حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ملکہ الزبتھ دوئم کی میت خصوصی طیارے میں ایڈنبرا سے نارتھولٹ کے لیے روانہ کی گئی تو طیارے کے آن ہوتے ہی دنیا بھر سے 60 لاکھ سے زائد لوگوں نے اس پرواز (KRF01R) کو ٹریک کیا۔ اس خصوصی پرواز کے لیے رائل ایئر فورس کا بوئنگ سی17 اے طیارہ استعمال کیا گیا۔ ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری پرواز کے حوالے سے فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار نے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق بوئنگ سی 17 اے کے ٹرانسپونڈر کے آن ہونے کے بعد پہلے ایک منٹ میں 6 ملین لوگوں نے پرواز کو فالو کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں بدقسمتی سے فلائٹ ریڈار کے پلیٹ فارم کے استحکام کو متاثر کیا۔ریڈار انتظامیہ کے مطابق ملکہ کے طور پر اپنی پہلی پرواز کے 70 سال بعد ملکہ الزبتھ دوم کی آخری پرواز فلائٹ ریڈار کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹریک کی جانے والی پرواز ہے۔پرواز کے دوران 4.79 ملین لوگوں نے پرواز کے ایک حصے کو فالو کیا جبکہ اور فلائٹ ریڈار منتظمین نے پرواز سے متعلق 76.2 ملین یوزرزusersکی درخواستوں پر کارروائی کی۔

٭…ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔

نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے فروخت کرنے سے متعلق کانگریس کو آگاہ کردیا ہے۔ اس فیصلے سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مدد ملے گی، پاکستان کئی شعبوں میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔ ہم پاکستان میں میڈیا اور سول سوسائٹی پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

٭…پاکستان کے سیلاب متاثرین کےلیے امدادی سامان اور خوراک لے کر اب تک 62 پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں۔ ان پروازوں کے ذریعے کروڑوں ڈالر کا امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے پہنچایا گیا ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ 36 ہوائی جہاز متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچے، جن میں سے 23 طیارے متحدہ عرب امارات حکومت اور عوام کی طرف سے سامان لے کر آئے جبکہ 13 طیاروں نے یونائیٹڈ نیشن کا امدادی سامان کراچی پہنچایا۔ان کے علاوہ جمہوریہ ترکیہ سے امدادی سامان لےکر 11 خصوصی طیارے کراچی پہنچے، جبکہ چین سے 4، قطر سے 3، سعودی عرب سے 2 جبکہ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، یونسیف، جورڈن اور نیپال سے ایک ایک امدادی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔

٭…وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے ہمیں آڑے ہاتھوں لیا اور ناک سے لکیریں لگوائیں۔ بلوچستان کے علاقے صحبت پور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، اس حکومت نے کوشش اور محنت کر کے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ ہم شش و پنج میں مبتلا تھے کہ اس کے اثرات عوام تک منتقل کیے جائیں یا نہ کیے جائیں۔ ملک میں مہنگائی سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے، سیلاب نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو آج ہمارے مسائل مزید گھمبیر ہوتے۔ آج کسی دوست ملک جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں یہ مانگنے آئے ہیں۔ عام آدمی پوچھتا ہے کہ ہمارا مستقبل کیا ہے، زندگی اجیرن ہوچکی ہے، عوام کو ایک وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں۔اگر فیصلہ کرلیں کہ قوم کی تقدیر بدلنی ہے تو مشکلات تو آئیں گی۔

٭…نیشنل کنسلٹیو ایتھکس کمیٹی (CCNE) کی رپورٹ کے مطابق فرانس ایسے لوگوں کو، جو صحت کی انتہائی نازک حالت میں ہوں اور ان کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوں، اُنہیں یوتھنیشیا Euthanasiaیعنی آسان موت یا خودکشی کرنے کی اجازت دینے کے حق میں ہے۔ اس رپورٹ کا شہریوں کو بہت بے صبری سے انتظار تھا۔

یہ رپورٹ اس پیچیدہ مسئلے کا جائزہ لینے کے لیے اکتوبر میں منعقد کیے گئے کنوینشن سے پہلے سامنے آئی ہے جوکہ فرانس کے صدر کی پہلی ترجیح ہے۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کا اس مسئلے پر کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فرانس میں انسانیت کا مزید خیال رکھے جانے کی ضرورت ہے۔

