امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء۔ 30؍ستمبر تا 06؍اکتوبر

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)

دورۂ امریکہ کا پانچواں روز، جمعۃ المبارک 30؍ستمبر 2022ء

مسجد فتح عظیم کا بابرکت افتتاح اور خطبہٴ جمعہ، ہزار ہا احبابِ جماعت کی شمولیت

آج 30؍ ستمبر 2022ء بروز جمعة المبارک حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کا پانچواں دن تھا۔ حضورِانور نے پانچ بج کر پچاس منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لا کرنمازِ فجر پڑھائی جس میں احباب بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ مسجد کے تمام ہال و کمرہ جات بھر جانے کے بعد باہر لگی متعدد مارکیوں میں سردی کے باوجود احبابِ جماعت نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز ادا کی۔

آج دنیا بھر سے صیہون شہر پہنچنے والے ہزار ہا احباب نے اپنے محبوب آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی سعاد ت پائی۔ یہ جمعہ جماعت احمدیہ کے لیے ایک تاریخی حیثیت رکھتا تھا کیونکہ اس دن پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہٴ جمعہ کے ساتھ صیہون شہر میں مسجدفتح عظیم کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔صیہون شہر کا بانی معاندِ اسلام ڈاکٹر ایلگزینڈر ڈوئی اسی شہر میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے دعوتِ مباہلہ کے نتیجہ میں 1907ء میں ہلاک ہوا تھا۔

احبابِ جماعت کی ایک کثیر تعدادنمازِ جمعہ ادا کرنے کی غرض سے احاطہ میں نمازِ فجر کے فوراً بعد سے ہی جمع ہونا شروع ہو چکی تھی۔ ڈالاس ٹیکساس جماعت کے مکرم سید نعمان خضر صاحب نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہ وہ نماز فجر ادا کرنے کے معاً بعد ہی نمازِ جمعہ کے لیے مسجد کے صدر دروازے پر تشریف لےگئےتو دیکھا کہ اتنی جلدی جانے کے باوجود وہاں پر مخلصین کی لمبی لائن بن چکی تھی اور لائن میں سب سے آگے ایک گیارہ بارہ سال کا روحانی جذبہ سے سرشار بچہ کھڑا تھا۔ اس بچہ نے پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیچھے نمازِ جمعہ ادا کرنے کے اشتیاق میں سات گھنٹے انتظار کیا۔ اس تاریخی دن کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ابھی نمازِ جمعہ کا وقت شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ مسجد کے تمام ہال و کمرہ جات اور باہر نصب کی گئی متعدد مارکیاں مکمل طور پر بھر گئیں۔ سینکڑوں زائد افراد کو نمازِ جمعہ باہر کھلی فضا میں بچھی صفوں پر ادا کرنی پڑی۔ اس کے علاوہ بھی مسجد کے مختلف سبزہ زار پلاٹوں میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دوپہر ایک بجے مسجد فتح عظیم میں نمازِ جمعہ کے لیے تشریف لائے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہٴ جمعہ تمام دنیا میں براہ راست ايم ٹی اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ سنا اور ديکھا گيا۔ اس مبارک موقع پر اظہارِ تشکر کے طور پر شعبہ ضیافت کی طرف سے کھانے کے بعدلذیذ لڈو بھی تقسیم کیے گئے۔

نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے ملحق نمائش گاہ کے باہر احبابِ جماعت کی ایک لمبی قطار دیکھنے کو ملی جو پارکنگ لاٹ تک طویل تھی۔اس نمائش کا بابرکت افتتاح حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 27؍ ستمبر کو فرمایا تھا جس کے بعد آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے قیمتی وقت میں سے 25 منٹ اس کو عنایت فرمائے۔ اس نمائش کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا متبرک کوٹ رکھا گیا ہے۔ روایات کے مطابق یہ کوٹ آپ علیہ الصلوٰة و السلام نے کثرت سے استعمال فرمایا۔ اس تبرک کو دیکھ کر زائرین کی عجیب جذباتی حالت دیکھنے کو ملی گویا اس کے ذریعہ وہ ماضی کے اس مبارک دور کو دیکھ رہے ہیں جس میں مسیح پاک علیہ السلام نے دن بسر کیے۔ علاوہ ازیں یہ نمائش دس ویڈیو سٹیشنز پر مشتمل ہے اور ہر سٹیشن کے نیچے تاریخی نوادرات شیشے کے نمائشی کیسز میں رکھے گئے ہیں۔ ان کیسز میں پڑی بعض قدیم نوادرات 120 سال پرانی ہیں۔ یہ دیکھنے والوں کے دلوں میں یاد ِماضی کا احساس اجاگر کرتی ہیں جس کے نتیجہ میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی پیش گوئیوں کی عظمت اور آپ علیہ السلام کی صداقت مزید نمایاں ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی۔ نیز نمائش میں ایک سکرین پر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ڈاکٹر ڈوئی کے بارہ میں پیشگوئیوں کی صداقت کےشاہد 160 اخبارات کے تراشے لگائے گئے ہیں جو کہ آپ علیہ السلام کی صداقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ یہ تراشے بیسویں صدی کے امریکی اشتہارات، مجلات اور اخبارات میں سے لیے گئے ہیں جن میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ڈاکٹر ڈوئی کے متعلق پیشگوئیوں کے ذکر کرنے کے بعد اُس کی عبرتناک ہلاکت کا ذکر موجود ہے۔ اس ٹَچ سکرین پر زائرین مندرجہ بالا حصص ا مریکی نقشہ کی صورت میں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ اس نقشہ پر کسی شہر یا ریاست پر ٹَچ کرنے کے بعد زائرین اس جگہ کے متعلقہ اخبارات کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ ان نمائش کی تیاری میں مکرم انور محمود خان صاحب اور ان کی ٹیم نے بڑی محنت سے کام کیا۔

آج شام 6 بج کر 20 منٹ پر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ سب سے پہلے مسجد فتح عظیم کی کمیٹی کے ممبران کو اجتماعی طور پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اس کے بعد 9 جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 42 فیملیز کے 156 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ زیارت نصیب ہوا۔ یہ احمدی امریکہ کے دور دراز علاقوں سے کئی کئی گھنٹوں کی مسافت طے کر کے اپنے آقا کا دیدار کرنے آئے۔ ان میں سے بعض 2100 میل کا طویل سفر کر کے ملاقات کی غرض سے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں حاضر ہوئےتھے۔ اللہ تعالیٰ تمام احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔ بعد ازاں ساڑھے آٹھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔

کل مسجد فتح عظیم کے افتتاح کی خوشی اور امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں جماعت احمدیہ امریکہ عشائیہ (ریسپشن) پیش کرے گی۔اس پروگرام کے لیے شہر کی سماجی ثقافتی اور سیاسی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔اس تقریب اور حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا چھٹا روز، ہفتہ یکم اکتوبر 2022ء

مسجد فتح عظیم کا افتتاح اورحضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں عشائیہ (ریسپشن)

صیہون کے میئر کی جانب سے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں شہر کی چابی قبول کرنے کی درخواست

آج یکم اکتوبر 2022ء حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا امریکہ کے شہر زائن میں چھٹا دن تھا۔ حضورِ انور نے نمازِ فجر صبح پانچ بج کر پچاس منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لا کر پڑھائی۔ معمول کے مطابق کثیر تعداد میں احباب نے نماز میں شرکت کی توفیق پائی۔ آج شام کو مسجد فتح عظیم کے افتتاح کی خوشی اور حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں عشائیہ منعقد ہونا تھا۔ اس تاریخی موقع میں شامل ہونے کی غرض سے احباب جماعت احمدیہ امریکہ و کینیڈا دور دراز علاقوں سے سفر کر کے صیہون شہر پہنچے ہوئے تھے جس کی وجہ سے کل یعنی جمعة المبارک سے ہی ہزار ہا احباب کی موجودگی نمایاں طور پر دیکھنے کو ملی۔

نمازِ ظہر و عصر ڈیڑھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادا کی گئیں۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔ مسجد بشمول تمام ہال و کمرہ جات نماز سے پہلے ہی بھر چکے تھے۔ تعداد کو مدّ نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے اوور فلو مارکیوں کا بھی انتظام کر رکھا تھا جس کے باوجود جگہ کم پڑ گئی۔

عشائیہ (ریسپشن)

پروگرام کے مطابق مسجد فتح عظیم کے بابرکت افتتاح کی خوشی اور حضورِ انو ر ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں ریسپشن (عشائیہ) کا انتظام کیا گیا۔ جس کے لیے مسجد کے احاطہ میں ہی ایک بڑی مارکی نصب کی گئی۔ شام 6 بج کر 9 منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ریسپشن کے لیے لگائی گئی مارکی میں رونق افروز ہوئے اور پروگرام کا آغاز فرمایا۔ ملک بھر سے معروف سیاسی کارکنان کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شخصیات نے بھی اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن کی تعداد 140 رہی۔

تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ پیش کرنے کی سعادت مکرم مبارک کوکوئی صاحب اور مکرم نصیر اللہ احمد صاحب آف ملواکی کو ملی۔ جس کے بعد مکرم امجد محمود خان صاحب، نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تعارف پیش کیا اور جماعت احمدیہ صیہون کی تاریخ بیان کی۔ پھر صیہون کے میئر آنریبل بلی مِک کنی (Hon. Billy McKinney) نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں تمام اہلیانِ شہر کی جانب سے صیہون کی چابی وصول کرنے کی درخواست کی جسے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قبول فرمایا۔ بعد ازاں آنریبل جوئس میسن (Hon. Joyce Mason) ممبر ریاست ایلانوئے جنرل اسمبلی اور بعض دیگر سیاسی و فلاحی شخصیات نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خوش آمدید کا تحفہ پیش کیا اور آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیامِ امن کی عالمی کاوشوں کو سراہا۔ معزز مہمانان کی آراء کے بعد صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب، امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے حاضرین کی خدمت میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعارف پیش کیا جس کے بعد چھ بج کر باون منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنا خطاب پیش کرنے کے لیے تشریف لائے۔ آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مساجد کی اغراض اور اسلام کی پُر امن تعلیم بیان کرنے کے بعد صیہون شہر کے بانی اور معاندِ اسلام جان الیگزینڈر ڈوئی کی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام سے مباہلہ کے نتیجہ میں ہلاکت پر روشنی ڈالی۔ آخر پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس فتح عظیم پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے فرمایا کہ میری دعا ہے کہ یہ مسجد تمام لوگوں کے لیے ہدایت اور راستی کا موجب بنے۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروا کر اس بابرکت پروگرام کا اختتام فرمایا۔

اس تاریخی تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے کی غرض سے کثیر تعداد میں احبابِ جماعت ہزاروں میل کا سفر طے کر کے تشریف لائے۔ پروگرام کے دوران ریسپشن مارکی کے باہر ہزاروں کی تعداد میں احباب موجود تھے۔ مسجد کے تمام ہال، کمرہ جات اور اوَر فلو ٹینٹ بھر جانے کے باوجود تمام لوگ مسجد کے احاطہ میں پورے نہ آ سکے جس کے باعث انتظامیہ کو لنگر خانہ کی مارکیوں میں بھی لوگوں کے بٹھانے کا انتظام کرنا پڑا۔

پروگرام کے بعد 8 بج کر 35 منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد میں تشریف لے گئے اور نمازِ مغرب و عشا ء پڑھائیں۔

کل انشاء اللہ العزیز پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صیہون، ایلانوئے سے ڈیلس، ٹیکساس کے لیے روانگی ہو گی۔حضورِ انور کے دورۂ امریکہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

ہر گام پر فرشتوں کا لشکر ہو ساتھ ساتھ

ہر ملک میں تمہاری حفاظت خدا کرے

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا ساتواں روز، اتوار 02؍اکتوبر 2022ء

زائن شہر سے خصوصی چارٹر طیارے پر روانگی، ڈیلس، ٹیکساس میں پُر جوش استقبال

آج 2؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہٴ امریکہ کا ساتواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 55 منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لائے اور نمازِ فجر پڑھائی۔

صبح گیارہ بجے کے قریب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے جہاں پر مخلصین کی ایک بھاری تعداد پہلے سے ہی اپنے محبوب آقا کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھی۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے اپنے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قربت میں رہنے کے بعد جدا ئی کے لمحات بہت کٹھن معلوم ہو رہے تھے۔ مقامی احباب کی افسردگی کی ترجمانی ان کے جذبات بھرے نعرہ ہائے تکبیر کر رہے تھے۔ چند لمحات رونق افروز ہونے کے بعد سیّدنا امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی گاڑی میں تشریف لے گئے اور آپ کا قافلہ قریباً سوا گیارہ بجے شکاگو ایئرپورٹ کے خصوصی ٹرمینل کی طرف روانہ ہو ا جہاں پر طیارہ ’’خلافت فلائٹ‘‘ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کامنتظر تھا۔ اس طیارہ میں پچھتر کے قریب افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ صیہون سے ڈیلس، ٹیکساس سفر کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

