افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کا وفد تنزانیہ پارلیمنٹ میں

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

ماہ ستمبر میں تنزانیہ جماعت جلسہ سالانہ کا اہتمام کرتی ہے۔ امسال 3 برس کے بعد مورخہ 30 ستمبر تا 2 اکتوبر جلسہ سالانہ منعقد ہوا۔ الحمد للہ۔ اسی ضمن میں تعلقات عامہ کے تحت جماعت احمدیہ تنزانیہ کا وفد حکومتی دارالحکومت ڈوڈوما میں تین روزہ دورہ کے لیے پہنچا اور مختلف حکومتی وزراء سے ملاقاتیں ہوئیں۔

انہی ایام میں پارلیمنٹ کے آٹھویں اجلاس کی ساتویں نشست کا انعقاد ہوا جس میں جماعتی وفد نے بطور مہمان زائرین شرکت کی۔ مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی قیادت میں جماعت احمدیہ کا وفد تنزانیہ کی پارلیمنٹ پہنچا۔ وفد میں امیر صاحب کے ساتھ مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر و پرنسپل جامعہ، مکرم عبدالرحمٰن آمے صاحب نائب امیر، مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب مبلغ ڈوڈوما ریجن اور مکرم شعبان عثمان شنڈا صاحب مبلغ سلسلہ شامل تھے۔

اراکین وفد نے اجلاس کی کارروائی سنی اور دیکھی۔ ڈپٹی سپیکر جناب موسی اذان Zungu صاحب نے جماعتی وفد کا تعارف کروایا اورتنزانیہ پارلیمنٹ میں جماعت احمدیہ مسلمہ کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس اجلاس کی کارروائی ملکی نشریاتی اداروں کے ذریعہ براہ راست نشر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ملک تنزانیہ اسی طرح امن و استحکام، محبت و رواداری کا گہوارا بنا رہے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button