یورپ (رپورٹس)

شعبہ تبلیغ جرمنی کی مساعی۔ سینٹرل ایشیا اور ایسٹرن ممالک میں تبلیغ کا تعارف

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(فرانکفرٹ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ جرمنی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جرمنی کے علاوہ بعض دیگر ممالک میں بھی تبلیغ کی عمومی نگرانی اور مدد بھی کرتی ہے۔ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد مرکز کی ہدایت کے مطابق یوگوسلاویہ سے ٹوٹ کر نئے وجود میں آنے والے ممالک اور ان کے ہمسایہ ممالک میں جماعت احمدیہ جرمنی نے تبلیغی مہم اور مشن ہاؤسز کے قیام کی ذمہ داری نبھائی۔ اب چند سالوں سے سینٹرل ایشین ممالک اور ایسٹرن بلاک سے تعلق رکھنے والے ممالک، جہاں ابھی تک کُھل کر تبلیغ کرنے میں بعض رکاوٹیں حائل ہیں، مقامی زبانوں میں یوٹیوب اور ویب سائٹ تیار کرکے تبلیغ کی جا رہی ہے۔ اس حوالہ سے شعبہ تبلیغ جرمنی نے مسجد ہادی، ڈیٹسن باخ میں ایک تعارفی تقریب کا اہتمام مورخہ 17؍ستمبر بروز ہفتہ بعد نماز ظہر کیا جس میں مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جماعت جرمنی، مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی، شعبہ تبلیغ سے منسلک مرکزی مبلغین و دیگر احباب نے شرکت کی۔

اس تقریب میں درج ذیل چھ زبانوں میں تیار کردہ لٹریچر، یو ٹیوب، ویب سائٹ، فیس بک اور انسٹاگرام پر جاری تبلیغی سرگرمیوں سے تعارف کر وایا گیا۔ فارسی، چینی، ازبک، رشین، آذربائجانی اور یوکرینین۔

اس خصوصی تقریب کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی اور نظامت کے فرائض خواجہ عبدالنور صاحب مبلغِ سلسلہ نے سر انجام دیے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو آذربائیجان کے مبلغ حافظ اطہر محمود صاحب نے کی جس کے بعد جرمنی میں رشین ڈیسک کے انچارج مبلغ مکرم سیّداحسن طاہر بخاری صاحب نے تعارفی الفاظ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئیوںکو دیکھا جائے تو جس قدر اس علاقے کے بارے میں ذکر موجود ہے کسی اور علاقے کے بارے میں نہیں۔ آپ نے بعض پیشگوئیوں کا ذکر بھی کیا۔

اس کے بعد چھ زبانوں میں اب تک جو کام ہوا ہے اور جو پلاننگ کی گئی ہے اس کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا۔ بعض ممالک کے مبلغین تقریب میں موجود تھے اور بعض آن لائن آج کے پروگرام میں شامل تھے۔

فارسی ڈیسک

ڈاکٹر نعمان اللہ صاحب جو فارسی ڈیسک کے انچارج ہیں وہ جامعہ احمدیہ جرمنی میں فارسی کے استاد بھی ہیں، انہوں نے بتایا کہ دنیا میں بارہ کروڑ لوگ فارسی بولتے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ یورپ اور سات لاکھ امریکہ کینیڈامیں مقیم ہیں۔ ان سے رابطہ کے لیے فیس بک، فارسی کی ویب سا ئٹ اور فارسی میں یوٹیوب چینل جاری کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کا نام اہلِ فارس ہے اور یوٹیوب چینل کانام پیامِ احمدیت ہے۔ اب تک سلسلہ کی 16کتب، 20تربیتی مضامین اور 90خطباتِ جمعہ اپ لوڈ کیےجاچکے ہیں۔

آذر بائیجان

آذر بائیجان کے انچارج حافظ اطہر محمود صاحب نے بتایا کہ مقامی زبان ترکیہ کی زبان سے ملتی جلتی ہے اور 30 ملین لوگ یہ زبان بولتے ہیں۔ ایران، جارجیا اور امریکہ میں بھی اس زبان کو بولنے والے موجود ہیں۔ فقہ اور موازنہ مذاہب کے حوالے سے مقامی زبان میں لٹریچر تیار کیا گیا ہے۔

ازبیکستان

مکرم بشارت احمد صاحب آن لائن پروگرام میں شریک تھے۔ آپ نے بتایا کہ اُزبیکستان کے پانچ صوبوں میں ایک ایک مربی سلسلہ خدمت کی توفیق پا رہا ہے۔ دو ماہ پہلے یوٹیوب چینل شروع کیا گیا۔ مورخہ 21؍جولائی 2022ء کوپہلی ویڈیو جاری کی گئی اور اب تک 30ویڈیوز یوٹیوب پر موجود ہیں۔ امسال جلسہ سالانہ جرمنی کا لائیو ترجمہ ازبیک زبان میں کیا گیا۔ اب ہر خطبہ جمعہ کا بھی ترجمہ کیا جا رہا ہےاور دو مقامی اُزبک کو جلسہ سالانہ جرمنی میں شمولیت کی تو فیق ملی۔