’’خلافت فلائٹ‘‘ قریباً ۱یک بجے دوپہر شکاگو سے روانہ ہوئی اور 3 بجے ڈالاس ایئرپورٹ پر پہنچی جہاں پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے استقبال کے لیے مکرم حامد شیخ صاحب، صدر جماعت ڈالاس اور مکرم ظہیر احمد باجوہ صاحب، مربی سلسلہ جماعت ڈالاس موجود تھے۔ ٹیکساس پولیس اسکورٹ کے ساتھ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ دوپہر پونے چار بجے مسجد بیت الاکرام میں پہنچا جہاں پر پہلے سے ہی احبابِ جماعت کی کثیر تعداد بے چینی سے اپنے محبوب آقا کا انتظار کر رہی تھی۔ پیارے آقا کو خوش آمدید کہتے ہوئے مرد حضرات نے والہانہ انداز میں نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے جبکہ ناصرات اور لجنہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم دعائیہ اشعار کو خوش الحانی کے ساتھ ادا کرتے ہوئے اپنے محبوب آقا کا خیر مقدم کیا۔ متعدد بچیوں نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے آنے کی خوشی میں پوسٹرز پر خوبصورت انداز میں’’جی آیاں نوں، وہ بادشاہ آیا، انّی معک یا مسرور اور Welcome حضور‘‘ لکھ کر اپنے پیارے آقا کا استقبال کیا۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

دوپہر 5 بج کر 10 منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الاکرام میں تشریف لے گئے اور احباب کو نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد واپسی پر آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لنگر خانہ کچن میں تشریف لے جا کر معائنہ فرمایا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کارکنان لنگر خانہ سے دریافت فرمایا کہ اس کچن میں کتنے لوگوں کا کھاناپک سکتا ہے۔ نیز حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم طاہر چودھری صاحب، نگران لنگر خانہ کو کچن کے حوالہ سے بعض ضروری ہدایات فرمائیں۔بعد ازیں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

مسجد بیت الاکرام نمازِ مغرب سے چند گھنٹے پہلے ہی بھرنا شروع ہو گئی تھی۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام تقریباً ساڑھے آٹھ بجے مسجد بیت الاکرم میں تشریف لے گئے اور نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔

حضورِ انور کے دورۂ امریکہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا آٹھواں روز، سوموار 03؍اکتوبر 2022ء

ڈالاس کی مسجد بیت الاکرام کی نقاب کشائی، ملاقاتیں اور ڈالاس جماعت کی دلجوئی

آج مورخہ 3؍اکتوبر بروز سوموارحضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا دورہٴ امریکہ کا آٹھواں اور ڈالاس شہر میں دوسرا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ مسجد مکمل طور پر بھر جانے کے بعد باقی افراد نے باہرلگی اوورفلو مارکیوں میں نماز ادا کی۔

صبح تقریباً سوا گیارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احباب کے ساتھ ملاقات کا سلسلہ جاری فرمایا۔ ملاقات کی سعادت پانے کے لیے احباب کئی کئی گھنٹوں کی مسافت طے کر کے مسجد پہنچے ہوئے تھے۔ حضورِ انور نے ملاقات میں آنے والے بچوں کو از راہ شفقت چاکلیٹس عنایت فرمائے۔ملاقاتوں کے بعد پونے دو بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد کی لابی میں تشریف لائے اور مسجد بیت الاکرام کی تختی کی نقاب کشائی فرمانے کے بعد دعا کروائی جس میں مسجد کے اندر اور باہر کھڑے سینکڑوں افراد نے شامل ہونے کی سعادت پائی۔ تقریب نقاب کشائی کے معاً بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔

شام سوا چھ بجے ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ جاری ہوا جو 8 بج کر 10 منٹ تک چلتا رہا۔ ملاقات میں شامل ہونے والے بچوں اور بچیوں کی خوش قسمتی تھی کہ حضورِ انور نے انہیں از راہ شفقت چاکلیٹس عنایت فرمائے جس سے ان کی خوشی دیدنی تھی۔ آج تقریباً بارہ جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 63فیملیز کے 248 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔

ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد بیت الاکرام کے بابرکت افتتاح کے روز ڈالاس جماعت کی دلجوئی فرمائی۔ مکرم حامد شیخ صاحب، صدر جماعت ڈالاس نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہ آج ڈالاس مسجد کے بابرکت افتتاح کی خوشی کے موقع پر ڈالاس کی جماعت نے طعامِ خاص کا اہتمام کیا ہوا تھا اور گو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات کے پیشِ نظر پروگرام میں یہ بات شامل نہیں تھی کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تشریف لا کر ان کے تیار کردہ کھانے کو برکت بخشیں۔ مگر پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاز راہِ شفقت ڈالاس جماعت کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہوئے بنفس نفیس مردانہ لنگر خانہ میں تشریف لا کر ان کی تیار کردہ اشیا ء جن میں بار بی کیو مرغ، مچھلی اور کبابوں کے علاوہ وافر مٹھائی شامل تھی سے کچھ تناول فرمایا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کھانے کی مارکی میں کافی دیر معائنہ فرماتے رہے۔ بعد ازیں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد کی طرف تشریف لے گئے اور مسجد کے صدر دروازے کے سامنے چند منٹ کے لیے رونق افروز ہوئے اور مکرم امیر صاحب جماعت امریکہ اور مکرم صدر صاحب جماعت ڈالاس سے مسجد، ڈالاس شہر اور مسجد کےگرد و نواح کے علاقے کے متعلق دریافت فرمایا۔اس کے بعد پونے نو بجے پیارے آقا مسجد میں تشریف لے گئے اور مومنین کو نمازِ مغرب و عشا ء پڑھائیں۔ مسجد بھر جانے کے بعد باقی احباب و خواتین نے ساتھ لگے اوورفلو ٹنٹس میں اپنے پیار ے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کیں۔

حضورِ انور کے دورۂ امریکہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا نواں روز، منگل 04؍اکتوبر 2022ء

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ فیملی اور
گروپ ملاقاتیں اور مسجد کے صحن میں درخت لگانا

آج مورخہ 4؍اکتوبر بروز منگل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہٴ امریکہ کا نواں اور ڈالاس شہر میں تیسرا روز تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے اور احباب جماعت کو نماز فجر پڑھائی۔ مسجد نماز کے وقت سے بہت پہلےہی بھر چکی تھی اس لیے باقی تمام احباب نے احاطہ میں لگی مارکیوں میں نماز ادا کی۔

تقریباً سوا گیارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ حضورِ انور نے ملاقات میں آنے والے بچوں کو از راہ شفقت چاکلیٹس دیے۔ صبح ملاقات کے لیے 15 جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 26 فیملیز کے کل 126 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف ملاقات نصیب ہوا۔ ملاقات سے نکلنے والے احباب کے چہروں سے ان کے جذبات اور خوشی عیاں تھی کیونکہ ان میں سے اکثرکو زندگی میں پہلی مرتبہ خلیفہٴ وقت سے ملاقات کا موقع میسر آ رہا تھا۔ملاقاتوں کے بعد مسجد بیت الاکرام کی Mosque کمیٹی نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اجتماعی میٹنگ اور تصویر بنوانے کا شرف پایا۔ اس کے بعد تقریباً ڈیڑھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ ظہر و عصر جمع کروائیں۔ اگرچہ ورک ڈے تھا اس کے باوجود کثیر تعداد میں احباب اپنی ملازمتوں اور کاموں سے رخصت لے کر اپنے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زیارت کی غرض سے مسجد بیت الاکرام پہنچے ہوئے تھے۔

شام تقریباً چھ بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے تشریف لائے اورمسجد کےسامنے صحن میں اپنے بابرکت ہاتھوں سے درخت لگایا۔ بعد ازاں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد سے ملحق لجنہ ہال میں بغرض معائنہ تشریف لے گئے جس کے بعد حضور انور نے مسجد کا بھی معائنہ فرمایا۔

معائنہ کے بعد فیملی اور اجتماعی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہیں۔ آج شام 8 فیملی ملاقاتیں اور 6 اجتماعی ملاقاتیں ہوئیں جن میں 19 جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 88 افراد نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف ملاقات پایا۔ ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تھوڑی دیرکے لیے اپنی رہائش گاہ پر تشریف لےگئے اور پھر تقریباً شام ساڑھے آٹھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کر احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔ مسجد کے علاوہ باہر لگی اوورفلو مارکیوں میں سینکڑوں افراد نے نماز ادا کی۔

حضورِ انور کے دورۂ امریکہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا دسواں روز، بدھ 05؍اکتوبر 2022ء

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ گلشن وقف نو کلاسز اور فیملی ملاقاتیں

