یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے شہر ایلوانگن میں اسلام و قرآن نمائش

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کو اسلام و قرآن نمائشوں کے ذریعہ بھی گذشتہ دودہائیوں سے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پہنچانے کی توفیق مل رہی ہے۔

اس سلسلہ میں نیشنل شعبہ تبلیغ، جرمنی کے مختلف شہروں میں مقامی جماعتوں کے تعاون کے ساتھ اس قسم کی نمائشوں کے انعقاد کی توفیق پا رہا ہے۔

مورخہ 9تا 13؍مارچ 2022ء جماعت احمدیہ ایلوانگن نے 5روزہ اسلام و قرآن نمائش کا اہتمام کیا۔ نمائش کی تیاری تقریباً تین ماہ قبل حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کے ساتھ آن لائن میٹنگ کے ذریعہ شروع ہوئی۔ آپ نے اس میٹنگ میں اسلام وقرآن نمائش کی اہمیت اور کامیاب نمائش کے انعقاد کے لیے اہم امور جن کاخیال رکھنا ضروری ہے کے بارہ میں بتایا۔

ابتدائی طور پر مقامی سیکرٹری تبلیغ مکرم عدنان محمد صاحب اور ریجنل مربی سلسلہ مکرم لقمان احمد شاہد صاحب نے نمائش کی جگہ کا انتخاب کیا۔ بعدازاں خاکسار نے مقامی سیکرٹری صاحب تبلیغ کے ساتھ شہری انتظامیہ سے ملاقات اور نمائش گاہ کا معائنہ کیا اور اس بات کا جائزہ لیا کہ یہاں کون سی نمائش کس طرح لگائی جاسکتی ہیں۔ جگہ پسند آنے پریہاں پانچ روزہ نمائش لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاریخ اور جگہ متعین ہونے کے بعد مقامی صدر جماعت مکرم محمد اقبال صاحب، مقامی سیکرٹری تبلیغ اور ریجنل مربی سلسلہ صاحب کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اوراُن کے سپرد مختلف کام کیے گئے۔ اس ٹیم کے ساتھ بھی نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ نے ایک میٹنگ کی۔ مرکزی شعبہ تبلیغ نے اس نمائش کا دیدہ زیب دعوت نامہ تیار کیا جس پر لکھا تھا ’اسلام کی بنیادی تعلیمات کے متعلق جاننے کے لیے اس نمائش کو وزٹ کریں‘ نیز جلی حروف میں لکھا گیا کہ ہر کوئی اس نمائش کو دیکھنے آسکتا ہے۔

مقامی افراد جماعت نے دینی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے شہر میں بلکہ 30کلومیٹر کے دائرے میں جتنے بھی قصبے ودیہات تھے اُن میں بھی اس نمائش کے پوسٹرز لگائے۔ تقریباً 30ہزار دعوت نامے تمام افراد جماعت نے مل کر مختلف طریقوں اور ذریعوں سے تقسیم کیے۔ اسی سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم لقمان احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ نے مقامی اخبارات کو اس نمائش کے متعلق تفصیل سے بتایا نیز اسلام کی خوبصورت تعلیمات کا ذکر کیا۔ نیز اطلاع دی کہ اس نمائش کی افتتاحی تقریب میں شہر کے لارڈ میئر جناب Michael Dambacher صاحب بھی شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کو مختلف اخبارات نے شائع کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کو اس شہر کےسیاسی و سماجی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ مقامی احمدی احباب مختلف رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کےلیے ہر وقت تیار رہتے ہیں اس لیے لارڈ میئر صاحب کی ہدایت پر مقامی شہری انتظامیہ نے بھی اس نمائش کی تشہیر میں معاونت کی۔

اس نمائش کو لگانے کے لیے مورخہ 8مارچ 2022ء شام 5بجے فرانکفرٹ سے خاکسار کے ساتھ مکرم حسن ظفر صاحب اور مکرم افتخار احمد صاحب 250کلومیٹر کا سفر طے کرکے یہاںپہنچے۔ جہاں مقامی افراد جماعت کی کثیر تعداد پہلے سے موجود تھی سب دوستوں نے مل کر تقریباً تین گھنٹوں میں نمائش تیار کردی۔

