44ویں جلسہ سالانہ کینیڈا 2022ء کا پہلا دن۔ 15؍جولائی بروز جمعۃ المبارک
(حدیقہ احمد، کینیڈا، 15؍ جولائی 2022ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج 15؍جولائی 2022ء بروز جمعۃ المبارک، 44ویں جلسہ سالانہ کینیڈا کا پہلا دن تھا جس کا آغاز صبح چار بجے مسجد بیت السلام میں نماز تہجد و نمازِ فجر سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔ یہ جلسہ کووِڈ 19 کی وباء کی وجہ سے دو سال کے تعطل کے بعد ہورہا ہے جس کی لیے خصوصی احتیاطی تدابیر کی گئی ہیں۔ لجنہ اماء اللہ کے لیے مسجد بیت السلام، Vaughan سے ملحقہ ایوانِ طاہر میں جبکہ مردوں کے لیے یہاں سے 37 کلومیٹر شمال میں واقع شہر بریڈفورڈ میں جماعتی پراپرٹی ’’حدیقہ احمد‘‘ میں انتظام کیا گیا ہے۔ 12 سال سے چھوٹے بچوں اور بیماروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ٹی وی، کمپیوٹرز یا موبائل فونز پر جلسہ کی کارروائی ملاحظہ فرمائیں جبکہ احبابِ جماعت تین روزہ جلسہ کے کسی ایک دن ہی شامل ہوسکتے ہیں تاکہ کووِڈ19 کے پھیلاؤ کو کم سےکم رکھا جائے۔ احبابِ جماعت کو آپشن دی گئی تھی کہ وہ اپنی سہولت اور ضرورت کے مطابق جلسہ کاکوئی بھی ایک دن چُن سکتے ہیں۔
حدیقہ احمد
حدیقہ احمد میں گذشتہ کئی سالوں سے خدام الاحمدیہ کینیڈا کے سالانہ اجتماعات ہورہے ہیں مگر یہ پہلا موقع ہے کہ یہاں پر جلسہ سالانہ کینیڈا کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ حدیقہ احمد کی جگہ 247 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ 2007ء میں 200 ایکڑجبکہ 2008ء میں اس سے ملحقہ مزید 47 ایکڑ زمین جماعت کے مستقبل کے پراجیکٹس کو، خصوصاً جلسہ ہائے سالانہ کی ضروریات کو مدِ نظر رکھ کر خریدی تھی۔ اس وقت یہاں باغات، تالاب اور کھیلوں کے میدان موجود ہیں جن سے حسبِ ضرورت احباب جماعت مستفیض ہوتے رہتے ہیں۔
کارروائی جلسہ سالانہ
آج صبح آٹھ بجے سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ، مسجد مبارک، اسلام آباد، برطانیہ سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی وساطت سے براہِ راست سُنا اور دیکھا گیا۔ جبکہ ساڑھے بارہ بجے بعد از دوپہر یہ خطبہ جلسہ گاہ میں دوبارہ دکھایا گیا۔
ڈیڑھ بجے نمازِ جمعہ و نمازِ عصر کی ادائیگی ہوئی۔ مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت ہائے کینیڈا نے ’’نمازِ جمعہ کی فضیلت‘‘ کے موضوع پر خطبہ جمعہ دیا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد احبابِ جماعت کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ ساڑھے تین بجے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مقامی و قومی میڈیا نے شرکت کی۔
مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت کینیڈا، مولانا عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج جماعت کینیڈا اور مکرم رضوان مسعود میاں صاحب افسر جلسہ سالانہ نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیے۔ پریس کانفرس کے آغاز میں مکرم امیرصاحب نے میڈیا کے نمائندگان کو بتایا کہ 1891ء میں قادیان میں ہونے والے پہلے جلسہ سالانہ میں 75 افراد شامل ہوئے تھے جبکہ آج محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دُنیا کے 200سے زائد ممالک میں جلسے ہورہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں امیر صاحب نے بتایا کہ یہ جگہ جماعتِ احمدیہ کے جلسہ سالانہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خریدی گئی تھی۔ چونکہ اس جگہ کو صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا لہذا ہمارے جلسے انٹرنیشنل سنٹر، مسس ساگا میں ہوتے رہےلیکن امسال بریڈ فورڈ شہر کی کونسل نے جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کی وجہ سے یہاں جلسہ منعقد ہورہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ سال سے ہمیں یہاں مستقل جلسہ کرنے کی اجازت مل جائے گی اور ہم ان شاءاللہ یہ جلسے اپنی زمین پر کیا کریں گے۔
