یورپ (رپورٹس)

چیریٹی واک زیر انتظام مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک

(محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک ہر سال خدمت خلق کے مختلف پروگرامز منعقد کرتی ہے جن کو ڈینش سوسائٹی میں بڑی پذیرائی ملتی ہے اور جماعت کی نیک نامی کا باعث بنتی ہے۔ انہی پروگراموں میں سے ایک پروگرام لوکل فلاحی تنظیموں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں مجلس سال بھر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے جن میں فیملی فن ڈے، چیریٹی ڈنر اور چیریٹی واک شامل ہیں۔

اب تک مجلس خدام الاحمدیہ Humanity first,Red Barnet Ungdom اور Save the child تنظیموں کے لیے فنڈز اکٹھا کر چکی ہے۔ 2018ء سے مجلس خدام الاحمدیہ مسجد نصرت جہاں کونسل میں واقع چار اولڈ ہومز کے لیے فنڈز اکٹھا کرتی ہے اور اس کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے جاتے ہیں۔ امسال مجلس نے ڈیڑھ لاکھ کرونز مختلف پروگرامز ترتیب دےکر اکٹھے کیے جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔

فیملی فن ڈے

مورخہ 14؍مئی اور 23؍جولائی 2022ء کو دو مختلف مقامات پر فیملی فن ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف ورزشی سرگرمیاں رکھی گئیں۔ اس موقع کے لیے، مختلف کھانے، ریفریشمنٹس اور باربی کیو تیار کی گئی جن کو فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل آمد کو ڈنیشن میں شامل کیا گیا۔

چیریٹی ڈنر

چار مختلف اولڈ ہومز میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ان سنٹرز کی انتظامیہ نے سارے انتظامات خود کیے اور جو لوگ ان سنٹرز میں مقیم ہیں ان کے دوستوں اور رشتے داروں نے اس میں شمولیت کی اسی طرح جماعت سے بھی احباب اس میں شامل ہوئے۔ ان ڈنرز میں خدام نے بڑی محنت سے خود مشن ہاؤس میں کھانا تیار کیا اور ان سنٹرز میں کھانا پہنچایا اور سروکیا۔ کھانے سے قبل ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں احباب کو جماعت کا تعارف کروایا جاتا ہے۔ الحمد للہ اس پروگرام میں شامل احباب نے نہ صرف کھانے کی تعریف کی بلکہ جس مقصد کے لیے ممبران بے لوث خدمت کررہے ہیں اس جذبہ کو بھی سراہا۔ جن سینٹرز میں یہ چیریٹی ڈنر منعقد ہوئے ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔

تاريخمقامتعداد شاملين
05؍مئيPlejecentret  Dybenkærshave70
16؍مئيPlejecentret Strandmarkshave85
09؍جونPlejecentret Krogstenshave100
16؍جونPlejehjemmet Søvangsgården40

چیریٹی واک

فنڈز اکٹھا کرنے کا سب سے بڑا پروگرام چیریٹی واک ہے جس کی تیاری کے لیے سال کے شروع میں ہی ایک کمیٹی بنائی گئی جو مقامی کونسل اور دیگر پارٹنرز سے رابطہ کرکے سال میں کئی بار مسجد نصرت جہاں میں میٹنگز کا انعقاد کرتی رہی۔ اسی طرح لوکل میئر سے ان کے دفتر میں جاکر ملاقات کی۔ اس ریس کے انعقاد میں لوکل میئر اور سابقہ مئیر کا خاص تعاون شامل رہا۔

