یورپ (رپورٹس)

سائیکل سفر مجلس انصار اللہ ڈنمارک

(محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے مجلس انصار اللہ ڈنمارک کوگزشتہ سال کی طرح امسال بھی سائیکل سفر کے انعقاد کی توفیق ملی۔ گزشتہ سال مسجد نصرت جہاں سے بیت الحمد ناکسکونک 165کلو میٹر کا سفر طے کیا گیاتھا جبکہ امسال مورخہ 4اور 5 جون کو مسجدنصرت جہاں کوپن ہیگن ڈنمارک سے مسجد محمود مالمو سویڈن کا سفر کرنے کی توفیق ملی۔

مورخہ 4؍ جون کو صبح ساڑھے دس بجے یہ قافلہ مسجد سے دعا کے ساتھ روانہ ہوا اور کوپن ہیگن شہر کراس کرتے ہوئے شام چار بجے سویڈن کے شہر ہلسنگ برگ (Helsingborg)پہنچا۔ڈنمارک کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں اکثر جگہ پر سائیکلز کے لیے علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں۔ اور اکثر یہ راستے عام روٹ سے ہٹ کر ہوتے ہیں۔ یہ روٹ جس پر ہم نے سفر کیا یہ بھی نہایت خوبصورت تھا جوکبھی جنگل سے گزرتا یا کبھی سمندر کے کنارے سے ہوتا ہوا راستے میں آنے والے چھوٹے شہر وں کو کراس کرتا۔ کیونکہ کوپن ہیگن اور مالمو کے درمیان سمندر پر ایک پل تعمیر ہے جس پر سے صرف گاڑیاں اور ٹرین گزر سکتی ہیں اس لیے سائیکل سفر کا روٹ بناتے ہوئے کوپن ہیگن سے ہلسنگیور (Helsingør)کا راستہ اختیار کیا گیا جو کہ 51کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں سے سویڈن جانے کے لیے شپ چلتےہیں۔ رات قافلہ کے ممبران نے اس شہر میں واقع ایک ہوسٹل میں قیام کیا اور اگلے روز بذریعہ شپ ہلسنگبورگ سویڈن پہنچے۔ اس طرح مسجد محمود مالمو تک 125کلو میٹر کا سائیکل سفر طے کیا گیا۔

اس سائیکل سفر کو مجلس نے اپنے سالانہ ایکٹیویٹی پروگرام میں شامل کیا تھا اور سال کے آغاز سے ہی ممبران مجلس کو اس میں شامل ہونے کے لیے توجہ دلائی جاتی رہی۔ اسی طرح مورخہ 7؍مئی 2022ء کو مسجد نصرت جہاں میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں فرسٹ ایڈ، فزیو تھیراپی اور سائیکل چلانے کے بارہ میں آگاہی دی گئی۔ اس پروگرام میں مسجد کے ہمسایہ میں رہنے والے سائیکل ٹرینر محترم کلاوس ماتھیز صاحب نے بھی شرکت کی۔ آپ نے سائیکل چلاتے وقت کن باتوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور خاص طور پر جب گروپ کی صورت میں چلائیں اور کس قسم کی ورزش کرنی چاہیے کے بارہ میں راہنمائی کی۔ اسی طرح ممبران کی طرف سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ محترم کلاوس صاحب کیونکہ خود ایک کلب کے ٹرینر ہیں اس لیے انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا کہ مسجد بھی سائیکلنگ کے پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔ اسی طرح جس دن سفر کا آغاز ہوا وہ اپنی ساری فیملی کے ساتھ باہر آکر ہاتھ ہلا کر الوداع کرتے رہے۔

مسجد محمود آمد پر محترم رضوان افضل صاحب مربی سلسلہ، صدر جماعت مالمو اور دیگر احباب نے ممبران کو خوش آمدید کہا اور نہایت پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد گاڑیوں کے ذریعہ واپسی ہوئی۔ الحمد للہ یہ دو دن موسم نہایت خوشگوار رہا۔ اس سفر کے لیے خاص طورپر ٹی شرٹس بنوائی گئی تھیں جن پر محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں ڈینش اور انگلش زبان میں تحریر تھا۔ اسی طرح لوگو اور مسلم فار پیس بھی لکھا گیا تھا۔ ان ٹی شرٹس کی وجہ سے رستے میں ملنے والے لوگوں کو ہمارے بارہ میں تعارف حاصل ہوا۔ کئی احباب نے ان ٹی شرٹس پر لکھے پیغام کی تعریف کی۔

الحمد للہ تمام احباب نے اس پروگرام کو پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ مجلس کو مزید احسن طریق پر کام کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button