ایشیا (رپورٹس)

بُک فیئر لکھنؤ، بھارت میں جماعت احمدیہ کی شمولیت

مورخہ 23؍ستمبر تا 2؍اکتوبر 2022ء بھارت کے صوبہ اُتّر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ شہر میں نیشنل بُک ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے بُک فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ لکھنؤ کو بھی اپنا سٹال لگا کر شرکت کرنے کا موقع ملا۔

جماعتی بُک سٹال میں قرآن مجید کے مختلف تراجم کے نسخے اور جماعتی لٹریچر Display میں رکھے گئے۔ اسی طرح قیام امن کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف ارشادات پر مشتمل خوبصورت بینرز بھی آویزاں کیے گئے جو زائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

جناب نائب وزیر اعلیٰ صاحب یوپی نے بھی جماعتی بُک سٹال کا وزٹ کیا اور جماعتی بُک سٹال کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ موصوف کو کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ تحفۃً دی گئی۔ موصوف نے لکھنؤ میں جماعتی خدمات کو سراہا۔

جماعتی بُک سٹال میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ تشریف لائے جن میں مذہبی، سماجی، سیاسی و سرکاری اہم شخصیات، سکول و کالجز کے طلباء بھی شامل ہیں۔

جماعتی سٹال میں آنے والے زائرین جو اسلامی تعلیمات سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کو ان کے مزاج کے مطابق جماعتی لٹریچر بھی تحفۃً دیا گیا جس میں قرآن مجید، لائف آف محمدﷺ، عالمی بحران اور امن کی راہ، اسلام کا اقتصادی نظام وغیرہ کتب شامل تھیں۔

اس بُک فیئر کے موقع پر اسلام کی امن بخش تعلیمات اور قیام امن عالم کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف روح پرور خطابات اور ارشادات پر مشتمل ساڑھے تین ہزار سے زائد لیف لیٹس تقسیم کیے گئے۔ کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ بھی وسیع پیمانے میں معزز زائرین کے درمیان تقسیم کی گئی۔

جماعتی بُک سٹال کا ساڑھے سات سو سے زائد لوگوں نے وزٹ کیا اور اسلام و احمدیت کے متعلق تعارف حاصل کیا اور اسلام کے متعلق مختلف سوالات کیے اور جماعتی نمائندگان نے ان کے استفسارات کےتسلی بخش جوابات پیش کیے اور ان کی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس بُک سٹال کے ذریعہ سے کی گئی تبلیغی مساعی میں بے انتہاء برکت عطا کرے اور اس کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button