مصروفیات حضور انور

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی مصروفیات

مورخہ 02 تا 08؍مئی 2022ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي گوناگوں مصروفيات میں سے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…02؍مئی بروز سوموار: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ عید الفطر ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔

حضور انور نے خطبہ عید میں عید کے موقع پر حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کا عہد کرنے کی تلقین فرمائی۔

٭…خطبہ عید کے بعد حضورِ انور مسجد سے باہر رونق افروز ہوئے اور مسرور ہال کے اندر تشریف لے گئے جس کے ایک حصہ میں خواتین نے نماز عید ادا کی تھی۔ کچھ دیر وہاں رونق افروز رہنے کے بعد حضورِ انور مزارمبارک حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ پر تشریف لے گئے۔ راستے میں بائیں جانب جہاں مردانہ و زنانہ اوورفلو مارکی کا انتظام تھا احبابِ جماعت کھڑے اپنے آقا کا دیدار کر رہے تھے حضورِ انور نے ہاتھ ہلا کر ان کی جانب سے کیے جانے والے سلام کا جواب دیتے رہے۔ مزارمبارک پر دعا کے بعد حضورِ انور دائیں جانب رہائشگاہ کی طرف تشریف لے گئے ۔

٭…03، 04، و 06؍مئی بروز منگل، بدھ و جمعۃ المبارک: حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ان تین دنوں کے دوران شام کے قریب اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ فرمایا اور ہدایات سے نوازا۔ اس دوران حضور پُر نور نے اسلام آباد کے میدان کا دورہ فرمایا اور وہاں درختوں پر لگی سولر لائٹس کو آن کرنے کی ہدایت فرمائی۔ نیز ٹَک شاپ، نصرت بلاک (لجنہ ہال)، ایوان مسرور، کچن و دیگر جگہوں کا معائنہ بھی فرمایا۔ اسی طرح حضور انور نے مکرم مبارک احمد ظفر صاحب اور مکرم ظہور احمد صاحب کے باغیچوں میں رونق افروز ہو کر انہیں برکت بخشی۔بدھ کے روز حضور انور کے دورہ کے دوران ہلکی ہلکی بارش بھی ہورہی تھی۔ منگل کے روز حضورِ انور نے بچوں میں چاکلیٹس بھی تقسیم فرمائیں۔

٭…05؍مئی بروز جمعرات: حضور انور نے آج دوپہر بارہ بجے اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم ماسٹر چودھری فضل کریم صاحب (روہیمٹن۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور 07 مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

٭…06؍مئی بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميںخطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔

حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں آنحضرتﷺ کے عظیم المرتبت خلیفہ ٔراشد حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز مکرمہ صابرہ بیگم صاحبہ اہلیہ رفیق احمد بٹ صاحب آف سیالکوٹ اورمکرمہ ثریا رشید صاحبہ اہلیہ رشید احمد باجوہ صاحب آف کینیڈا کی وفات پر اُن کا ذکر خیر فرمایا اور ان کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

٭…07؍مئی بروز ہفتہ: حضور انور نے آج نماز عصر کےبعد درج ذیل پانچ نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی:

٭…عزیزہ فرحانہ عامر (واقفۂ نو) بنت مکرم عبدالمجید عامر صاحب (مربی سلسلہ۔ مرکزی عربک ڈیسک) ہمراہ مکرم عبدالرافع خان صاحب ابن مکرم عبدالحفیظ خان صاحب (مانچسٹر۔ یوکے)

٭…عزیزہ فضہ شیخ بنت مکرم طارق احمد شیخ صاحب (جرمنی) ہمراہ مکرم عمیر احمد صاحب ابن مکرم منیر احمد منور صاحب (مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ)

٭…عزیزہ مہوش نقوی بنت مکرم سید اظہر حسین نقوی صاحب (ساؤتھ آل۔ یوکے) ہمراہ مکرم طلعت صیام صاحب (متعلم جامعہ احمدیہ یوکے) ابن مکرم محمد صیام صاحب

٭…عزیزہ نحل محمود بنت مکرم خالد محمود صاحب (جرمنی) ہمراہ مکرم سفیر احمد بٹ صاحب (متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی) ابن مکرم محمد پرویز بٹ صاحب

٭…عزیزہ درثمین احمد بنت مکرم سعید احمد صاحب (بیلجیئم) ہمراہ مکرم عامر نذیر صاحب ابن مکرم افضل احمد صاحب (بیلجیئم)

٭…08؍مئی بروز اتوار: آج سوا بارہ بجے 12 تا 15 سال کی واقفاتِ نو (ناصرات)، برطانیہ کی حضور انور کے ساتھ آن لائن ملاقات ہوئی۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button