افریقہ (رپورٹس)

گنی بساو میں مشنریز و معلمین کا نیشنل ریفریشر کورس

(محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گنی بساؤ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گنی بساو میں مشنریز، معلمین اور اماموں کے لیے حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں 14 روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا۔ الحمدللہ

ریفریشر کورس کے انعقاد کا مقصد مشنریز، معلمین اور اماموں کو ایک بار پھر سے ان کے مقاصد اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانا تھا تاکہ ہم سب ایک بار پھر نئے عزم سے دینی خدمات اور ذمہ داریوں کو پورا کرسکیں۔

ان کلاسز میں ملک بھر کی تمام چھوٹی و بڑی جماعتوں سے مشنریز، معلمین اور اماموں نے بھرپور شمولیت اختیار کی۔ کُل 19 مشنریز، 32 معلمین اور 20 امام سمیت شاملین کی کُل تعداد 71 رہی۔ الحمدللہ

ریفریشر کورس کا روزانہ کا شیڈول کچھ اس طرح تھا۔ روزانہ دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن کریم اور درس تفسیر کبیر سے کیا جاتا۔ اس کے بعد ناشتہ سے فارغ ہوکر کلاسز کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سےکیا جاتا۔

کلاسز کے سیلیبس میں تفسیر کبیر، قاعدہ یسرنالقرآن، فقہ احمدیہ، کلام، تعارف کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور تعارف نظام جماعت۔

کلاسز کے پہلے اجلاس کا اختتام نماز ظہر کے ساتھ کیا جاتا۔ بعد ازاں ظہرانہ پیش کیا جاتا اور نماز عصر تک کچھ وقت آرام کے لیے دیا جاتا۔

نماز عصر کے بعد درس حدیث کا اہتمام کیا جاتا جس کے بعد شاملین کے لیے صحت جسمانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کھیلوں کا بھی انتظام کیا گیا۔

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مختلف تربیتی مضامین پر درسز ہوتا جس کے بعد سوال وجواب کی مجلس کا بھی اہتمام کیا جاتا جس میں تمام شاملین اپنے علاقوں میں پیش آنے مختلف سوالات و مشکلات کے متعلق سوالات کرتے جن کے تسلی بخش جوابات دینے کی کوشش کی جاتی۔ شاملین کے لیے سوال وجواب کی مجالس کافی مفید ثابت ہوئیں۔ الحمدللہ

اس کے بعد شاملین کو عشائیہ پیش کیا جاتا۔

عشائیہ کے بعد روزانہ ایم ٹی اے دیکھنے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ ایم ٹی اے پروگرامز میں حضرت خلیفہ المسیح رابع رحمہ اللہ تعالٰی کی سوال وجواب کی مختلف مجالس اور حضرت خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف خطابات اور ایم ٹی اے کی نشرکردہ ورچوئل ملاقاتوں کے پروگرامز شامل کیے گئے۔

ریفریشر کورس کے اختتامی پروگرام کے دوران تمام شاملین نے اس بات کا اظہار کیا کہ یہ کلاسز ان کے لیے کافی مفید ثابت ہوئی ہیں اور ان کے علم میں اضافہ کا باعث بنی ہیں۔ اور حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں ان کلاسز کے بعد ہم ایک بار پھر نئے عزم اور جذبہ کے ساتھ واپس میدان عمل میں جا رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو پیارے آقا کا بہترین سلطان نصیر بننے اور مقبول خدمت دین کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button