افریقہ (رپورٹس)

افتتاح مسجد جماعت ’’گریں تودو‘‘ ریجن زیندر، نائیجر

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

مکرم خالد محمود صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ریجن زیندر میں پہلی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ مسجد کی تعمیر کے لیے ڈیپارٹمنٹ مریا کی جماعت Grain Todou کا انتخاب کیا گیا۔ مسجد کی تعمیر کا آغاز مئی 2022ء میں ہوا۔ دو ماہ کے قلیل عرصہ میں تعمیر کا کام مکمل ہوگیا۔ الحمد للہ

دوران تعمیر احباب جماعت نے بہت تعاون کیا۔ مسجد کے لیے درکار ریت وپانی ہمیشہ مہیا کیا۔ دو خدام نے خاص طورپر پہلے دن سے آخری دن تک اپنے آپ کو خدمت کے لیے وقف رکھا۔

مورخہ 12؍اگست 2022ء کو مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے نماز جمعہ کے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل مکرم لامینو ابراہیم لِلّے صاحب مریا شہر کے بڑے امام نے فیتہ کاٹا۔ امیر صاحب نے خطبہ جمعہ میں ’’مسجد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے حوالہ سے احباب جماعت کو نصائح کیں۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مکرم ابراہیم ایدی فاری صاحب نمائندہ علاقائی چیف مریا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مکرم ربیلو حلیلو صاحب مئیر ڈیپارٹمنٹ مریا نے خطاب کیا، مسجد کی تعمیر پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مکرم ابراہیم ایدی فاری صاحب نمائندہ علاقائی چیف اپنے قافلے کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئے۔

مسجد کا مسقف حصہ 60 مربع میٹر ہے۔ سولر سسٹم کے ساتھ مسجد میں ایم ٹی اے بھی انسٹال کر دیا گیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر تقریباً 120 افراد شریک ہوئے۔ ریجن زیندر میں جماعت کی تعمیر کردہ یہ پہلی مسجد ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ریجن میں جماعت کو مزید ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button