ایشیا (رپورٹس)

بھارت کی جماعت جکورؔ میں پیس سمپوزیم کا انعقاد

جماعت احمدیہ جکور جنوبی ہند کے صوبہ کرناٹک کا اہم شہر ہے۔ اس شہر میں مورخہ 10؍ستمبر 2022ء کو جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم ’’گوکولم گرینڈ ہوٹل‘‘ میں منعقد ہوا۔ امسال اس پیس سمپوزیم کا عنوان ’’پائدار امن کے قیام کے اصول‘‘ مقرر کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم میں مختلف مکاتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے 120 سے زائد معززین نے جماعتی دعوت کو قبول کرتے ہوئے شرکت کی جن میں سیاسی و سرکاری عہدیداران، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلباء، مختلف مذاہب کے لیڈران اور مختلف رفاہی و فلاحی تنظیموں کے ساتھ جڑے ہوئے احباب شامل تھے۔

اس پیس سمپوزیم کی صدارت مکرم صدرصاحب جماعت احمدیہ جکور نے کی۔ پیس سمپوزیم کے رسمی آغاز سے قبل قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد جماعتی نمائندہ نے مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا جس میں اسلام اور احمدیت کی امن بخش تعلیمات اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد اور آپ علیہ السلام کے مشن کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔ اسی طرح پیس سمپوزیم کا تعارف کرواتے ہوئے ایسے پروگرام کے انعقاد کا مقصد بھی بیان کیا گیا۔

اس پیس سمپوزیم میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کاوشوں اور قیام امن عالم کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری کنڑؔ زبان میں دکھائی گئی۔ اس ڈاکومنٹری میں جماعت احمدیہ کی طرف سے کیے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔ یہ ڈاکومنٹری حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور حاضرین نے دلچسپی کے ساتھ اس ڈاکومنٹری کا مشاہدہ کیا۔

اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مقرر نےسیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں دنیا کی موجودہ حالت کا نقشہ کھینچتے ہوئے امن عالم کے قیام کی ضرورت اور اس کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات کے متعلق حاضرین سے خطاب کیا۔

اس پیس سمپوزیم میں جماعتی نمائندہ نے کتاب ورلڈ کرائسس کا تعارف بھی کروایا اور اس کتاب کی اہمیت اور موجودہ زمانہ میں اس کی ضرورت کے حوالہ سے حاضرین کی خدمت میں تفصیل پیش کی۔

اس پیس سمپوزیم پر تشریف لانےوالے معزز مہمانان کو بھی مقررہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔ چنانچہ انہوںنے اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی قیام امن کاوشوں کو سراہا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدراتی خطاب اور اجتماعی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد مہمانان کرام کے لیے ضیافت کا انتظام کیا گیا۔

اس موقع پر ہال کی ایک جانب جماعتی بُک سٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین نے بھرپور استفادہ کیا۔ معزز مہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیا گیا۔

پیس سمپوزیم کی خبریں 7 مختلف اخبارات اور 6 ریجنل یوٹیوب نیوز چینلس میں پر ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button