پیغام حضور انورجلسہ سالانہ

حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم برموقع جلسہ سالانہ امریکہ 2022ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

پیارے ممبران جماعت احمدیہ مسلمہ یو ایس اے،

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

خدا تعالیٰ کے خاص فضل سے کووڈ (Covid) کی عالمگیر وبا کے بعد آپ کو ایک بار پھر باقاعدہ طور پر جلسہ سالانہ 2022ء منعقد کرنے کا موقع ملا ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم الشان کامیابی عطا فرمائے اور آپ تمام احباب جلسہ کے اصل مقاصد کے قدر دان ہوں جو کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بیان فرمائے ہیں۔ درحقیقت اس جلسہ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آپ مذہبی علوم اور روحانی تربیت سے فیض یاب ہوں اور جلسہ کے اختتام کے بعد جب آپ واپس جائیں تو آپ یہاں سے حاصل کردہ ہدایات کو دوسروں تک بھی پہنچائیں اور پوری کوشش کریں کہ اپنی بیعت کی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کریں۔

اس بارہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :

’’یہ سلسلہ بیعت محض بمراد فراہمی طائفہ متقین یعنی تقویٰ شعار لوگوں کی جماعت کے جمع کرنے کے لیے ہے۔ تا ایسے متقیوں کا ایک بھاری گروہ دنیا پر اپنا نیک اثر ڈالے۔ اور ان کا اتفاق اسلام کے لیے برکت و عظمت و نتائج خیر کا موجب ہو۔ اور وہ بابرکت کلمہ واحدہ پر متفق ہونے کے اسلام کی پاک و مقدس خدمات میں جلد کام آ سکیں۔‘‘

بیعت کرنے سے مراد یہ ہے کہ آپ اپنی تمام زندگی اللہ تعالیٰ کے حوالے کر دیتے ہیں۔ اگر ہم میں سے ہر ایک اس بات کو پہچانے کہ میری ذات اب میری نہیں رہی اور مجھے اللہ تعالیٰ کے تمام احکامات کی ہر حالت میں پابندی کرنا ہوگی اور انتہائی ایمان داری کے ساتھ اس پر کاربند رہنا ہو گا اور اپنے تمام اعمال کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے ما تحت لانا ہوگا۔ یہ در حقیقت بیعت کی دس شرائط کا خلاصہ ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام بیعت کند گان کی ذمہ داریوں کی مزید وضاحت ان الفاظ میں فرماتے ہیں :

’’اور تمام تر کوشش اس بات کے لیے کریں کہ ان کی عام برکات دنیا میں پھیلیں۔ اور محبت الٰہی اور ہمدردی بندگانِ خدا کا پاک چشمہ ہر یک دل سے نکل کر اور ایک جگہ اکٹھا ہو کر ایک دریا کی صورت میں بہتا ہوا نظر آوے…خدا تعالیٰ نے اس گروہ کو اپنا جلال ظاہر کرنے کے لیے اور اپنی قدرت دکھانے کے لیے پیدا کرنا اور پھر ترقی دینا چاہا ہے تا دنیا میں محبت الٰہی اور توبہ نصوح اور پاکیزگی اور حقیقی نیکی اور امن اور صلاحیت اور بنی نوع کی ہمدردی کو پھیلا دے۔‘‘

(مجموعہ اشتہارات۔ جلد اول صفحہ 196-198)

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہ ارشاد اور دیگر بہت سے ارشادات بالکل واضح کر دیتے ہیں کہ بیعت کیا ہے۔ اس لیے بیعت کرنے کے بعد آپ کو چاہیے کہ آپ ہمیشہ خود کو اپنے فرائض کی یاددہانی کراتے رہیں تاکہ آپ ان شرائط کا احترام بھی کرتے رہیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلیفة المسیح کے ساتھ اپنے تعلق کا جائزہ بھی لیتے رہیں۔ اس زمانہ میں اللہ تعالیٰ نے آپ پر خلافت احمدیہ کا خصوصی فیض اور انعام عطا فرمایا ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کو توفیق دے کہ آپ خلافت کے الٰہی نظام کے ساتھ انتہائی مضبوطی سے وابستہ رہیں۔

میری انتہائی مخلصانہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی ذاتی اصلاح کی توفیق عطا فرمائے اور اسلام احمدیت کے پیغام کو دُور دراز علاقوں تک پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور اللہ تعالیٰ ان احباب کو جو اس روحانی پیغام پر پوری توجہ مرکوز رکھیں، توفیق دے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود رہیں اور احمدیت کی پناہ میں آ جائیں۔ ان کو اللہ تعالیٰ کی حفاظت نصیب ہو اور اللہ تعالیٰ انہیں دنیا کے تمام دکھوں سے نجات عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button