آج 5؍اکتوبر بروز بدھ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہٴ امریکہ کا دسواں اور ڈالاس شہر میں چوتھا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے اور احباب جماعت کو نماز فجر پڑھائی۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز صبح قریباً سوا گیارہ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے اور متعدد فیملیز کو شرفِ ملاقات بخشا۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ دوپہر ایک بجے تک چلتا رہا۔ آج ملاقاتوں کے دوران 31فیملیز کے 105افراد کو جن کا تعلق11جماعتوں سے تھا حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔ بعض مخلصین 1500 میل کا طویل سفر کرکے محض اپنے آقا کا دیداد کرنے کی غرض سے یہاں پہنچے تھے۔ ملاقاتوں کے بعد احباب نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امامت میں نماز ظہر و عصر مسجد بیت الاکرام میں پڑھیں۔

شام تقریباً چھ بجے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے جہاں پر 90 سے زیادہ واقفاتِ نو اپنے محبوب آقا سےگلشنِ وقفِ نو کلاس میں شامل ہونے کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہی تھیں۔ کلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جسے عزیزہ فزہ احمد نے خوش الحانی کے ساتھ پیش کیا اور ترجمہ کرنے کی سعادت عزیزہ سعدیہ چودھری کوملی۔اس کے بعد حدیثِ نبوی ﷺ، اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظم پیش کی گئی۔ کلاس کے آخر پر تمام واقفات کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ سوال و جواب کا انمول موقع بھی میسر آیا۔

واقفات سے کلاس مکمل کرنے کے بعد تقریباً سات بجے واقفین نو کے ساتھ گلشن وقف نو کلاس منعقد ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ تقریباً ایک گھنٹے کی اس کلاس میں99 بارہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے واقفین نو کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف زیارت حاصل ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، حدیث نبوی ﷺ، اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظم کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے واقفین نو کو سوال و جواب کا موقع دیا اور زریں نصائح فرمائیں۔

گلشن وقف نو کلاسز کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الاکرام میں نماز مغرب و عشاء پڑھانے کے لیے تشریف لائے اور پھر اپنی رہائش گاہ کی طرف تشریف لے گئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب بھی مسجد سے اپنی رہائش گاہ یا واپس مسجد تشریف لاتے ہیں تو چھوٹے بڑے سب افراد فرطِ محبت میں اپنے پیارے آقا کا دیدار کرنے کی غرض سے راستے میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اکثر احباب اور بچے ہاتھ ہلا کر “السلام علیکم پیارے حضور” کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں جس کا جواب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز از راہ شفقت ہاتھ اٹھا کر دیتے ہیں۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

٭…٭…٭

دورہ امریکہ کا گیارھواں روز، جمعرات 06؍اکتوبر 2022ء

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ افغان اور مارشلی احباب کی اجتماعی ملاقاتیں

آج مورخہ 6؍اکتوبر بروز جمعرات حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العز یز کے دورہٴ امریکہ کا گیارھواں اور ڈالاس شہر میں پانچواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے۔ مسجد فدایانِ خلافت سے بھری ہوئی تھی۔ تمام احباب کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ فجر ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ نمازیوں کی کثرتِ تعداد کے باعث مسجد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری سے پہلے ہی بھر چکی تھی اورباقی سینکڑوں احباب نے احاطہ میں لگی اوور فلو مارکیوں میں نمازادا کی۔

نمازِظہر و عصر ڈیڑھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد میں تشریف لا کر پڑھائیں۔ بعد ازاں فیملی اور اجتماعی ملاقاتیں شام تقریباً سوا چھ بجے شروع ہوئیں جن کا سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک چلتا رہا۔ آج متعدد گروپ ملاقاتوں میں 43 افغانی اور7 مارشلی احمدی احباب شامل تھے۔ ان کے علاوہ ایک گروپ عمر رسیدہ احباب کا بھی تھا جن کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ آج کُل26 فیملی اور 6 گروپ ملاقاتوں میں تقریباً 164 افراد نے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

مسجد میں مومنین اپنے آقا کے پیچھے نمازِ مغرب و عشاء ادا کرنے کی غرض سے گھنٹوں پہلے ہی آنا شروع ہو گئے تھے اور ابھی نماز کا وقت شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ تمام مسجد نمازیوں سے بھر گئی۔ مگر اس کے باوجود احباب کی وافر تعداد جگہ نہ ملنے کے باعث ابھی باہر موجود تھی۔ غیر معمولی حاضری کو مدّ نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے باہر بڑی مارکیوں کا انتظام کر رکھا تھا جہاں پر باقی تمام احباب نے نمازیں ادا کیں۔ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پونے نو بجے مسجد میں تشریف لا کر احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

ہر گام پر فرشتوں کا لشکر ہو ساتھ ساتھ

ہر ملک میں تمہاری حفاظت خدا کرے

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button