٭…40 سال قبل شمالی کینیڈین بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے سابق رومن کیتھولک پادری جوہانس ریوائر (Johannes Rivoire) کی حوالگی کے لیے کینیڈین وفد فرانس پہنچ گیا۔ کینیڈا اور فرانس کی دوہری شہریت کا حامل 93 سالہ جوہانس ریوائر اس وقت فرانس کے جنوبی شہر لیون میں مقیم ہے۔

سابق پادری کی گرفتاری کے لیے گذشتہ ماہ بھی درخواست دائر کی گئی تھی لیکن گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں نوناوت تونگوک انکارپوریشن (این ٹی آئی) کے 5 رکنی وفد نے گذشتہ روز فرانسیسی وزارت انصاف سے رجوع کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ وفد نے موجودہ فرانسیسی پوپ سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ پادری پر الزام عائد ہے کہ وہ کینیڈا کے دور دراز کے علاقے اگلولک (Igloolik)، نوجات (Naujaat) اور ارویات (Arviat) میں 1960ء اور 1992ء کے دوارن کیتھولک چرچ کے زیر اہتمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی میں ملوث تھا۔

سابق پادری تمام تر الزامات کی تردید کرتے ہوئے 1993ءمیں کینیڈا سے فرانس منتقل ہوگیا تھا۔ بعدازاں 1998ء کے دوران کینیڈین پولیس نے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں پادری پر فرد جرم عائد کی تھی۔ یاد رہے کہ سابق پادری پر رواں سال کے آغاز میں کینیڈین پولیس کی جانب سے 1974ء اور 1979ء کے دوران ایک اور لڑکی سے مبینہ زیادتی ثابت ہونے پر مزید فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

٭…ترجمان امارت اسلامیہ افغانستان کا کہنا ہے کہ جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پاکستان میں ہی ہیں، افغانستان میں نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے افغانستان کو مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری کے لیے خط لکھا تھا جس میں افغان حکام کو کہا گیا ہے کہ مولانا مسعود اظہر کو تلاش کر کے اطلاع دی جائے اور گرفتار کیا جائے۔ خط کے مطابق مولانا مسعود اظہر ممکنہ طور پر ننگرہار اور کنڑ کے علاقوں میں ہیں۔

٭…سعودی حکام کی جانب سے ملکہ الزبتھ کے لیے عمرہ ادا کرنے والے یمنی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ملکہ برطانیہ کی جانب سے عمرہ ادا کرنے مکہ مکرمہ پہنچا تھا۔یمنی شخص نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اسے ایک بینر اٹھائے ہوئے مکہ مکرمہ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس بینر پر لکھا تھا کہ ملکہ الزبتھ دوم کے لیے عمرہ ادا کیا، ہم خدا سے دعا گو ہیں کہ وہ ملکہ کو جنت میں جگہ دے اور ملکہ کا شمار نیک روحوں میں کرے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مکہ مکرمہ جانے والے زائرین کو بینرز اٹھانے یا نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

٭…امریکہ کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں پیکیج دھماکے سے ایک 45 سالہ یونیورسٹی ملازم زخمی ہوگیا۔جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس چیف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسی طرح کا ایک اور پیکیج برآمد کیا گیا تھا جسے بم اسکواڈ نے کلیئر قرار دیا۔ تاہم یہ نہیں بتایا کہ مزید کتنے پیکیجز یونیورسٹی میں بھیجے گئے تھے۔

واقعے کے بعد یونیورسٹی کی چھ عمارتوں میں ہونے والی شام کی تمام کلاسز معطل کردی گئیں۔ پولیس نے ہاورڈ یونیورسٹی اور ایم آئی ٹی کو بھی خبردار رہنے اور کسی بھی قسم کا پیکیج ملنے کی صورت میں اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

