امریکہ (رپورٹس)

ریجنل جلسہ سالانہ بسّم، آئیوری کوسٹ

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ریجن بسّم (Bassam)آئیوری کوسٹ کو اپنا سالانہ ریجنل جلسہ مورخہ 05؍مارچ 2022ء بروز اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جلسہ کے پروگرامز کے انعقاد کے لیے ریجنل مشنری مکرم سورو الحسن صاحب کی زیر نگرانی کمیٹی بنائی گئی۔ جلسہ سے ایک روز قبل بروز ہفتہ ہی جلسہ گاہ میں تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا نیز آمدہ مہمانان کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ شعبہ تجنید نے اپنے کام کاآغاز بھی کر دیا۔ بروز ہفتہ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی وطعام کے بعد سوال وجواب کی نشست رکھی گئی۔

جلسہ کے دن کا باقاعدہ آغاز بروز اتوار نماز تہجد کے ساتھ ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم سومارو ہارون صاحب معلم سلسلہ نے اسلام میں نماز کی اہمیت کے عنوان سے درس دیا بعد ازاں حاضرین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ مکرم امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب مرکزی وفد کے ہمراہ جلسہ میں شامل ہوئے۔ جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرانے کے ساتھ کیا۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم یحییٰ جیارا صاحب(Yaya Djiara) معلم سلسلہ نے حاصل کی بعد ازاں فرنچ زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا۔ تلاوت کے بعد مکرم زکریا سنگھارے صاحب (Sanghare Zakariya) معلم سلسلہ نے نظم پڑھی۔ مقامی روایات کے مطابق صدر جماعت تراؤرے مصطفیٰ صاحب (Traore Moustafa) نے حاضرین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں جلسہ کی تقاریر کا آغاز ہوا۔ مکرم شمس الدین (Traore Shamsoudeen)صاحب معلم سلسلہ نے آمد و صداقت مسیح موعودؑ کے عنوان سے تقریر کی۔ جس کے بعد دوسری تقریر مکرم سورو الحسن صاحب(Soro Allassane) ریجنل مبلغ سلسلہ بسم نے بعنوان آنحضرتﷺ بطور رحمۃللعالمین کی۔ مکرم جیارا یحییٰ صاحب(Diarra Yaya) معلم سلسلہ نے بعدازاں جماعت میں مالی قربانی کی اہمیت کے عنوان سے تقریر کی۔ جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان نظام خلافت کی اہمیت کی۔

بفضل تعالیٰ امسال ریجنل جلسہ بسم کی کل حاضری 1600 افراد پر مشتمل تھی۔ ریجن کی 21 جماعتوں کی نمائندگی جلسہ میں رہی۔ جس میں کئی ایک مقامی غیر از جماعت امام، سیاسی شخصیات اور مختلف گاؤں کے شیف بھی شامل تھے۔ جلسہ کے پروگرام کی براہ راست کارروائی بذریعہ فیس بک بھی آن ایئر کی جاتی رہی جبکہ آن لائن ٹی وی Samo24اور ریڈیو Radio Bassamپر بھی لائیو جلسہ سنوائے جانے کا انتظام موجود رہا۔ نیز سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع کے ذریعے بھی جلسہ کی کارروائی سے لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہا۔ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے بھی جلسہ کی ریکارڈنگ کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جلسہ کے دوررس اثرات مرتب کرے نیز جماعت احمدیہ بسم کے اموال ونفوس میں برکت عطا کرے اور ہمیشہ خلافت اور نظام جماعت کے ساتھ جوڑے رکھے اور ایمان و ایقان میں جلا بخشے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button