اس نمائش میں مندجہ ذیل مضامین کے 16بڑے بڑے پوسٹرلگائےگئے۔ اللہ تعالیٰ،قرآن کریم، آنحضورﷺ، مقدس شہر، اسلام، ارکان اسلام، اسلام میں عورت کا مقام، جہاد، اسلامک سائنس، اسلام کی امن پسندتعلیمات، تعارف حضرت مسیح موعود علیہ السلام، تعارف خلفاء حضرت مسیح موعود علیہ السلام، اسلام کی دنیا، ڈاکٹر عبدالسلام، مذہبی آزادی وغیرہ۔ ان کے علاوہ قرآنی آیات، احادیث مبارکہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کے چھوٹے چھوٹے سٹینڈز بھی لگائے گئے۔ ملٹی میڈیا کا بھی انتظام کیا گیا۔ ٹیلی ویژن پر جماعت احمدیہ کا تعارف اور حضورِانور کے دورہ جات، مساجد کے افتتاح اور سنگ بنیاد اور جماعت احمدیہ جرمنی کی تاریخ کی ویڈیوز و تصاویر نشر ہوتی رہیں۔

افتتاحی تقریب

مورخہ 9؍مارچ 2022ء کو اس نمائش کی افتتاحی تقریب عمل میں آئی۔ جناب Michael Dambacher صاحب لارڈ میئر آف ایلوانگن نے فیتہ کاٹ کر اس نمائش کا رسمی افتتاح کیا۔ بعدازاں جماعتی روایات کے مطابق اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم عاطف ندیم صاحب کے حصہ میںآئی۔ تلاوت کے بعد اس تقریب کے اسٹیج ناظم مکرم سجاد بٹ صاحب نے جماعت احمدیہ عالمگیر کا بڑے احسن انداز میں تعارف کروایا۔ اس کے بعد آج کی تقریب کے مہمان خصوصی جناب لارڈ میئر صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات اور جماعت کی رفاہی کاموں کا اعتراف کرتے ہوئے جماعت سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں درج عبارتیں اسلام کی اصل تعلیم کی عکاسی کر رہی ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ اس شہر کے باسیوں کو اگلے دنوں میں اسلام کی حقیقی تعلیم کا علم ہونے والا ہے۔ ویسے بھی اس شہر کا شاید ہی کوئی فرد ہوگا جو آپ کی جماعت کو نہ جانتا ہو۔ نیز انہوں نے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہے، بہت خوبصورت نمائش لگائی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے مذہب کو لےکر کس قدر سنجیدہ ہیں۔

اس کے بعد مکرم ریجنل مربی سلسلہ صاحب نے اسلام و قرآن نمائش کا تفصیل سے تعارف کروایا اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور دعا کرائی اس کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

مورخہ 12؍مارچ کو نسل پرستی کےموضوع پر پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جس کے شرکا میں مکرم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی ، کمبونی چرچ کے سرپرست اعلیٰ جناب Anton Schneider صاحب کے علاوہ مقامی پریس اور میڈیا مالک جناب Opferkuch صاحب نے شرکت کی۔ اس موقع پر 60سے زائد جرمن مہمان ہال میں موجود تھے۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض مکرم عدیل احمد خالد صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ نے ادا کیے۔ مہمانوں نے نسل پرستی و نسلی تعصب کے موضوع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس کی مذمت کی بعدازاں شاملین مجلس نے سوالات کیے۔

کورونا وبا کا خوف اور احتیاطی پابندیوں کے باوجود اس نمائش کو 235سے زائد مردو زن نے وزٹ کیا۔ جماعتی روایات اور وقت کی مناسبت سے آنے والے معزز مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

جناب Roderich Kiesewetter صاحب ممبر آف جرمن پارلیمنٹ بھی تشریف لائے ان کے ساتھ علیحدہ نشست ہوئی جس میں مکرم ریجنل مربی سلسلہ صاحب نے انہیں اسلام احمدیت کا تعارف کروایا موصوف بہت حیران ہوئے اور کہا کہ آج تک خاکسار کے سامنے اسلام کی یہ تصویر کسی نے پیش نہیں کی۔ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے مجھے یہاں مدعو کیا۔ موصوف نے کہا کہ میں آئندہ بھی آپ کے پروگراموں میں شریک ہونے کے لیے تیار ہوں۔ نیز انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے ذریعہ لوگوں کے اسلام کے بارہ میںشکوک و شبہات اورغلط فہمیاں دور ہوں گی۔

مجموعی طور پر لوگوں کے تاثرات بہت مثبت تھے اور وہ اسلام کی حقیقی تعلیم جان کر بہت خوش ہوئے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس نمائش کے نیک نتائج عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button