روس

مکرم عطاءا لوحید رضوی صاحب نے بتایا کہ جولائی 2021ء سے روس میں یوٹیوب چینل کے ذریعہ تبلیغ کی جارہی ہے۔ اس وقت 30ویڈیوز یوٹیوب پر مو جود ہیں۔ انٹرنیٹ پر زیادہ فعال کام کرنے کی تو فیق مل رہی ہے۔ 2019ء میں بیس افراد پر مشتمل میڈیا ٹیم ترتیب دی گئی تھی۔ جن کو چیکنگ اور ٹیکنکل افراد کی مددبھی مہیا ہے۔ حضور انور کے خطبات کے تراجم کیے جاتے ہیں۔ M.T.A جرمنی کا بچوں کا پروگرام بھی ترجمہ کرکے دکھایا جاتا ہے۔

یوکرائن

مکرم Dmytruk Ihor صاحب آن لائن اس پروگرام میں شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیوب چینل کا آغاز احمدیہ ٹیچنگ کے نام سے ہو چکا ہے جس پر پروگرام What is Islam جاری ہے۔ سلسلہ کا تعارف اور خلفاء کا تعارف موجود ہے۔ خطبات کے ترجمہ کا آغاز بھی انشاء اللہ جلد ہوجائے گا۔ کمیونٹی نیوز، جماعت کی تاریخ، حضور کے امن کے پیغامات Message of peace کا ترجمہ ان تمام امور پر کام ہو رہا ہے۔ جو جو مکمل ہوتا جائے گا یوٹیوب پر ڈال دیا جائے گا۔

اس موقع پر رشین ڈیسک مرکزیہ کے انچارج مکرم رانا خالد احمدصاحب مبلغ سلسلہ نے بھی آن لائن شرکت کی اور بہت سے امور پر روشنی ڈالی اورگائیڈ لائن مہیا کیں۔

چین

شعبہ تبلیغ جرمنی کے کارکن محمود احمد ناصر صاحب نے اپنی تقریر میں بتایا کہ شعبہ تبلیغ جرمنی گذشتہ 13 سال سے چین میں لگنے والے بُک فیئرمیں شرکت کر رہا ہے۔ چین کے 50 ہزار طلبہ جرمن یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہیں۔ اس لیے یونیورسٹیوں میں پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی تبلیغی سرگرمیاں جاری رکھی جا رہی ہیں۔ چینی زبان میں جماعت کا facebook اکاؤنٹ تیار ہورہا ہے۔

اس موقع پر مشنری انچارج مکرم صداقت احمد صاحب نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ یہ خدائی تقدیر ہے کہ اسلام نے غالب آنا ہے۔ ہر قوم کے لوگ اسلام قبول کررہے ہیں۔ مشکل دور اب آسانی میں بدل رہے ہیں۔ یو ٹیوب تبلیغ کا بہت بڑا ذریعہ بن رہا ہے۔ اس کے نقصانات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ہم نے اس کوروحانی فائدہ کے لیے استعمال کرنا ہے۔ اسلام کے آغاز میں مسجدِ نبوی میں کیچڑ تھا۔ صحابہ کے بدن پر پورا لباس نہیں تھا لیکن خدا تعالیٰ نے قربانیوں کو قبول کیا اور حالات بدلے۔ ہمیں بھی تبلیغ کے میدان میں صحابہ والی قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ حضورایدہ اللہ کے خطبات صحابہ کا نمونہ پیدا کرنے کے لیے ہمیں بیدار کرنے کی کوشش ہے کیونکہ صحابہ کا نمونہ روحانی فتح کو قریب کرے گا۔

اس موقع پر محترم امیر صاحب نے فارسی ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ آپ نے دعا سے قبل اپنی گزارشات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوششیں جاری رہنی چاہیں۔ انشااللہ راستے کھلیں گے۔ جس طرح دیوارِ برلن گرنے کے بعد رشین ممالک میں تبلیغ کے راستے کھلے۔ جس طرح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کہا کرتے تھے کہ برلن میں مسجد بناؤ پھر کام میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ راستے کھلیں گے۔ واقعی ایسا ہی ہوا۔ اب انٹرنیشنل میڈیا کے ساتھ ہم ان ممالک میں داخل ہو رہے ہیں۔

دعا اور محنت کے ساتھ ہمیں انشااللہ اس دروازہ سے بھی کامیابی ملے گی۔ دنیا میں بلاک بنے اور بنتے رہیں گے۔ لیکن ہم نے گلوبل دنیا کے امن کے لیے اسلام کی تعلیم کے مطابق کام کرنا ہے۔ انشاء اللہ

ساڑھے تین بجےسہ پہر یہ خصوصی تقریب دعا پر ختم ہوئی جس کے بعد رشین زبان میں سب نے ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا نعرہ بلند کیا۔ دیگر ممالک کے مبلغین بھی آن لائن دعا اور نعرہ میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے مسجد ہادی کے خادم مسجد مکرم عبد السمیع صاحب کو ان کی دس سالہ شاندار کارکردگی پر سندِامتیاز دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button