آسٹریلیا (رپورٹس)

45واں نیشنل اجتماع جزائر فجی

(عبدالنور بھٹی۔ نیوز سیکشن، فجی)

منعقدہ 21،20اگست 2022ء بمقام ناندی

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 20 اور 21 اگست 2022ء کو جماعت ہائے احمدیہ جزائر فجی کی ذیلی تنظیمات کو کورونا Pandemic کی وجہ سے دو سال کے وقفہ کے بعداپنا دو روزہ سالانہ اجتماع بمقام ناندی منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہٖ العزیز کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خط بھی بھجوایا گیا۔ نیز تمام مجالس کو علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا نصاب بھجوایا گیا اور قائدین، زعماء مجالس اور لجنہ اماء اللہ کی صدور کے ذریعہ نصاب کے مطابق تیاری کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی۔ اجتماع سے قبل وقار عمل کے ذریعہ مسجد اور اس کے گردونواح کی خوبصورت پھولوں اور جھنڈیوں کے ساتھ تزئین و آرائش کی گئی ۔ اسی طرح مختلف بینزز سے بھی احاطہ مسجد کو آراستہ کیا گیا۔

20؍اگست 2022ء۔ اجتماع کا پہلا روز

مورخہ 20؍اگست 2022ء کی صُبح مہمانان کرام کی آمد کے بعد 10:45بجے پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس موقع پر مولانا محمود احمد صاحب امیر ومبلغ انچارج فجی نے دُعاؤں کے ساتھ نعروں کی گونج میں لوائے احمدیت فضا میں بُلند کیا جبکہ مکرم محمد شاہ صاحب صدر مجلس انصاراللہ فجی نے فجی کا جھنڈا لہرایا اور پھر مکرم امیر صاحب نے دُعا کروائی۔ بعدازاں امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہواجس کا اُردو اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد صدرمجلس انصاراللہ فجی نے انصار کا عہد جبکہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ فجی نے خدام اور اطفال کا عہد دُہرایا۔ اس دوران مستورات کی طرف بھی لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کا عہد دہرایا گیا۔ بعدازاں نظم پیش کی گئی اور پھرمکرم صدر صاحب جماعت ناندی نے استقبالیہ تقریر پیش کی جس میں اُنہوں نے تمام شاملین اور معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں احباب جماعت کو حضرت مُصلح موعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بابرکت الفاظ میں ذیلی تنظیمات کے قیام کی اغراض بیان کرتے ہوئے تقویٰ کی طرف توجہ دلائی اور کہا ہمارے پروگرامز کا مقصد صرف ایک gathering کرنا نہیں بلکہ ان اجتماعات اور پروگرامز کا مقصد یہ ہے کہ ان کے نتیجہ میں ہم اپنی دینی تعلیم اور تقویٰ کو بڑھانے والے ہوں۔ آپ نےاحادیث اور حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں تقویٰ کی تعریف بھی بیان کی اور اسے اختیار کرنے کی تلقین کی۔

افتتاحی تقریب کے بعدخدام، انصار اور لجنہ اماء اللہ دینی و علمی مقابلہ جات کے لیے اپنے اپنے مقرر کردہ مقامات پر تشریف لے گئے جوکہ دوپہر ایک بجے تک جاری رہے۔ ایک بجے نماز ظہر و عصرباجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا اور پھر شام چار بجے تک دینی و علمی مقابلہ جات جاری رہے۔ دینی و علمی مقابلہ جات کے اختتام پر تینوں ذیلی تنظیمات نے اپنی شوریٰ منعقد کی۔ اس موقع پر تینوں تنظیمات کے صدور کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ پہلے دن کی کُل حاضری 127 رہی۔

21 اگست 2022ء۔ اجتماع کا دوسرا روز

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد خدام، انصار اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں کرکٹ، فُٹ بال، والی بال، دوڑ، پیدل تیز چلنا اور میوزیکل چیئر وغیرہ شامل تھے۔ اسی طرح مستورات کی طرف بھی لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ نے دلچسپ کھیلوں کا انعقاد کیا۔

اختتامی تقریب

ورزشی مقابلہ جات کے بعد دوپہر ایک بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کا اُردو اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ فجی نے انصار اللہ کا عہد جبکہ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام اور اطفال کا عہد دہرایا۔ اس دوران مستورات کی طرف بھی لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کا عہد دہرایا گیا۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی اور پھر علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ممبران میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

آخر پر امیر صاحب نے آیت لَا اِکْرَاہَ فِی الدِّیْن (البقرۃ:257) اور آیت وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا (آل عمران: 104) کی روشنی میں احباب جماعت کو نظام جماعت اور نظام خلافت سے وابستگی اور عہدیدران کی اطاعت کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد اجتماعی دُعا ہوئی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ دوسرے دن کی کُل حاضری 132 رہی۔

امسال خدا تعالیٰ کے فضل سے نیشنل اجتماع میں جزائر فجی کی 9 جماعتوں سے نمائندگان شامل ہوئے۔ الحمد للہ

(عبدالنور بھٹی۔ مربی سلسلہ صُووا۔ فجی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button