اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

سانحہ ارتحال

٭… وسیم احمد ظفر صاحب مبلغ انچارج برازیل تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بزرگ والدہ مکرمہ صادقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم الحاج مولوی محمد شریف صاحب مرحوم (سابق اکاؤنٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ) 20؍جون 2022ءنیویارک امریکہ میں 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔21؍جون کو خاکسار نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں خاندان کے افراد شامل ہوئے ۔ 24؍جون بروز جمعہ بیت الظفر نیویارک میں مکرم مولانا محمود احمد کوثر صاحب مربی سلسلہ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں دور و نزدیک سے کثیر تعداد میں احباب نے شرکت کی۔ اسی دن آپ کی میت پاکستان لےجائی گئی جہاں 27؍جون کو صبح 11 بجے احاطہ صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں نماز جنازہ پڑھائی گئی اور بہشتی مقبرہ دارالفضل میں تدفین کے بعد دعا ہوئی۔ یہاں بھی باوجود سخت گرمی کے بڑی تعداد میں لوگوں نے جنازہ میں شرکت کی ۔

آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک مخلص صحابی حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ ہرسیاں والے کی سب سے چھوٹی بیٹی تھیں۔ نانا جان نے بیعت کے بعد ایک خواب دیکھا تھاجس میں ان کی عمر 45 سال بتائی گئی تھی ۔آپؓ نے یہ خواب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو سنائی اور اپنی پریشانی کا اظہار کیا کہ بیعت کے بعد جماعت کی ترقیات دیکھنی تھیں اس پر حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ اس بات پر قادر ہے کہ دوگنا کر دے۔چنانچہ اس دعا کی برکت سے نانا جان عین 90 سال کی عمر میں فوت ہوئے۔ خاکسار کی والدہ کی پیدائش بھی اس دعا کے بعد کی ہے اور پھر آپ نے بھی لمبی عمر پائی۔

والدہ بزرگوار نے بھرپور اور فعال زندگی گزاری۔ آپ نے اپنے واقفِ زندگی شوہر کے ہمراہ ایک لمبا عرصہ وقف کی روح کےساتھ بڑی تنگی اور مشکل حالات میں انتہائی صبر، محنت اور وفا کے ساتھ گزارا ۔گھر میں 9 افراد کی جملہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ گھر میں ہی کم و بیش 20 سال دکانداری بھی کی اور ان تمام تر مصروفیات کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بیسیوں بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ باوجود حالات کی تنگی اور نامساعد حالات کے آپ نے خود لمبا عرصہ سخت مشقت کی زندگی گزاری لیکن سب بچوں کو اعلیٰ دینی و دنیاوی تعلیم دلوائی

آپ کا خلافت احمدیہ کےساتھ بڑا گہرا تعلق تھا ۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے 4خلفاء کا زمانہ پانے کی سعادت ملی ۔ عبادات کے قیام کا بھی ہر وقت خیال رہتا تھا۔باقاعدگی سے بلند آواز سے تلاوت قرآن کریم کرتیں۔ جہاں خود سادہ زندگی بسر کی وہاں مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عین جوانی میں 20 سال کی عمر میں ہی نظام وصیت میں شامل ہو نے کی توفیق ملی ۔ صدقہ و خیرات کے علاوہ دیگر تحریکات میں خصوصاً مساجد فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔اپنے سب بچوں کو ہمیشہ جماعت کے ساتھ جوڑے رکھا انہیں دین کی خدمت کی تلقین کرتی رہتیں اور دین کا کام کرتا دیکھ کر بہت خوش ہوتیں اور حوصلہ افزائی کرتیں۔ ہمیشہ حضرت مصلح موعود ؓ کا یہ شعر پڑھتیں اور بچوں کو نصیحت کے انداز میں سناتی رہتیں کہ

خدمت دین کو اک فضلِ الٰہی جانو

اس کے بدلے میں کبھی طالب انعام نہ ہو

اپنے سسرال میں بھی آپ نے خاص مقام بنا کر رکھا اور بڑی بہو کے ناطے اپنے فرائض کو اس خوش اسلوبی اور محبت پیار کےساتھ ادا کیا کہ سب آپ کو ’ماں‘ کا درجہ دیتے تھے۔ اپنی بہوؤں کو بھی بیٹیوں کا پیار دیا ۔کہا کرتی تھیں کہ اپنی بیٹیاں تو دوسرے گھر چلی جاتی ہیں اصل میں تو یہ (بہوئیں) بیٹیاں ہیں ۔ غرض بےشمار خوبیوں کی مالکہ تھیں۔

آپ کے پسماندگان درج ذیل ہیں:

