افریقہ (رپورٹس)

پہلا آن لائن جلسہ یوم خلافت۔ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون

دنیا کی ترقی کی رفتار بڑھتی جا رہی ہے۔ مغربی افریقی ملک سیرالیون بھی آہستہ آہستہ اس دور میں داخل ہو رہا ہے۔ نیشنل سطح پر آن لائن میٹنگز کا اہتمام کورونا کے سبب جاری ہو چکا تھا۔ اسی ضمن میں مورخہ 28؍مئی 2022ء بروز ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت ZOOM کے ذریعہ پہلےآن لائن جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ ریجنل اور انفرادی طور پر خدام جمع ہوئے تھے۔ جلسہ سے قبل انفوگرافکس کے ذریعہ اس جلسہ کی تشہیر کی گئی تھی۔

جلسے کا باقاعدہ آغاز صبح 10 بجے مکرم محمد مورث کمارا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرا لیون کی صدارت میں ہوا۔ مولوی فودے بشیر کمارا صاحب نے آیت استخلاف کی تلاوت و کریول ترجمہ پیش کیا اور مکرم طاہر کامران صاحب نے حدیث خلافت علی منھاج النبوة مع کریول ترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد اطفال کے گروپ نے ترانۂ خلافت پیش کیا۔ پروگرام کا یہ حصہ ہیڈ کوارٹر فری ٹاون ریجن سے پیش کیا گیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر مولوی حمید علی بنگورا صاحب(مبلغ سلسلہ و مہتمم اطفال) نے بو ریجن سے ’’خلافت اور خلفائے احمدیت کا تعارف‘‘ کے موضوع پر تقریرکی۔ جس کے بعد مولوی ابوبکر کمارا صاحب (مہتمم تربیت) نے مکینی ریجن سے ’’حضور انور کو خط لکھنے کی اہمیت و ضرورت اور برکات‘‘ پر تقریر کی۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ شعبہ تربیت مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت یکم رمضان المبارک سے گوگل فارمز کے ذریعہ حضور انور ایدہ اللہ کو خط لکھنے کی سہولت دی گئی ہے۔ جس میں صرف اپنا پیغام اور نام پتہ لکھنا ہوتا ہے۔ الحمد للہ خدام کے علاوہ دیگر احباب نے بھی اس طریق کو بہت پسند کیا اور سراہا ہے۔

پروگرام کے مطابق مکرم صدر صاحب مجلس نے ’’ایک برکتِ خلافت: قبولیت دعا‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ تمام تقاریر کریول زبان میں ہوئیں۔ آخر میں صدر صاحب مجلس کے ساتھ تمام شاملین نے کھڑے ہوکر عہد خلافت دہرایا۔ دعا سے اس بابرکت محفل کا اختتام ہوا۔

اس پروگرام میں مختلف ریجنز کی مجالس سے 182 خدام و اطفال شامل ہوئے۔ BO ریجن کے خدام و اطفال جامعہ ہال میں اکٹھے ہوئے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ خدام نے رکشہ میں بھی بیٹھ کر جلسہ سنا۔ اللہ تعالیٰ اس مساعی میں برکت عطا فرمائے اور آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button