جلسہ سالانہ سپین 2022ء
٭…تین سال کے وقفہ کے بعد جلسہ سالانہ سپین کا انعقاد
٭…علمی، تعلیمی اور تربیتی موضوعات پر تقاریر
محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سےجماعت احمدیہ سپین کو دو سال کے تعطل کے بعد اپنا جلسہ سالانہ 9تا 11ستمبر 2022ء پیدروآباد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمد للہ۔ گزشتہ سالوں کورونا وائرس کی وجہ سے جلسہ سالانہ کا انعقاد نہیں ہوسکا اور امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔
امسال مورخہ 8؍ستمبر بروز جمعرات ہی ملک کے دور دراز ریجنز سے شاملین جلسہ قافلہ در قافلہ آنا شروع ہوگئے۔ ان میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو 1000 کلومیٹر سے زائد کا سفر کر کے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔ قافلوں کی آمد کا سلسلہ جمعرات کی شام سے شروع ہوا تھا اور جمعہ کی صبح تک جاری رہا۔
جلسہ سالانہ کی تیاریاں جلسہ سے ایک ہفتہ قبل ہی شروع ہوگئی تھیں لیکن جمعرات 8ستمبرکو مزید خدام کے ساتھ وقارعمل کیا گیا، اور مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، پنڈال کی سجاوٹ وآرائش، سیکیورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم انتظامات کیے گئے۔
جلسہ سالانہ کا پہلا دن
مورخہ 9؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک دوپہر دو بجے تمام حاضرین جلسہ نے جلسہ گاہ میں آکر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو سنا۔ اس کے بعد مکرم ظفر رشید صاحب مشنری انچارج نے جمعہ پڑھایا۔ کھانے کے بعد تمام احباب پرچم کشائی کی تقریب کے لیے جمع ہوئے۔ لوائے احمدیت فضا میں بلند کر کے 33ویں جلسہ سالانہ سپین کا افتتاح ہوا۔ مکرم عبدالرزاق صاحب امیر جماعت سپین نے لوائے احمدیت لہرا یا اور ڈاکٹر منصور صاحب نائب امیر اول نے سپین کا پرچم لہرایا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس
جلسہ کے پہلے روز کی شام کو افتتاحی اجلاس کی صدارت امیر صاحب نے کی۔ تلات قرآن کریم اور اس کےاردو ترجمہ کی سعادت خاکسار (مربی سلسلہ) کو ملی جبکہ مکرم طارق عطاءالمنعم صاحب نے سپینش ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم خالد گونزالس صاحب (مربی سلسلہ) نےحضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃ و السلام کے چند منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔
جلسے کا افتتاحی خطاب و دعا مکرم امیر صاحب نے کی۔ اس کے بعد ’’شہدائےاحمدیت کی لا زوال داستانیں‘‘ کے عنوان پر مکرم عبدالصبورنعمان صاحب مربی سلسلہ نے اردو زبان میں تقریر کی۔ اس کے بعد ڈاکٹرعطاءالٰہی منصور صاحب نے سپینش زبان میں ذکرالٰہی کے عنوان پر تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم کلیم احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’مغربی معاشرہ میں تربیت اولاد کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان سے اردو زبان میں کی جس کے ساتھ پہلا اجلاس ختم ہوا اور پھر سب شاملینِ جلسہ کو طعام پیش کیا گیا اور نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن
دوسرا اجلاس
مورخہ 10ستمبر کودن کاآغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ دوسرا اجلاس صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوا جس کی صدارت مکرم عبد السلام چارلس صاحب نائب امیر دوم نے کی۔ یہ اجلاس تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم خالد ولیدگونزالس صاحب نے ’’اطاعت خلافت اور اس کی برکات‘‘ کے موضوع پرسپینش زبان میں کی۔ پھر مکرم یٰسین نبطی صاحب نے تقریر عربی زبان میں پیش کی جس کا موضوع ’’صدق احمدعلیہ السلام من القرآن والحدیث‘‘ تھا۔ اس کے بعد عربی قصیدہ مع سپینش ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس اجلاس کی اختتامی تقریر ’’میں دین کو دنیا پر مقدم کروں گا‘‘ مکرم فضل الٰہی قمر صاحب نے سپینش زبان میں کی۔
ایک خاص بات جو بیان کرنا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ چونکہ مسجد بشارت، پیدرو آباد، قرطبہ کا افتتاح 10؍ستمبر 1982ء کو حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ؒنے کیاتھا، عین اس تاریخ میں جلسہ منعقد ہوا اور اس وجہ سے جماعت کے قریبی دوست جن میں سیاسی اتھارٹیز، میئرز، کونسلرز، کمیونٹی لیڈرز اور مختلف کمیونٹیز کے نمائندگان شامل ہیں، کو جلسہ سالانہ پر خصوصاً مدعو کیا گیا۔ چنانچہ ان مہمانان کے لیے ایک خصوصی اجلاس جلسہ کے دوسرے روز دوپہر ساڑھے بارہ بجے قرآن کریم کی تلاوت مع سپینش ترجمہ کے ساتھ شروع ہوا۔ اس اجلاس میں جماعت کا تعارف کروایا گیا اور ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ اس تقریب میں شامل ہونے والوں نے اپنے خیالات اور جماعت سے وابستگی کا اظہار کیا۔
اسی روز جماعت احمدیہ سپین نے لوگوں کے لیے ایک open day کا بھی اہتمام کیا تھا تاکہ لوگوں کو جماعت کے بارہ میں تعارف حاصل ہو۔ لوگوں کی آمدکا سلسلہ نماز عشاء کے بعد تک جاری رہا۔
تیسرا اجلاس
جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کی صدارت مکرم حمید احمد نذیر صاحب نے کی اور کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اجلاس کی پہلی تقریر مکرم طارق عطاءالمنعم صاحب نے ’’احمدیوں کی مالی قربانی کی عظیم الشان مثالیں‘‘ کے موضوع پر سپینش میں کی۔ دوسری تقریر خاکسار (مربی سلسلہ) نے ’’سیرت اصحاب احمد‘‘ کے موضوع پر اردو میں کی۔ تیسرے اجلاس کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ سپین 2022ء امیر صاحب سپین نےحاضرین کو پڑھ کر سنایا جس کے ساتھ سپینش ترجمہ بھی کیاگیا۔ اس اجلاس کے بعد کھانا پیش کیا گیا اور نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس
جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کاآغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ جلسہ کی اختتامی اجلاس کی کارروائی صبح ساڑھے نو بجے زیر صدارت مکرم امیر صاحب سپین شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ کے بعد مکرم عبد السلام چارلس صاحب نے سپینش زبان میں ’’بین المذاہب امن کے قیام کے لیے آنحضورﷺ کا اسوہ ٔحسنہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعدنظم مع سپینش اور اردو ترجمہ پیش کی گئی۔ اس اجلاس کے دوسرے مقرر مکرم سلمان کال رودریگیزصاحب تھے جن کی تقریر کا عنوان ’’حقیقی احمدی بننے کی شرائط‘‘ تھا۔ یہ تقریر بھی سپینش زبان میں تھی۔ اجلاس کی تیسری تقریر مکرم ظفر رشید صاحب مبلغ انچارج سپین نے ’’مساجد کی تعمیرکے مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اجلاس کے اختتام پر امیر صاحب سپین نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام دوبارہ حاضرین کو سنایا اور بعدازاں دعا ہوئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جلسہ پر آنے والوں کو تمام ظاہری و باطنی برکات سے نوازے اور ان دعاؤں کا وارث بنائے جو حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے شاملین جلسہ کے لیے کیں۔ آمین