٭…سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط کے ہوائی اڈے پر بھارتی مسافر طیارے کے انجن میں رن وے پر ٹیک آف کے دوران آگ لگی۔ مسقط سے عمانی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ انجن میں آگ لگنے سے طیارے میں دھواں بھر گیا۔ مسافروں کو ہنگامی بنیادوں پر طیارے سے نکالا گیا۔ ہنگامی اخراج کے دوران 14 مسافر زخمی ہوگئے۔ ائیرپورٹ کے فائر ٹینڈرز نے طیارے کے انجن میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

٭…جنوبی کوریا نے گوگل اور میٹا پلیٹ فارمز پر پرائیویسی قانون کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت 72 ملین ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ پرسنل انفارمیشن پروٹیکشن کمیشن نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گوگل کو 50 ملین ڈالرجبکہ میٹا کو 22 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

گوگل اور میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے صارفین کی ذاتی معلومات بغیر اجازت استعمال کی ہیں تاہم گوگل اور میٹا کا جنوبی کوریا کی جانب سے جرمانے کی سزا پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پرسنل انفارمیشن پروٹیکشن کمیشن کے پینل کے مطابق دونوں فرمز نے صارفین کی معلومات جمع کرتے وقت انہیں پیشگی آگاہ نہیں کیا تھا کہ وہ صارفین کی ذاتی معلومات کیوں اکھٹا کررہے ہیں۔

٭…یورپین کمیشن کی سربراہ وان ڈیر لین نے یوکرین جنگ کے بعد پیدا ہونے والے توانائی بحران سے نمٹنے کےلیے ای یو ہائیڈروجن بینک کے قیام کا اعلان کر دیا۔انہوں نے ای یو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہائیڈروجن بینک ہائیڈروجن مارکیٹ کی تعمیر میں 3 بلین یورو کی سرمایہ کاری کرے گا۔ان کا مزید کہناتھا کہ یوکرین کےلیے یورپی یکجہتی متزلزل نہیں ہو گی نیز ان کی جانب سے یوکرین میں اسکولوں کی تعمیر نو کے لیے یورپی یونین نے100 ملین یورو مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔

٭…یورپی یونین نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے بتایا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کی سرحد پر شدید لڑائی ہوئی ہے، جس میں جانوں کے ضیاع کی اطلاع ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ضروری ہے کہ دشمنی بند ہو اور مذاکرات کی میز پر واپسی ہو‘۔ تمام فورسز کو اس کشیدگی سے پہلے والی پوزیشنوں پر واپس آنا چاہیے اور جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین دونوں ممالک کے درمیان ایک ایماندار بروکر کے طور پر کام جاری رکھنے کےلیے پر عزم ہے، تاکہ سب کے فائدے کےلیے محفوظ، خوشحال اور پرامن جنوبی قفقاز کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔یورپی خارجہ امور کے سربراہ نے بتایا کہ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے Toivo Klaar فوری طور پر دونوں ممالک کا دورہ کریں گے۔

٭…آرمینیا اور آذربائیجان کےدرمیان گذشتہ رات سے تازہ سرحدی جھڑپیں جاری ہیں، دونوں ممالک کے درمیان صبح ہونے والا سیز فائر چند منٹ بعد ہی ختم ہوگیا۔

آرمینیا کے وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ رات سرحدی جھڑپوں میں آرمینیا کے 49 فوجی مارے گئے۔ترکی نے آرمینیا سے اشتعال انگیزی بند کرنے اور آذربائیجان کے ساتھ امن مذاکرات اور تعاون پر توجہ دینے پر زور دیا ہے۔آرمینیا کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ آذربائیجان کی فوج آرٹلری، مارٹرز اور ڈرونز سے فوجی و سول انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہے۔آرمینیا کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آرمینیا آذربائیجان کی سرحد پر لڑائی کی شدت میں اگلی صبح کمی آئی تاہم سرحدی جھڑپیں جاری ہیں۔

آذربائیجان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ آرمینیا نے سرحدی فوجی پوزیشنوں پر مارٹرز اور گولیاں برسائیں۔دونوں ممالک کے درمیان صبح سیز فائر ہوا تھا جو صرف چند منٹ ہی برقرار رہ سکا۔آذربائیجان میں میڈیا کے مطابق آرمینیا نے سیز فائر کے چند منٹ بعد ہی خلاف ورزی کی تھی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button