ دو دن سے کومہ میں ہیں اور حالت تشویشناک ہے۔

٭… خاور گل صاحب بریڈفورڈنارتھ تحریر کرتے ہیں کہ میرے بھانجے عزیزم شاہزیب احمد لندن کی موٹرسائیکل سے گرنےسے ایک ٹانگ میں فریکچر ہو گیا تھا جس کی کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔عزیزم ابھی ہسپتال میں زیرِعلاج ہے۔

٭… عبدالحئی خان صاحب صدر جماعت رچمنڈ پارک تحریر کرتے ہیں کہ ہسپتال میں خاکسار کے برین ٹیومر کے ضروری چیک اپ اور ٹیسٹ ہوئے ہیں اور اب ۱۲؍جنوری کو سرجری اور پھر سرجری کے بعد کاضروری علاج بھی ہو گا۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ مولاکریم اپنے فضل سے سب بیماروں کو معجزانہ طور پرشفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ہرقسم کی پریشانی سے محفوظ ومامون رکھے۔ آمین

تقریبِ آمین

٭…عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر تنزانیہ و پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے گذشتہ دنوں خاکسار کے چھوٹے بیٹے عزیزم فاران محمود بھٹی نے قرآن کریم کا پہلا دَور مکمل کیاہے۔ عزیزم کی عمر سات برس ہے اور پہلی جماعت کا طالب علم ہے۔

مورخہ 2؍نومبر2022ء کو محترم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے تقریبِ آمین میں عزیزم سے قرآن کریم سنا، سند خوشنودی سے نوازا اور پھر دعا کروائی۔

تقریب میں تلاوت کی سعادت عزیزم کے بڑے بھائی خاقان احمد بھٹی نے حاصل کی، جس کے بعد ان کی ہمشیرہ عزیزہ علیشا عابد بھٹی نے نظم پڑھی۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیزم فاران کو قرآن کریم کے نور سے منور رکھے، اور قرآن کریم کی تعلیم کا فہم عطا فرمائے اور تمام عمر اس پر کاربند رہنے کی توفیق دے۔ آمین

سانحہ ارتحال

٭…خواجہ صفی الدین قمر صاحب انسپکٹر بیت المال آمد (ریٹائرڈ) حال کارکن امور عامہ لندن تحریر کرتے ہیں کہ میرے برادرِ نسبتی خواجہ منور احمد صاحب ولد خواجہ محمد شریف مرحوم شریف ہوٹل گولبازار ربوہ مختصر بیماری کے باعث ہمبرگ جرمنی میں مورخہ 12؍ نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ خلافت کے ساتھ انتہائی عقیدت و اخلاص و محبت کا تعلق تھا۔ مرحوم دعا گو، صوم و صلوٰۃ کے پابند ، تہجد گذار، چندوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ، مہمان نواز ، خوش گفتار ، صلہ رحمی کرنے والے، سخاوت کرنے والے ، متوکل علی اللہ ، ملنسار ، ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم کرنے والےاور ضرورت مندوں کی پوشیدہ مدد کرنے والے تھے۔

علاقہ احمد نگر ربوہ میں بے لوث رفاہی اور بھلائی کا کام انجام دینے والے تھے۔ خاندانی ، فروہی ، زمینداروں کے جھگڑوں کو سلجھانے کا خاص ملکہ رکھتے تھے ۔ خلفائے احمدیت کے ہر حکم کو صدق دل سے قبول کرنے والے با وفا شخصیت کے مالک تھے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒ کے حکم پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒکے ساتھ بھٹو کے انتخاب کے ضمن میں ملک کے طول و عرض میں دورے کیے ۔ صدرصاحب عمومی ربوہ کی زیرنگرانی ربوہ و دیگر شہروں کے بے شمار خاندانی زمینداروں کے جھگڑوں کو سلجھا کر صلح و صفائی کروائی ۔ زمیندارہ و تجارت کا وسیع تجربہ رکھتے تھے۔ زیادہ گندم اگوانے کے گورنمنٹ سے کئی انعام حاصل کیے۔کئی سال تک کوٹھی نواب میں نواب امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ کے متعدد مربعوں پر کاشت کرواتے رہے۔ آپ کے والد خواجہ محمد شریف مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔آپ کی پھوپھی مولانا جلال الدین شمس مرحوم کے بڑے بھائی خواجہ بشیر احمد مرحوم کے ساتھ بیاہی ہوئی تھیں۔ آپ کے والد صاحب کی پھوپھی مولانا قمر الدین فاضل مرحوم صدر اول مجلس خدام الاحمدیہ کی والدہ تھیں۔

پسماندگان میں آپ کی اہلیہ زکیہ بیگم صاحبہ حال جرمنی دو بیٹے خواجہ عطاءالنور اور خواجہ احمد صادق صاحب انگلینڈ 4بیٹیاں جرمنی اور 4پاکستان یادگار چھوڑے ہیں۔

آپ خواجہ محمد حنیف النعمت ہوٹل ربوہ اور خواجہ مجید احمد مرحوم کے چھوٹے بھائی تھے علاوہ ازیں حضرت مرزا منصور احمد مرحوم کے ساتھ بھی محبانہ والہانہ اور عارفانہ تعلق تھا۔ زمیندارانہ صلاح مشورے چلتے رہتے تھے۔

برادرم مرحوم نے بھرپور اور مثالی زندگی گزار کر 79 سال کی عمر میں وفات پائی ۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے جوار رحمت میں بلند جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دےاور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

الفضل انٹرنیشنل میں مضامین؍رپورٹس اور اعلاناتِ دعا بھجوانے کے لیے:

Whatsapp/Telegram: +44 7566 234466 email: info@alfazl.com

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button