یورپ (رپورٹس)

سوئٹزرلینڈمیں تبلیغی سرگرمیاں

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

محمود مسجدزیورخ میں تبلیغی پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 14؍جولائی 2022ء کی شام محمود مسجد زیورخ میں ایک تبلیغی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایک سوئس عیسائی بزرگ، دو روسی یہودی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے چار عیسائی مبلغین پر مشتمل ایک گروپ سمیت کل سات افراد شامل ہوئے۔ مکرم فہیم احمد خاں صاحب، مربی سلسلہ نے اسلام کی پرامن تعلیمات کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی جس کے بعد مکرم ولید طارق تارنوتسر صاحب نیشنل امیر اور مکرم منیر احمد منور صاحب، مبلغ انچارج نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات دیے۔

یہ پروگرام سات بجے سے نو بجے تک جاری رہا۔ اس کے بعدنو بجے مہمانوں کو ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔

اس تبلیغی پروگرام کا اہتمام جماعت زیورخ ناصر اور مشتاق نے کیا تھا۔ پروگرام سے پہلے اس کی کامیابی کے لیے دونوں جماعتوں نے 1500دعوت نامے فلائرز کی شکل میں تقسیم کیے، سوشل نیٹ ورک فیس بک پر 47282افراد نے اس فلائر کو دیکھا اور مقامی اخبار Züriberg/Zürich Nord میں اشتہار دیا گیا۔

پروگرام میں معاونت کی توفیق پانے والوں میں مکرم محمد بشیر صاحب (صدر جماعت زیورخ ناصر)، ملک جری اللہ صاحب (سیکرٹری تبلیغ جماعت زیورخ ناصر)، مکرم عطاالحق میکھو لیچش صاحب (سیکرٹری امورِ خارجہ زیورخ ناصر)، مکرم قدیر احمد خالد صاحب (صدر جماعت زیورخ مشتاق) اور مکرم قاسم احمد خاں صاحب (سیکرٹری تبلیغ و امورِ خارجہ زیورخ مشتاق) شامل ہیں۔

زیورخ میں تبلیغی بل بورڈز کے ذریعہ قریباً 4.5لاکھ افراد تک اسلام کا پُر امن پیغام پہنچا

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کو10عدد تبلیغی بل بورڈز کو جن پر قرآنی آیات، احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اوراقتباسات مع تصویر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر مشتمل احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی پُر امن تعلیمات درج تھیں، زیورخ شہر کے اہم مقامات اور شاہراہوں پر مورخہ 18تا 24؍جولائی 2022ء آویزاں کرنے کی توفیق ملی۔ ان مقامات میں شہر کا مین ریلوے سٹیشن، زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو جانے والا رستہ اور Oerlikon کا علاقہ شامل ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق ان تبلیغی بل بورڈز کے ذریعہ قریباً ساڑھے چارلاکھ افراد تک اسلام کا پُر امن پیغام پہنچا۔ الحمد للہ

سوئٹزرلینڈ کا قومی تہوار جماعتی روایات کے مطابق منایا گیا

مکرم محمود الرحمٰن انور صاحب نیشنل سیکرٹری امورِ خارجہ سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ یکم اگست 2022ء ءکو شعبہ امورِ خارجہ کے زیرِ اہتمام سوئٹزرلینڈ کا قومی تہوار محمود مسجد زیورخ اور نور مسجد ویگولٹینگن میں جماعتی روایات کے مطابق منایا گیا۔ جس میں افراد جماعت، اور غیر از جماعت اور سوئس احباب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقاریب میں شاملین کے لیے برنچ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ دونوں مساجد میں تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآکریم سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا۔
مربیانِ سلسلہ نے جماعتی تعارف کروایا اور حب الوطنی پر جماعتِ احمدیہ یعنی حقیقی اسلام کا نظر یہ پیش کیا۔ جسے سراہتے ہوئے سوئس مہمانوں نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ مہمانوں کو مساجد کا دورہ بھی کروایا گیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button