مکرم ظریف احمد صاحب میری لینڈ سابق نائب قائد تعلیم انصار اللہ امریکہ،مکرمہ عائشہ صدیقہ صاحبہ نارتھ کیرولائنا امریکہ، نیویارک میں سالہا سال طاہر کلاس پڑھانے کے علاوہ سیکرٹری خدمت خلق،مکرم لطیف احمد طاہر صاحب آسٹن سابق سیکرٹری ضیافت جماعت احمدیہ آسٹن ،مکرم نعیم احمد صاحب نیویارک ،آپ ایک لمبے عرصہ سے نیویارک جماعت کے سیکرٹری ضیافت کے طور پر خدمت بجا لا رہے ہیں۔خاکسار (وسیم احمد ظفر) نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل،ڈاکٹر کریم احمد شریف صدر جماعت احمدیہ باسٹن امریکہ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ جس ٹیم نے امریکہ میں لنگر خانہ کا آغاز کیا ان میں والدہ محترمہ کے تین بیٹوں مکرم لطیف احمد طاہر صاحب ،مکرم نعیم احمد صاحب اور مکرم کریم احمد شریف صاحب کو نمایاں خدمت کی سعادت ملی۔

آپ کی سب سے بڑی بیٹی مکرمہ صفیہ پروین صاحبہ1996ء میں 51 سال کی عمر میں اور سب سے چھوٹی بیٹی منصورہ ڈیڑھ سال کی عمر میں وفات پا گئی تھیں ۔ وفات کے وقت آپ کے پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں اور ان کے بچوں کی تعداد 75تھی۔

نعیم بھائی ان کی اہلیہ فوزیہ اور بچوں کو ایک لمبا عرصہ نیز ڈاکٹر کریم احمد شریف صاحب کو بالخصوص آخری ایام میں والدہ کی خصوصی خدمت کی توفیق ملی ۔ ان کے علاوہ دیگر بچگان اور رشتہ دار بھی گاہے بگاہے آ کر خدمت کرتے رہے۔

یہ والدہ مرحومہ کی سعادت ہے کہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 16؍جولائی کو اسلام آباد یوکے میں آپ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ اللہ تعالیٰ والدہ ماجدہ سے مغفرت کا سلوک کرے۔اپنے پیاروں میں جگہ دے ان کے درجات بلند فرمائےسب لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے نیز سب خدمت کرنے والوں کو اجر عظیم سے نوازے ۔ آمین

درخواستہائے دعا

٭… محمد انور پاشا صاحب بیٹر سی لندن سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی اہلیہ کو یوٹرس میں Stage 4کا کینسر Diagnoseہوا ہے جو کہ پیٹ کے سامنے والے حصہ میں کافی زیادہ پھیل چکا ہے۔ 2؍اگست 2022ء سے Treatmentشروع ہے۔

احباب سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر کامل شفا عطا فرمائے۔آمین

٭…حا فظ محمود احمد طاہر مربی سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بڑی ہمشیرہ محترمہ شبانہ فردوس صاحبہ دل کے عارضے سے بیمار ہیں۔ انہیں طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں مصنوعی دل کی دھڑکن کا آلہ (pacemaker) لگایا گیا ہے۔ ان کا ایک بیٹا کچھ سال پہلے 22سال کی عمر میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے وفات پاگیا تھا اور ایک بیٹےمکرم بلال احمد قمر صاحب مربی سلسلہ جامعۃالمبشرین گھانا میں بطور استادخدمت بجا لا رہےہیں۔

احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شافیٔ مطلق ہماری ہمشیرہ کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب ربوہ تحریر کرتے ہیں کہ محترمہ فریدہ بیگم صاحبہ بیوہ مکرم ملک محمد اسلم صاحب مرحوم سابق کارکن خدام الاحمدیہ پاکستان کو ربوہ میں گرنے کی وجہ سے دائیں کلائی میں فریکچر ہو گیا ہے ۔ پلستر کر دیا گیا ہے۔ درد کافی ہے۔ علاج جاری ہے۔ احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

اعلان ولادت

٭…جاذب محمودصاحب(متعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا ) تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی ہمشیرہ عزیزہ ثناء محمود زوجہ مکرم دانیال احمد کاہلوںصاحب (مربی سلسلہ ایم ٹی اے آن لائن)کو اللہ تعالیٰ نےاپنے فضل سے مورخہ 9؍جولائی 2022ء کو بیٹے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بچے کا نام ’جاسر ریان کاہلوں‘تجویز فرمایا ہے ۔نومولود مکرم علیم محمود صاحب (مربی سلسلہ گھانا) غانا کا نواسا ہے۔احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودکو نیک، خادمِ دین بنائے۔ والدین کے لیے قرۃالعین ہواور خلافت کا سچا فرمانبردار اور سلطانِ نصیر ہو۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button