حیدرآباد، بھارت میں پیس سمپوزیم کا انعقاد
حیدرآباد ہندوستان کا ایک تاریخی شہر ہے اور جماعتی تاریخ کے اعتبار سے بھی ایک اہم شہر ہے۔ اس شہر میں مورخہ 24؍ستمبر2022ء کو جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم ’’نوووٹیل ہوٹل‘‘ میں منعقد ہوا۔ امسال کے پیس سمپوزیم کا عنوان ’’پائدار امن کے قیام کے اصول‘‘ مقرر کیا گیا۔
اس پیس سمپوزیم کی صدارت مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ حیدرآباد نے کی۔ پیس سمپوزیم کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہندوستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد مکرم جنرل سیکریٹری صاحب جماعت احمدیہ حیدرآباد نے استقبالیہ تقریر کی اورپیس سمپوزیم میں شرکت پر مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد جماعتی مقرر نے حاضرین کے سامنے جماعت کا تعارف پیش کیا جس میں اسلام اور احمدیت کی امن بخش تعلیمات اور جماعت کے قیام کا مقصد اور جماعت کے خدمت خلق کے کاموں سے متعارف کیا۔
اس پیس سمپوزیم میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کاوشوں اور قیام امن عالم کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکومنٹری میں جماعت احمدیہ کی طرف سے کیے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔
اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مقرر نے پیس سمپوزیم کے موضوع کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کے حوالہ سے تقریر کی۔ جماعتی مقرر نے دنیا جو بڑی تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے اس سے متنبہ کرتے ہوئے امن و سلامتی کے لیے خالق حقیقی کی طرف رجوع کرنے کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جو نصائح فرمائی ہیں اس سے حاضرین کو آگاہ کیا۔
اس پیس سمپوزیم پر تشریف لانےوالے معزز مہمانان نے بھی مقررہ موضوع پر اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا اور ایسے پروگرام کے انعقاد پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور قیام امن کے حوالہ سے جماعتی کاوشوں کو سراہا۔
صدراتی خطاب اور اجتماعی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد مہمانان کے لیے ضیافت کا انتظام کیا گیا۔
اس پیس سمپوزیم میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی جن میں سیاسی و سرکاری اعلیٰ افسران، ڈاکٹر صاحبان، وکلاء، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلباء، مختلف مذاہب کے لیڈران اور مختلف رفاہی و فلاحی تنظیموں کے چیرمین وغیرہ شامل تھے۔
اس موقع پر کانفرنس ہال میں ہی ایک جانب جماعتی بُک سٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین نے بھرپور استفادہ کیا۔ معزز مہمانان کرام کوMomentos اور جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیے گئے۔
پیس سمپوزیم کی خبریں 9مختلف اخبارات اور 2 نیوز چینلس پر نشر ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)