امریکہ (رپورٹس)

جنوبی امریکہ کے ملک فرنچ گیانا میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ

الحمدللہ کہ ایک طویل وقفہ کے بعد COVID-19 کے حوالے سے لگائی گئی پابندیوں میں قدرے نرمی واقع ہوئی اور 5؍نومبر 2021ء سے نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت ملی تو جماعت فرنچ گیانا نے قدرے آسان حالات میں جلسہ سیرۃ النبیؐ کے انعقاد کا پروگرام بنایا اور فیصلہ کیا کہ 19 دسمبر بروز اتوار اس مبارک تقریب کا انعقاد کیا جائے۔ چنانچہ تیاری کے بعد مختصر وقت میں جماعتی ممبران اور دیگر مہمانوں کو بذریعہ دعوتی خط اور میسج مدعو کیا گیا، بعض سے ملاقات کر کے جلسہ کی اہمیت بتائی گئی۔

پروگرام سے ایک روز قبل جلسہ ہال کی صفائی کرائی گئی، کرسیوں کا انتظام کیا گیا اور ہال میں ایک انتہائی خوبصورت بینر ’’سیرۃ النبیؐ کانفرنس‘‘ سٹیج کی عقبی دیوار پر آویزاں کیا گیا۔ عمومی طور پر سارا سال یہاں گرمی کا موسم رہتا ہے اس لیے جماعت نے احمدیہ مرکز اور مذکورہ ہال کو ایئر کنڈیشنڈ کروایا ہوا ہےجس کی وجہ سے اس جگہ انتہائی پر سکون اور آرام دہ ماحول ہوتا ہے۔

حسب پروگرام 19؍دسمبر کو 11:30بجے قبل دوپہر جلسہ کا آغاز ہوا۔ خاکسار نے صدارت کی اور بیلجیم سے آئے ہوئے مکرم محمد انور حسین صاحب نائب امیر جماعت بیلجیم بھی ساتھ سٹیج پر تشریف فرما ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم عزیزم عبداللہ رسول صاحب نے کی۔ ازاں بعد خاکسار نے نائب امیر صاحب بیلجیم کا تعارف کرواتے ہوئےحاضرین کو بتایا کہ وہ ہمارے مربی سلسلہ محمد بشارت صاحب کے والد صاحب ہیں اور طویل عرصہ سے جماعت بیلجیم کی خدمات بجالارہے ہیں۔ بعد ازاں خاکسار کی درخواست پر مکرم نائب امیر صاحب نے انتہائی خوش الحانی سے سیدنا حضرت مسیح موعودؑ کا نعتیہ منظوم کلام

وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا

نام اس کا ہے محمد دلبر مرا یہی ہے

پڑھ کر سنایا۔ الحمدللہ اس پرتاثیر کلام نے مجلس میں محویت کی کیفیت پیدا کر دی، نظم کے معاً بعد عزیزم ساحل رسول صاحب نے اس نظم کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا۔

پروگرام کے مطابق پہلی تقریر ایک عرب دوست جو کہ سیرین ہیں مکرم اسماعیل اسماعیل صاحب کی تھی۔ دوسری تقریر جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے مربی سلسلہ مکرم محمد بشارت صاحب نے بعنوان ’’آنحضورﷺ غیروں کی نظر میں‘‘ کی۔ جلسہ سیرت النبی ﷺ کی اختتامی تقریر خاکسار نے کرنے کی توفیق پائی۔ خاکسار نے بتایا کہ جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد اشاعت اسلام ہے اور آنحضورﷺ کے اسوہ کے بارہ میں لوگوں کو بتانا ہے اور اسلام کے خلاف اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب دینا ہے۔ اسی طرح خاکسار نے جلسہ سیرۃ النبیﷺ کے انعقاد کا مقصد بیان کیا۔

الحمدللہ یہ مبارک تقریب اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

احمدی احباب کے علاوہ غیر از جماعت احباب بھی اس پروگرام میں شریک ہوئے۔

قارئین الفضل انٹرنیشنل سے دعا کی درخواست ہے کہ خداوند تعالیٰ فرنچ گیانا جماعت کو غیر معمولی ترقیات سے نوازے اور خلافت احمدیہ کے زیر سایہ ہم ترقی کی منازل طے کرتے چلے جائیں۔ آمین

(رپورٹ: صدیق احمد منور۔ صدر و مبلغ انچارج فرنچ گیانا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button