افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالی کی بارھویں مجلس مشاورت

(واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالی)

مکرم احمد بلال مغل صاحب، مبلغ سلسلہ مالی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 21تا 22مئی 2022ء کو جماعت احمدیہ مالی کو مسجد مبارک بماکو میں اپنی بارھویں مجلس مشاورت کے انعقاد کی توفیق ملی۔

شوریٰ کا پہلا دن

مجلس مشاورت کے لیے مورخہ 21مئی 2022ءکو مالی کے تمام ریجنز سے نمائندگان شوریٰ بماکو پہنچ گئے۔ ظہر کی نماز کی ادائیگی کے بعد نمائندگان کی خدمت میں ظہرا نہ پیش کیا گیا۔

اجلاس اول: عصر کی نماز کی ادائیگی کے بعد پہلے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اجلاس کی صدارت مولانا ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے کی۔ مکرم حافظ آدم سوغے صاحب لوکل مشنری نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور نمائندگان شوریٰ کو قرآن وحدیث کی روشنی میں مجلس مشاورت کی اہمیت وضرورت سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد مکرم محمد داؤ صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ مالی نے گزشتہ شوریٰ کی تجاویز اور اس پر ہونےوالی عملی کارروائی کی رپورٹ پیش کی اور امسال مجلس شوریٰ میں پیش کی جانے والی تجاویز پڑھ کر سنائیں۔

اس کے بعد قواعد کے مطابق کمیٹی تشکیل دی گئی اور ان تجاویز پر غور کیا گیا۔ اسی طرح سفارشات مرتب کی گئیں۔ اس اجلاس کے بعد نماز مغرب وعشاءادا کی گئیں جس کے بعد نمائندگان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

اجلاس دوم: مجلس شوریٰ مالی2022ء کے دوسرے اجلاس کی صدارت بھی مکرم امیر صاحب نے کی۔ اس اجلاس میں جماعت احمدیہ مالی کا مالی بجٹ برائے سال 2022-2023ء سیکرٹری مال مکرم الکاؤطورے صاحب نے پیش کیا۔ جس کو نمائندگان مجلس شوریٰ نے زیرِ غور لانے کے بعد منظور کرلیا۔

شوریٰ کا دوسرا دن

اجلاس سوم: دوسرے روز صبح دس بجے مجلس شوریٰ کے تیسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی جس کا ترجمہ مکرم مختار جندا صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد جنرل سیکرڑی صاحب نے شوریٰ کی تجویز پر مرتب ہونے والی سفارشات پیش کیں اور ممبرانِ شوریٰ نے ان سفارشات کے بارے میں اپنے مزید خیالات کا اظہار کیا۔

اس کے بعد مالی کی آئندہ تین سال کے لیے نیشنل مجلس عاملہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ انتخاب سے قبل مکرم امیر صاحب مالی نے انتخاب کے قوانین وقواعد پڑھ کر سنائے اور ضروری ہدایات اور نصائح نمائندگان شوریٰ کو کیں۔ اس کے بعد نیشنل مجلس عاملہ کے لیے رائے شماری کروائی گئی۔ انتخاب نیشنل مجلس عاملہ کے متعلق مجلس شوریٰ کی تجاویز فیصلے کے لیے حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں پیش کی جائیں گی۔

انتخاب کے بعد امیر صاحب نے ممبرانِ شوریٰ کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف ان دو دن کے لیے اپنی جماعتوں کے نمائندہ نہیں تھے بلکہ اگلی شوریٰ تک وہ اس کے ممبر ہیں اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی جماعتوں کے احباب کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے رہیں۔ آپ نے بتایا کہ یہ تجاویز اور ان پر پیش کی جانے والی سفارشات حضورِ انور کی خدمت میں ارسال کی جائیں گیں اور آپ کی منظوری کے بعد انہیں ملک بھر کی جماعتوں میں بھجوایا جائے گا اور یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس بارے میں کماحقہ، کوششیں کریں کہ کس طرح احبابِ جماعت ان پر عمل کریں۔ دعا کے ساتھ اس دو روزہ بابرکت مجلسِ شوریٰ کا اختتام ہوا اور بہت سے ممبرانِ شوریٰ نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے کہا کہ شوریٰ میں شامل ہونا ان کے لیے جماعتی علم اور ایمان میں اضافے کا باعث ہوا ہے اور یہ دو دن ان کی روحانی اور اخلاقی تربیت میں بہت معاون وممد ثابت ہوں گے۔

نمازِ ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد ممبرانِ شوریٰ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد ممبرانِ شوریٰ اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے۔ اس بابرکت مجلسِ شوریٰ میں 76 نمائندگان نے شرکت کی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button