تقریب تقسیم اسناد بر موقع تکمیل احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول موروگورو تنزانیہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ سکول موروگورو، تنزانیہ کو گزشتہ ایام ساتویں جماعت کے طلبہ میں پرائمری تعلیم کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد کے انعقاد کی توفیق ملی۔ قارئین کی خدمت میں احوال مختصراً پیش ہیں۔
2014ء میں اس سکول کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ چونکہ سکول جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ملحقہ احاطہ میں واقع ہے، لہذا جامعہ انتظامیہ کے سپرد اس سکول کے انتظامات کیے گئے۔ پرنسپل جامعہ اس سکول کے نگران کے طور پر خدمت کا موقع پا رہے ہیں، اور جامعہ کے اساتذہ آپ کی معاونت میں بعض انتظامی امور سرانجام دے رہے ہیں۔ جامعہ ہال سے شروع ہونے والا پرائمری سکول بتدریج ترقیات کی منازل طے کرتے ہوئے، آج 10 تدریسی کمرہ جات، تین کمرہ جات پر مشتمل ایڈمن بلاک، بیوت الخلاء کی عمارت اور ایک کشادہ ہال کی صورت میں موجود ہے۔ الحمدللہ ثم الحمدللہ۔
ہیومینٹی فرسٹ، مقامی احمدی افراد اور مبلغین کے تعاون سے شروع ہونے والا یہ سکول علاقہ میں باقی جملہ پرائیویٹ سکولوں کی نسبت انتہائی کم فیس کے عوض معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ 33 فیصد طلبہ کو فیس میں کمی کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
آئندہ ماہ کے آغاز میں ساتویں جماعت کے سالانہ سرکاری امتحانات شروع ہونے کو ہیں۔ اس سال 22 طلبہ پرائمری تعلیم مکمل کر رہے ہیں ان شاء الله۔ یہ اس سکول کی دوسری کلاس ہے جو یہ سنگ میل طے کر رہی ہے۔
مورخہ 22 ستمبر 2022ء کی صبح مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی صدارت میں تقریب کا آغاز ہوا۔ طلبہ اور حاضرین نے قومی ترانہ پڑھا اور تلاوت قرآن سے باقاعدہ تقریب شروع ہوئی۔ سکول سکاؤٹس نے اپنے روایتی انداز میں مہمان خصوصی کا والہانہ استقبال کیا۔ طلبہ نے سکول کا ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاں گریجویٹ طلبہ کی طرف سے مہمان خصوصی کی خدمت میں ایک تعارفی و الوداعی تقریر پیش کی گئی۔ جس کے بعد محترم امیر صاحب نے اسناد تقسیم کی اور طلبہ کو نصائح کیں۔ آپ نے طلبہ کو ملک و قوم کے لیے مفید وجود بننے کی تلقین کی۔
بالآخر دعا سے تقریب اختتام کو پہنچی۔ طلبہ و حاضرین کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جملہ طلبہ نمایاں کامیابی پائیں۔ آمین