جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ یونان کا تیسرا جلسہ سالانہ 2022ء

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

٭…تعلیمی وتربیتی موضوعات پر تقاریر

٭…جلسہ سالانہ میں حاضری78 رہی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 11 اور 12؍جون 2022ء بروز ہفتہ اور اتوار ایتھنز میں اپنا تیسرا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذلک۔

یونان میں بعض دیگر ممالک کی طرح کورونا وباء کی وجہ سے دو سال جلسہ منعقد نہیں کیا جا سکا۔ جماعت یونان کا دوسرا جلسہ سالانہ 2019ء میں منعقد کیا گیا تھا اس کے بعد اب تیسرا جلسہ سالانہ 2022ء میں منعقد ہوا ہے۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن

جلسہ سالانہ کے پہلے روز نماز فجر صبح پونے پانچ بجے ادا کی گئی۔ ناشتہ کا وقت صبح ساڑھے آٹھ بجے رکھا گیا تھا۔ جلسہ کے لیے دارالحکومت ایتھنز میں، جہاں پر جماعت کا مشن ہاؤس بھی قائم ہے، ایک ہوٹل جس کا نام The Stanely ہے میں ایک ہال جلسہ کے لیے بُک کروایا گیا تھا جہاں پر جلسہ کی کارروائی سننے کے لیے لجنہ اماء اللہ کے لیے بھی پردے کی رعایت کے ساتھ انتظام تھا۔ اسی طرح مشن ہاؤس سے جلسہ گاہ تک جانے کا بھی انتظام تھا۔ احباب جماعت کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کے لیے ایک بس کرائے پر لی گئی تھی۔ صبح ناشتہ کے لیے احباب مشن ہاؤس میں تشریف لاتے جس کے بعد صبح ساڑھے نو بجے جلسہ گاہ کے لیے بس روانہ ہوجاتی۔

افتتاحی اجلاس

تیسرے جلسہ سالانہ یونان کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی صبح 10:35 بجے شروع ہوئی حسب روایت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نے سورہ النور کی آیت نمبر 36 کی تلاوت کی اور گریک زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اردو ترجمہ مکرم محمد عمران صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ نظم: ’’حمد و ثناء اسی کو‘‘ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ افتتاحی خطاب جو کہ انگریزی میں تھا مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ جماعت احمدیہ یونان نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عشق رسولؐ‘‘ کے موضوع پر کیا۔ جماعت احمدیہ یونان کی خوش قسمتی ہے کہ پیارے آقا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ کے لیے تحریری پیغام بھجوایا جو محترم مربی صاحب نے افتتاحی تقریر کے موقع پر پڑھ کر سنایا۔ افتتاحی اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعا ہوئی۔

دوسرا اجلاس

دوسرا اجلاس دوپہر بارہ بجے زیر صدارت مکرم مشتاق احمد صاحب، افسر جلسہ گاہ شروع ہوا۔ مکرم ناصر احمد صاحب نے سورۃ البقرہ کی پہلی پانچ آیات مع اردو ترجمہ کی تلاوت کی۔ انگریزی ترجمہ مکرم ذیشان ندیم صاحب نے پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم عرفان لطیف صاحب، نیشنل سیکرٹری مال نے اردو زبان میں کی جس کا عنوان تھا ’’مالی قربانی کی اہمیت و برکات‘‘۔ دوسری تقریر یونانی زبان میں ہوئی جو کہ مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نے بعنوان ’’غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک‘‘ پیش کی۔ اس کے بعد نماز و طعام کے لیے وقفہ ہوا۔ نمازیں جلسہ گاہ میں ہی ادا کی گئیں جبکہ کھانے کا انتظام مشن ہاؤس میں تھا جہاں بس کے ذریعہ احباب جماعت تشریف لے گئے اور کھانے کے بعد ساڑھے تین بجے جلسہ گاہ کے لیے واپس روانہ ہوئے۔ مردوں کے پروگرام کے وقفہ کے دوران دوپہر دو تا چار بجے تک لجنہ اماء اللہ یونان کا علیحدہ پروگرام تھا۔ لجنہ اماء اللہ کے لیے ان کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوٹل میں ہی کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

تیسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کی کارروائی دوپہر سوا چار بجے شروع ہوئی۔ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے سورۃ الاخلاص کی تلاوت کی اور اس سورۃ کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ انگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پیش کیا۔ تیسرے اجلاس کی پہلی تقریر اردو زبان میں بعنوان ’’صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور اطاعت خلافت‘‘ ہوئی جس کے مقرر مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب، قائد مال مجلس انصار اللہ یونان تھے۔ دوسری تقریر یونانی زبان میں ہوئی جس کا عنوان تھا ’’صداقت اسلام ازروئے بائبل‘‘ جو کہ مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ یونان نے کی۔ یہ اجلاس شام چھ بجے اختتام کو پہنچا جس کے بعد طعام اور نماز مغرب و عشاء کے ساتھ پہلے دن کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن اور اختتامی اجلاس

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن جلسہ کا اختتامی اجلاس دوپہر بارہ بجے شروع ہوا۔ مکرم عمران احمد گجر صاحب نے سورۃ النور آیت 56 اور 57 کی تلاوت مع اردو ترجمہ کی جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پیش کیا۔اردو نظم ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ اس پروگرام کی پہلی تقریر انگریزی زبان میں ہوئی جو کہ مکرم ذیشان ندیم صاحب، جنرل سیکرٹری جماعت شمالی یونان نے ’’قیام خلافت اور بشارات رحمانیہ‘‘ کے عنوان پر کی۔ دوسری تقریر اردو زبان میں ہوئی جو مکرم عبدالقدوس صاحب صدر مجلس انصار اللہ یونان نے ’’ذکر الہٰی کے طریق‘‘ کے موضوع پر کی۔ تیسری اور اختتامی تقریر مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان نے خلافت احمدیہ کے ساتھ تعلق کے موضوع پر اردو زبان میں کی۔

اختتامی دعا سے قبل محترم مربی صاحب نے پیارے آقا کا پیغام دوسری مرتبہ پڑھ کر سنایا تاکہ یہ پیغام احباب کو ذہن نشین ہوجائے۔ دوپہر سوا دو بجے اختتامی دعا سے جلسہ کا اختتام ہوا۔

پیارے آقا کی طرف سے جو محبت اور دعاؤں بھرا جماعت احمدیہ یونان کے لیےپیغام موصول ہوا تھا اس کی کاپیاں کر کے سب احباب میں تقسیم کی گئیں۔

حاضری: جلسہ سالانہ میں احباب جماعت یونان کے مختلف شہروں سے تشریف لائے جن میں ایتھنز، تھیسالونیکی، کاترینی، خلقیدہ، تھیوا وغیرہ شامل ہیں۔ مسجد میں حاضر خواتین و حضرات کی تعداد 38 رہی جبکہ آن لائن شامل ہونے والوں کی تعداد 40 تھی اس طرح کُل حاضری 78 رہی۔

آخر پر دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ یونان کو بہت زیادہ ترقی عطا فرمائے اور یہاں کے مقامی لوگوں کے سینے احمدیت کے نور سے منور فرمائے اور جو اس جلسہ میں شامل ہوئے ان سب کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی دعاؤں کا وارث بنائے جو حضور علیہ السلام نے شاملین جلسہ سالانہ کے لیے کیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button