حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی مصروفیات
مورخہ 2 تا 8؍اکتوبر 2022ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…02؍ اکتوبر بروز اتوار: آج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ زائن سے طیارہ ’’خلافت فلائٹ‘‘ میں ڈالاس روانہ ہوگئے۔ ’’خلافت فلائٹ‘‘ قریباً ۱یک بجے دوپہر شکاگو سے روانہ ہوئی اور تین بجے ڈالاس ایئرپورٹ پر پہنچی جہاں پر ٹیکساس پولیس اسکورٹ کے ساتھ حضورِ انور کا قافلہ دوپہر پونے چار بجے مسجد بیت الاکرام میں پہنچا جہاں پر احبابِ جماعت کی کثیر تعداد نے پیارے آقا کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد حضورِ انور اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
٭…03؍اکتوبر بروز سوموار: آج صبح تقریباً سوا گیارہ بجے احبابِ جماعت کی حضورِ انور ملاقات شروع ہوئی۔ ملاقاتوں کے بعد پونے دو بجے حضورِ انور نے مسجد بیت الاکرام کےبرآمدہ میں تشریف لا کر اس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی فرمائی نیز دعا کروائی۔ حضورِ انور نے شام کو بھی احبابِ جماعت سےملاقاتیں فرمائیں۔
ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور نے مسجد بیت الاکرام کے بابرکت افتتاح کے روز ڈالاس جماعت کی جانب سے مسجد بیت الاکرام کے بابرکت افتتاح کی خوشی میں طعامِ خاص کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ حضور انور نے نےاز راہِ شفقت بنفس نفیس مردانہ لنگر خانہ میں تشریف لا کر ان کی تیار کردہ اشیا میں سے کچھ تناول فرمایا۔ حضورِ انور کھانے کی مارکی میں کافی دیر معائنہ فرماتے رہے۔
٭…04؍اکتوبر بروز منگل : آج صبح حضورِ انور کے ساتھ فیملی ملاقاتیں ہوئیں۔
فیملی ملاقاتوں کے بعد مسجد بیت الاکرام کی Mosque کمیٹی نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اجتماعی ملاقات اور تصویر بنوانے کا شرف پایا۔
شام تقریباً چھ بجے حضورِانور اپنی رہائش گاہ سے تشریف لائے اورمسجد کےسامنے صحن میں اپنے بابرکت ہاتھوں سے درخت لگایا۔ بعد ازاں حضور انور مسجد سے ملحق لجنہ ہال اور مسجد کا بھی معائنہ فرمایا۔جس کے بعد ایک مرتبہ پھر احبابِ جماعت کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
٭…05؍اکتوبر بروز بدھ: آج صبح حضورِ انور کے ساتھ فیملی ملاقاتیں ہوئیں۔
شام تقریباً چھ بجے حضور انور مسجد بیت الاکرام میں واقفاتِ نو کی کلاس گلشنِ واقفاتِ نو میں رونق افروز ہوئے کے جہاں پر 90 سے زیادہ واقفاتِ نو کو اپنے محبوب آقا سے فیض پانے کی توفیق ملی۔ بعد ازاں تقریباً سات بجے واقفین نو کے ساتھ گلشن وقفِ نو کلاس منعقد ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
٭…06؍اکتوبر بروز جمعرات: آج فیملی اور اجتماعی ملاقاتیں شام تقریباً سوا چھ بجے شروع ہوئیں جن کا سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک چلتا رہا۔
٭…07؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد بیت الاکرام، ڈالاس، امریکہ ميںخطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ خطبہ جمعہ کے ساتھ حضور انور نے مسجد بیت الاکرام کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ (خلاصہ خطبہ جمعہ کے لیے دیکھیں صفحہ 24)
٭…آج شام تقریباً 7 بجے حضور انور مسجد بیت الاکرام سے ایک گھنٹے کی مسافت طے کر کے فورٹ ورتھ کی مسجد بیت القیوم تشریف لے گئے اور اس کا افتتاح فرمایا۔ اس موقع پر ایک یادگاری پودا لگانے کے ساتھ ساتھ مسجد کا معائنہ بھی فرمایا۔ فورٹ ورتھ پہنچےپر مقامی جماعت نے حضورِ انور کا پُر جوش استقبال کیا۔ حضورِ انور نے مسجد کی یادگاری تختی کی تقاب کشائی فرما کر دعا کروائی۔پھر حضورِ انور صحن کی طرف تشریف لے گئے اور وہاں درخت لگانے کے بعد مسجد کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں فورٹ ورتھ کے خوش نصیب احباب کو حضورِ انور کی صحبت میں چند خوشگوار لمحات گزارنے نصیب ہوئے جس میں انہوں نے آقا سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور متعدد سوالات بھی پوچھے۔ سوال و جواب کے بعد مقامی مجلسِ عاملہ کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ گروپ فوٹو کھینچوانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس کے بعد حضورِ انور نے مسجدبیت القیوم میں نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔ بعد ازاں حضورِ انور کا قافلہ روانہ ہو کر ڈالاس مسجد بیت الاکرام پہنچا۔
٭…08؍اکتوبر بروز ہفتہ: آج نماز ظہر و عصر کے بعد حضورِ انور لنگر خانہ کچن میں تشریف لے گئے اور آج شام منعقد ہونے والے عشائیہ کے لیے کھانا تیار کرنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی فرماتے ہوئے ان کے پاس چند منٹ کے لیے رکے اور ان سے کھانے کے انتظامات کے متعلق دریافت فرمایا۔
٭…شام 6 بجے حضورِ انور مسجد بیت الاکرام کے بابرکت افتتاح کی خوشی میں منعقد ہونے والی ریسپشن کے لیے مسجد کے احاطہ میں لگائی گئی مارکی میں رونق افروز ہوئے اور پروگرام کا آغاز فرمایا۔ ملک بھر سے 140 معروف سیاسی کارکنان کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شخصیات نے بھی اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ (تفصیلی رپورٹ آئندہ کسی شمارہ میں)