افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ برکینا فاسو کے سترھویں سالانہ اجتماع کا انعقاد

برکینا فاسومیں ذیلی تنظیموں کے قیام کی بنیاد 1990ء کی دہائی کے ابتدائی سالوں میں ہی رکھ دی گئی تھی۔ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ذیلی تنظیموں کی کارکردگی بہتر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ مجلس انصار للہ برکینافاسو بھی مقدور بھر کوشش کر کے خیر کے میدانوں میں سبقت کے نئے اہداف مقرر کرتے ہوئے آگے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ دوران سال مجلس کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ ممبران نیشنل مجلس عاملہ، ناظمین علاقہ اور زعماء اپنے اپنے دائرہ کار میں کوشش کرتے رہتے ہیں تاکہ مجلس کی کارکردگی بہتر ہو۔

سالانہ اجتماع مجلس کی بڑی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ سالانہ اجتماع کے انعقاد کے لیے ہر سال ایک ریجن منتخب کیا جاتا ہے۔ سال کے شروع میں اعلان کر دیا جاتا ہے کہ آئندہ اجتماع کس ریجن میں منعقد ہوگا۔ اس طرح باری باری ملک کے مختلف حصوں میں اجتماع منعقد ہوتا جارہا ہے۔ سال 2022ء کا اسالانہ اجتماع ریجن کدگو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تیاری اجتماع

ایک ماہ قبل اجتماع کے انعقاد کے لیے کمیٹی مقرر کر دی گئی تھی۔ اس طرح اجتماع کی تیاری کے لیے مختلف ناظمین نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اجتماع گاہ کی تیاری کے لیے ایک ہفتہ قبل ایک ٹیم کدگو روانہ ہو گئی۔ اس ٹیم نے اجتماع گاہ کی تیاری کی اور سٹیج بنایا، اجتماع گاہ کو جھنڈیوں سے سجایا، بینرز لگائے، کتب کی نمائش کے لیے سٹال لگایا اور اجتماع گاہ میں سائبان لگا کر گرمی سے بچنے کا اہتمام کیا۔ ریجنل مشن ہاؤس کدگو کے ساتھ واقع احمدیہ کالج کے صحن کو اجتماع گاہ کے طو رپر تیا رکیا گیا۔ کالج کے کمروں کو رہائش گاہ اور دیگر ضرویات کے لیے استعما ل کیا گیا۔ ضیافت کی ٹیم نے وقت سے پہلے پہنچ کر مہمانوں کے لیے لنگر کا اہتمام کیا۔ ساؤنڈ سسٹم اور بجلی کا انتظام کرنے کے لیے ایک ٹیم نے محنت سے کام کیا۔

اجتماع کا پہلا روز

جمعۃ المبارک 3؍جون 2022ء

اجتماع کے پہلے روز متفرق ریجن سے انصار کے وفود نماز جمعہ سے قبل اجتماع گاہ میں پہنچ چکے تھے۔ واگادوگو سے مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو بھی نماز جمعہ سے قبل کدگو پہنچ گئے۔ مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینافاسو) نے نماز جمعہ پڑھائی اور خطبہ جمعہ میں انصار کو اہم ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

پرچم کشائی و افتتاحی تقریب

شام چار بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے برکینافاسو کا جبکہ مکرم کابورے سلیمان صاحب صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو نے انصار اللہ کا جھنڈا لہرایا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے دعا کروائی۔

اس کے بعد امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت اور ترجمہ کے بعد مکرم صدر صاحب انصار اللہ نے عہد دہرایا۔ بعد ازاں ایک ناصر نے منظوم کلام پیش کیا۔ افتتاحی اجلاس سے قبل کدگو ریجن کے گورنر کے نمائندہ، مقامی روایتی چیفس اپنے بڑے چیف کی معیت میں اوردیگر معززین تشریف لا چکے تھے۔ ان مہمانوں نے اجلاس میں شرکت کی اور جماعت کی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے محلے BURKINA میں پورے برکینافاسو کا اجتماع ہو رہا ہے ( واضح ہو کہ کدگو میں جس محلہ میں جماعت کا ریجنل مشن ہاؤس واقع ہے اس کا نام BURKINA ہے۔ یہ پرانا نام ہے۔ اس محلہ کا نام اس وقت بھی یہی تھا جب ملک کا نام ’’اپرولٹا‘‘ تھا۔ اپر وولٹا کانام 02؍اگست 1984ء کو تبدیل کر کے برکینافاسو رکھا گیا تھا۔ )گورنر کے نمائندہ نے کہا کہ ہم جماعت احمدیہ کے ممنون ہیں جنہوں نے سالانہ اجتما ع منعقد کرنے کے لیے امسال ہمارے ریجن کا انتخاب کیا۔ آج کے دور میں قیام امن کی ضرورت بہت شدت اختیا رکر گئی ہے اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات اور سرگرمیاں قیام امن کے لیے ممد و معاون ہیں۔ خاص طو رپر ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا نعرہ بہت ہی خوبصورت اور دلکش ہے۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے بتایا کہ انصار اللہ کو خلافت کے قیام اور حفاظت کے لیے نسل در نسل تیاری کی ضرورت ہے۔ آپ نے تقریر کے اختتام پر دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس کے فوراً بعد مقابلہ جا ت کا انعقاد کیا گیا۔

نما زمغرب و عشا کے بعد شبینہ اجلاس میں امسال اجتماع کے موضوع ’’حسن معاشرت کے قیام کے لیے صحیح اسلامی تعلیمات‘‘ پر فرنچ زبان میں تقریر ہوئی۔ یہ تقریر خاکسار نے کی۔ اس تقریر میں حسن معاشرت کی خاطر معاشرتی حقوق کے قیام کے لیے سیر ت النبی ﷺ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اسی طرح حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات بھی پیش کیے گئے۔

اجتماع کا دوسرا روز

مورخہ 4؍جون کو اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز اجتماعی نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا جس کے بعد خلافت کی برکات کے موضوع پر لوکل مبلغ مکرم گامسورے محمد صاحب نے درس دیا۔ اس درس کا مقامی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔

ناشتہ کے بعد مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا اور بعد ازاں شام تک علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد صحت کے موضوع پر ایک لیکچر ہوا۔

اجتماع کا تیسرا روز

مورخہ 5؍جون کو اجتماع کے تیسرے روز کا آغاز بھی اجتماعی نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا جس کے بعد نماز باجماعت کی اہمیت و برکات پر درس ہوا۔

اختتامی تقریب

صبح سات بجے اختتامی اجلاس کی کارروائی مکرم صدر مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن مجید اور ترجمہ کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مکرم صدر صاحب کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ اجلا س کی کارروائی اختتام کو پہنچی۔ اجتماع میں 16ریجنز سے انصار کے وفود شامل ہوئے۔ مجموعی طو رپر واگا دوگو ریجن اول رہا۔

امسال اجتماع میں درج ذیل مقابہ جات منعقد ہوئے۔

علمی مقابلہ جات: حسن قراءت (معیار اول )، حسن قراءت (معیار دوم)، حفظ قرآن، دینی معلومات اور نظم۔

ورزشی مقابلہ جات: گول کرنا، پے تانگ (گولہ پھینکنا) نشانہ غلیل، سلو سائیکلنگ، منہ میں چمچ لے کر لیموں لے جانا، ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر توازن برقرار رکھنا اور سوئی میں دھاگہ ڈالنا۔

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button