یورپ (رپورٹس)

پوپ فرانسس کے ساتھ جماعت احمدیہ کے وفد کی ملاقات

(مروان سرور گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ارجنٹینا)

گزشتہ ماہ خاکسار (مربی سلسلہ ارجنٹائن) اور عطاء الواسع طارق صاحب (مبلغ انچارج اٹلی) کو جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں کیتھولک مسیحیوں کے سربراہ پوپ فرانسس کے ساتھVatican میں ذاتی ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ ملاقات میں Miguel Steuermann صاحب، ریڈیو چینل JAI کے ڈائریکٹر اور یہودی راہب Saul Bonino صاحب بھی شامل تھے۔

پوپ فرانسس نے ہمارا اپنےدفتر میں استقبال کیا اور ابتدائی سلام و دعا، رسمی کلمات اور اجتماعی تصاویر کے بعد پوپ نے فورًا ہی ہمارے جماعتی بیگ پر نظر ڈالی جس پر ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم مقولہ ہے کیونکہ دنیا بھر میں اس وقت بہت نفرت پائی جاتی ہے۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب جماعت اٹلی نے ان کو مختصراً بتایا کہ ہماری جماعت اس موٹو سے پوری دنیا میں جانی جاتی ہے اور ہمیں ہمارے مذہبی رہنماؤں نے شروع سے ہی امن اور محبت کے پیغام کی ترغیب دی ہے۔ اس کے بعدخاکسار نے پوپ سے ہسپانوی زبان میں گفتگو کا آغاز کیا۔ خاکسار کے لہجہ کے انداز سے انہوں نے محسوس کر لیا کہ خاکسار ارجنٹائن سے ہے اور ارجنٹائن میں جماعت کے حالات دریافت کیے۔ ان کو بتایا گیا کہ ارجنٹائن میں جماعت کا آغاز اور پہلے مشن ہاؤس کا افتتاح ان کے پوپ کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد گزشتہ کچھ سالوں میں ہی وقوع میں آیا ہے۔ نیز اس موقع پر تفصیل کے ساتھ جماعت کے عقائد اور دنیا بھر میں ہماری دینی کا وشوں پر گفتگو کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ان کی خدمت میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی تحریری پیغام بھی پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں اُن کو حضور انور کی کتاب ’’عالمی بحران‘‘ کا اطالوی ترجمہ پیش کیا گیا اور حضورانور کا تعارف آپ کی تصویر کے ذریعہ سے کروایا گیا۔ پوپ نے نہایت ادب اور احترام سے پیارے آقا کا خط وصول کیا اور شکریہ بھی ادا کیا۔ اسی طرح پوپ کو قرآن کریم کا سپینش اور اطالوی زبان میں ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا اور سورۃ مریم کی رو سے اسلام میں حضرت مریم کے مقام سے بھی اگاہ کیا گیا۔ نیز عالمی سطح پر امن و عدل قائم کرنے کے حوالہ سے سورۃ مائدہ کی کچھ آیات کا بھی اجمالی تعارف کروایا گیا۔

اس کے بعد یہودی نمائندگان نے بھی اپنا تعارف کروایا اور پوپ سے ارجنٹائن میں ہو نے والی بین المذاہب سرگرمیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے جماعت کی خدمات کو بھی سراہا اور پوپ کی خدمت میں اظہار بھی کیا کہ انہوں نے جماعت کے عملی کردار کو بعینہ ہماری تعلیمات کے مطابق پایا ہے۔

آخر پر پوپ نے سب شاملین کو Vatican کا امتیازی میڈل اور اپنی کتاب ’’Fratelli Tutti‘‘ اپنی ذاتی دستخط کے ساتھ بطور تحفہ عنایت کی۔ پوپ سے درخواست کرنے پر انہوں نے اپنی کتاب کا ایک نسخہ حضورِ انور کی خدمت میں بھی بطور تحفہ پیش کی جس میں انہوں نے حضورِ انور کے نام اپنی ذاتی لکھائی سے برادرانہ سلام ارسال کیا۔

ملاقات کا کل دورانیہ تقریباً 35 منٹ تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پوپ نے نہایت بشاشت اور خوش دلی سے جماعت کے وفد کا استقبال کیا اور بار بار دورانِ گفتگو جماعت سے پہلی مرتبہ ذاتی متعارف ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس لحاظ سے بھی یہ ملاقات تاریخی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ پہلا موقع تھا کہ موجودہ پوپ نے کسی جماعتی وفد کا استقبال کیا۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملاقات کے نیک اور دیرپا نتائج پیدا فرمائے تاکہ دنیا بھر میں ہم امن اور محبت کی فضا قائم کر سکیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button