لوگوں کو اس چیریٹی واک کے بارہ میں آگاہی دینے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے گئے جن میں پوسٹر، فولڈرز اور بینرز شامل ہیں۔ اطفال و خدام نے گھر گھر جاکر یہ فولڈرز تقسیم کیے۔ اسی طرح Hvidovre جہاں مسجدنصرت جہاں واقع ہے کے گردو نواح میں مختلف شاہراوں پر بینر نصب کیے گئے۔ اسی طرح مقامی کونسل کے سامنے ایک دن مارکی لگا کر لوگوں کو اس واک کے بارہ میں معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔ اس واک میں شامل ہونے کے لیے ویب سائٹ بنائی گئی ہے جس کا نام generationguld.dk ہے۔ اکثر احبا ب نے اپنی رجسٹریشن اسی ویب سائٹ کے ذریعہ سے کروائی۔ اس دفعہ پہلی بار کونسل کی انتظامیہ کی طرف سے ویدور کونسل میں واقع تمام سکولز میں والدین کو ای میل بھجوائی گئی اور واک کے بارہ میں ہماری فراہم کردہ معلومات اور پوسٹر شئیر کیے۔

مورخہ 28؍اگست بروز اتوار گیارہ بجے واک کا آغاز دو مختلف جگہوں سے ہوا۔ 7 کلومیٹر بھاگنے والے احبا ب کے لیے روٹ اولڈ ہومز سے ہوا جس میں لوکل میئر شامل ہوئے۔ اس ریس کا روٹ چار مختلف اولڈ ہومز سے ہوتا ہوا مسجد نصرت جہاں پر آکر اختتام پذیر ہوا۔ ان تمام اولڈ ہومزکی انتظامیہ نے خاص طور پر سنٹر کے باہر ریفریشمنٹ کا انتظام کیا ہوا تھا جہاں پر ان میں رہنے والے احباب نے باہر آکر تالیاں بجا کر اس ریس میں شاملین کو داد دیتے رہے۔

تین کلو میڑ کی ریس کا آغاز مسجد نصرت جہاں سے ہوا اور ڈیڑھ کلو میٹر دور ایک اولڈ ہوم کا چکر لگا کر واپس اختتام مسجد نصرت جہاں میں ہوا۔

اختتامی تقریب

واک کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد اس ریس کے مختلف پارٹنرز نے سٹیج پر آکر اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا جن میں Suzette Reenmersلائن کلب، Flemming Skouboeبوڑھوں کی ایک تنظیم کے نمائندہ، Kim Knudsen نمائندہ اولڈ ہومز، Maria Duurhu لوکل کونسل کی ممبر، Marie Louiseلوکل کونسل کی ممبراور آخر پر لوکل کونسل کے میئر Anders Andreasen صاحب نے خطاب کیا اور اس ریس میں شاملین کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ آج جو ڈونیشن لوکل اولڈ ہومز کے لیے اکٹھی کی گئی ہیں اس سے ان کو اپنی سرگرمیاں کرنے میں مدد ملے گی۔ آخر پر امیر صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور مقامی میئر کو ڈیڑھ لاکھ کرونز کا چیک پیش کیا گیا۔ اسی طرح مختلف پارٹنرز کو تحائف پیش کیے گئے جنہوں نے سارا سال اس واک کو کامیاب بنانے کے لیے کوشش کیں۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام شاملین کے لیے کھانے کا انتظام تھا جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔

میڈیا کوریج

اس واک کو مقامی اخبار نے اگلے ہی روز تفصیل کے ساتھ آن لائن شائع کیا۔ اسی طرح لوکل ریڈیو نے بھی اس ایونٹ کی کوریج کی۔ اسی طرح سال کے دوران پانچ دفعہ لوکل اخبار نے اس فنڈ ریزنگ کے مختلف ایونٹس کی خبریں دیں۔ اسی طرح سابقہ میئر نے بھی لوکل اخبار میں اس ریس کا ایمبسڈر بننے کی حیثیت سے ایک کالم لکھا اور لوگوں کو اس ریس کے بارہ میں معلومات فراہم کیں۔

الحمد للہ یہ چیریٹی واک بڑی کامیاب رہی اور جماعت کی نیک نامی کا باعث بنی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button