امیر صاحب نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جلسہ کا بنیادی مقصد ذاتی و اجتماعی روحانی ترقی اور اسلام کے بارہ میں آگاہی پھیلانا ہے کہ اسلام محبت اور امن کا مذہب ہے اور جولوگ اپنی کم علمی کی وجہ سے اسلام کے بارہ میں غلط فہمیاں پھیلاتے ہیں ان کی غلط فہمیاں دور کرکے سب کے دِل فتح کرنے ہیں۔ مکرم امیر صاحب نے مزید کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ تو یہ صرف نعرہ ہی نہیں ہوتا بلکہ ہم دل سے کہہ رہے ہوتے ہیں۔ ہم ہر مذہب اور قوم سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے محبت کرتے ہیں کہ سب لوگ اُسی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں جس نے ہمیں پیدا کیا ہے اور جس کی عبادت کرتے ہیں۔
مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جماعت احمدیہ، بریڈ فورڈ کے تمام شہریوں کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے جماعت کو یہاں خوش آمدید کہا، خصوصاً ہمارے ہمسائیوں نے ہر قسم کا تعاون کیا۔ مکرم امیر صاحب نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ہم بریڈ فورڈ کو ایسا شہربنائیں گے جس کے بارہ میں دعویٰ کیا جاسکے گا کہ پورے کینیڈا میں سب سے بڑا مذہبی اجتماع یہاں ہوتا ہے۔
تقریب پرچم کشائی اور افتتاحی اجلاس
شام پانچ بجے تقریبِ پرچم کشائی ہوئی۔ امیر جماعت احمدیہ کینڈا نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ مکرم مشنری انچارج صاحب نے کینیڈا کا پرچم لہرایا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے دُعا کروائی۔ معاً بعد مکرم کلیم احمد ملک صاحب نائب امیر جماعت کینیڈا کی صدارت میں جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو مکرم حافظ راحت چیمہ صاحب نے کی اور اس کا انگلش ترجمہ مکرم عروف باجوہ صاحب جبکہ اردو ترجمہ مکرم انیق احمد صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم مدثر احمد شمیم صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ’’نشان کو دیکھ کر انکار کب تک پیش جائے گا‘‘ خوش الحانی سے پڑھ کر سُنایا جس کا انگلش ترجمہ مکرم عدنان احمد صاحب نے کیا۔
مکرم مشنری انچارج صاحب نے افتتاحی خطاب ’’جلسہ سالانہ کا شمار شعائراللہ میں ہوتا ہے‘‘ کے موضوع پر کیا۔
اس کے بعد ایک ڈاکومنٹری پیش کی گئی جس میں احباب جماعت کو تحریک کی گئی کہ وہ اپنے ان احمدی بھائی اور بہنوں کی مدد کریں جو اپنے وطن میں ہونے والے ظلم و ستم سے بچ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے اور ایسے ممالک میں پھنس گئے ہیں جہاں پر نہ تو انہیں کوئی بنیادی حق دستیاب ہے اور نہ ہی ضروریاتِ زندگی پوری ہورہی ہیں۔ احمدی احباب کو توجہ دِلائی گئی کہ وہ ایسے احباب کو حکومت کے پروگرام کے تحت سپانسر کریں تاکہ ہمارے یہ بھائی اور بہنیں کینیڈا آکر امن اور سکون کی زندگی گزار سکیں۔
پہلے اجلاس کی آخری تقریر مولانا امتیاز احمد سرا صاحب، مربی سلسلہ پِیس وِلج کینیڈا کی تھی جس کا عنوان ’’اگر خدا رحیم ہے تو انسانی مصائب کیوں؟‘‘ تھا۔
اجلاس کے اختتام پر امیر صاحب نے دُعا کروائی۔ جس کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں لنگرخانہ مسیح موعود سے عشائیہ پیش کیا گیا۔ شعبہ آب رسانی میں چھوٹے بچوں کی کمی بڑی شدت سے محسوس کی گئی جو ہمیشہ جلسوں میں مہمانوں کی پیاس بجھانے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہتے تھے۔
احبابِ جماعت کے لیے بیک وقت یہ خوشی اور دکھ کا موقع تھا کہ بالآخر اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا ہے کہ کووِڈ19 کی وباء کی وجہ سے دو سال کے وقفہ کے بعد دوبارہ جلسہ منعقد ہورہا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ دکھ اس بات کا تھا کہ اب اگلے دو دِن وہ بذاتِ خود اس جلسہ میں شامل نہیں ہوسکیں گے اور بقیہ جلسہ اپنے اپنے گھروں میں ٹی وی سیٹس پر دیکھنا پڑے گا۔
مردانہ جلسہ گاہ کی آج کی حاضری 1380 تھی جبکہ ایوانِ طاہر میں لجنہ جلسہ گاہ کی حاضری 817 رہی۔ آج 600 سے زائد کارکنان نے مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ جبکہ داخلی راستہ پر سارا دن پولیس موجود رہی جس کی وجہ سے اندرونی و بیرونی ٹریفک ہر قسم کے خلل سے محفوظ رہی۔
جلسہ سالانہ کینیڈا 2022ء کے دوسرے اور تیسرے دن کی کارروائی کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ فرمائیں:
44ویں جلسہ سالانہ کینیڈا 2022ء کا دوسرا دن۔ 16؍جولائی بروز ہفتہ
44ویں جلسہ سالانہ کینیڈا 2022ء کا تیسرا اور آخری دن۔ 17؍جولائی بروز اتوار