یورپ (رپورٹس)

چھٹا پیس سمپوزیم جماعت احمدیہ یونان

٭…حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا خصوصی پیغام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ یونان نے اپنا چھٹا نیشنل پیس سمپوزیم مورخہ 26؍مارچ 2022ء کو Divani Caravel Hotel ایتھنز میں ’’اسلام اور یورپ۔امن، شناخت اور انضمام‘‘ کے موضوع پر منعقد کیا۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّۃٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِط وَاُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَ۔ (البقرۃ:105) ترجمہ: اور چاہئے کہ تم میں سے ایک جماعت ہو۔ وہ بھلائی کی طرف بلاتے رہیں اور اچھی باتوں کی تعلیم دیں اور بری باتوں سے روکیں۔ اور یہی ہیں وہ جو کامیاب ہونے والے ہیں۔

ان آیات کریمہ کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو امن و سلامتی، دین حق اور حقیقی اسلام احمدیت کی طرف دعوت حق دینے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمدللہ۔

اس پروگرام میں قرآن پاک اور جماعتی لٹریچر کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ امن، انسانیت اور مذہبی ہم آہنگی سے متعلق قرآن کریم کی مختلف اہم تعلیمات کو بیان کرنے کے لیے 40 بینرز کی نمائش بھی شامل تھی۔

پروگرام میں شامل ہونے کے لیے مہمان شام چھ بجے آنا شروع ہو گئے تھے۔ خدام و انصار مہمانوں کوخوش آمدید کہتے اور قرآن کریم، کتب، لٹریچر اور بینرز کا تعارف کرواتے رہے۔

اس تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے کی۔ تلاوت قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے اور یونانی ترجمہ مکرم مبارک احمد بشیر صاحب کو پیش کرنے کی سعادت ملی۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ مسلمہ کی ایک تعارفی ویڈیو پیش کی گئی۔

اس سال مقررین میں یونانی فورم آف رفیوجیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یونس محمدی صاحب، یونان میں پوپ فرانسس کے سفیر اور نمائندہ ہزگریس ساویو ہان تائی فائی آرچ بشپ آف سیلا نیز یونان کے سب سے بڑے صوبے آتیکا کے نائب گورنر محترم جناب جارج دیموپولوس صاحب شامل تھے جنہوں نے صوبے کے گورنر کے نمائندے کی حیثیت سے شمولیت کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد پر مرکزی مقرر کے طور پر مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدرو مربی سلسلہ یونان نے اسلام اور یورپ، امن، شناخت اور انضمام کے عنوان پر انگریزی میں تقریری کی۔ جماعت احمدیہ یونان کی خوش قسمتی ہے کہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس امن سمپوزیم کے لیے ازراہ شفقت انگریزی میں تحریری پیغام بھجوایا جو کہ محترم مربی صاحب نے پڑھ کر سنایا۔

اس پروگرام کا اختتام رات ساڑھے آٹھ بجے دعا سے ہوا۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

اس پروگرام میں یونان کی مختلف مذہبی، سیاسی، سفارتی، سول اور انسانی حقوق کی شخصیات نے شرکت کی۔ یونان کے نیشنل ٹی وی ERTکی ویب سائٹ نے سمپوزیم کے متعلق تفصیلی رپورٹ مع تصویر یونانی زبان میں شائع کی جس کے ذریعہ حضورا نورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام ہزاروں یونانی لوگوں تک پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button