ساتواں سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ فن لینڈ 2022ء
الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار الله فن لینڈ کو اپنا ساتواں سالانہ اجتماع 17و18؍ستمبر 2022ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع فن لینڈ کے دارلحکومت ہیلسنکی شہر میں جماعت کے نماز سنٹر میں منعقد ہوا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع کے انعقاد کی تواریخ کی منظوری کے بعد اجتماع کی تیاریاں شروع ہو گئی تھیں، اجتماع کے کاموں کو مزید بہتر کرنے کے لیے اجتماع کمیٹی کی میٹنگز کی گئیں، حاضری بہتر کرنے اور اجتماع کا ماحول بنانے کے لیے اجتماع کے فلایئرز اور پرومو بنائے گئے اور حاضرین اجتماع کے لیے نئے علمی و تفریح مقابلہ جات کو شامل کیا گیا جن کو حاضرین نے بہت سراہا۔
اجتماع کا پہلا دن
مورخہ17 ستمبر کو اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا، نماز فجر اور ناشتہ کے بعد صبح دس بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جو حافظ عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ اور مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارچ فن لینڈ نے کی۔ اس کے بعد خاکسار (صدر مجلس انصار اللہ فن لینڈ) کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور انصار الله کے عہد دہرانے کے بعد نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد خاکسار نے حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائع کی روشنی میں اجتماع کے مقاصد اور انصار اللہ کی ذمہ داریاں پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے حاضرین مجلس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے حاضرین کو انصار اللہ کی ذمہ داریوں اور تقویٰ کے معیاروں کو بڑھانے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ فن لینڈ نے دعا کروائی۔
افتتاحی تقریب کے فوراً بعد نماز سنٹر میں ہی کچھ ورزشی مقابلہ جات ہوئے، جن میں نشانہ بازی اور پنجہ آزمائی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ پھر کچھ علمی مقابلہ منعقد ہوئے جن میں پیغام رسانی اورتفریحی مقابلہ پیغام تقلید کے مقابلے شامل تھے۔
دوپہر ڈیڑھ بجے حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ بعد ازاں ورزشی مقابلہ جات سپورٹس گراونڈ میں ہوئے جس میں صف اول اور صف دوم انصار کے الگ الگ 100 میٹر دوڑ کے مقابلے ہوئے۔ اسی طرح صف دوم انصار کے لیے رسہ کشی اور گولہ پھینکنا کے مقابلے ہوئے۔ نیز انصار کے مابین ایک بہت دلچسب والی بال کا مقابلہ ہوا۔ پھر شام کو اجتماع گاہ میں کسوٹی کا مقابلہ ہوا جس کے بعد کھانا تھا اور نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
اجتماع کا دوسرا دن
18؍ستمبر کو اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ صبح دس بجے علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جس میں تلاوت، نظم، اذان، تقریر فی البدیہ اور جنرل کوئز کے مقابلہ جات شامل تھے۔ اس کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ بعد ازاں پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا اجتماع لجنہ اماءاللہ یو کے کے موقع پر براہ راست خطاب حاضرین اجتماع نے سنا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصرادا کی گئیں۔
اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز ساڑھے چار بجے زیر صدارت مکرم مبلغ انچارج صاحب ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد انصار الله، قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ اور نظم کے بعد خاکسار (صدر مجلس انصار الله) نے امسال منعقد ہو نے والے پروگراموں کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی ۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھا نے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
بعد ازاں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے انصار اللہ کو عبادات اور تقویٰ کے معیار بڑھانے اور تبلیغی ذمہ داریاں بجالانے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ ساتواں سالانہ اجتماع مجلس انصار الله فن لینڈ خدا تعالیٰ کے فضل دکھاتا ہوا اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد الله
الله تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع کی حاضری 80 فی صد رہی۔ الحمد للہ