افریقہ (رپورٹس)

چودھواں سالانہ ریجنل جلسہ گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ

مکرم لقمان فرید احمد صاحب، مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آئیوری کوسٹ کے گراں لاؤو (Grand-Lahou)ریجن کو امسال اپنا چودھواں سالانہ ریجنل جلسہ مورخہ 26 اور 27 مارچ 2022ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جس میں امیرومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے مع اراکین مجلس عاملہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ جلسہ بمقام ناندی بو ایک(Nandibo-1)منعقد ہوا۔ ریجنل جلسہ کے انتظامات خاکسار( ریجنل مبلغ سلسلہ) کی نگرانی میں انجام پائے۔ جس کے لیے جلسہ سے قبل ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا نیز انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد میٹنگز بھی کی گئیں۔ اسی طرح ریجن کی تمام جماعتوں میں باقاعدہ جلسہ میں شمولیت کے پیغامات بھجوائے گئے۔ جلسہ میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل بروز جمعۃالمبارک ہی شروع ہو گیا تھا چنانچہ اسی روز سے ہی شعبہ حاضری نے اپنا کام شروع کر دیا۔

مکرم امیر صاحب نیشنل عاملہ کے ممبران کے ساتھ 26؍مارچ بروز ہفتہ جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ بعد نماز ظہرو عصر لوائے احمدیت وقومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہوا۔ جلسہ کے اجلاس کی صدارت مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرنچ زبان میں ترجمہ کے بعد نظم پڑھی گئی۔ جس کے بعد مکرم با مبا کوتوبو صاحب نے مقامی روایات کے مطابق حاضرین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر بعنوان ’’مثالی احمدی ،حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کیا۔ اس کے بعد مکرم صلہ ابراہیم صاحب لوکل معلم سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے موضوع پر تقریر کی۔ پھر مکرم صدیق جالو صاحب نے حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی زندگی کےبعض پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس تقریر کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔

بعدازادائیگی نماز مغرب و عشاء امیر صاحب نے مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے جماعتی نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد حاضرین جلسہ کو عشائیہ پیش کیا گیا جس کے بعد مجلس سوال و جواب ہوئی جس میں حاضرین جلسہ نے سوالات کیے اور معلمین و مبلغین سلسلہ کی جانب سے ان کےجوابات دیے گئے۔

جلسہ کےدوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ جس کے بعد مکرم کو نے سلیمان صاحب نے نماز کی اہمیت کے موضوع پر درس دیا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے ریجن سے آئے ہوئے خدام سے میٹنگ کی۔ دوسرے دن کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم کونے عبدالکریم صاحب معلم سلسلہ نے نظام خلافت پر کی۔ اس کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے نظام جماعت اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم بامبا کوتوبو صاحب نے اپنے قبولیت احمدیت اور اپنی زندگی میں رو نما ہونے والے واقعات بیان کیے۔ اس کے بعد مکرم کیئیما عمر صاحب نے مسلمان نوجوان نسل اور دہشت گردی کا رجحان کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں نیشنل صدران برائے ذیلی تنظیم انصار اللہ، خدام الاحمدیہ و لجنہ اماءاللہ نے تقریر کی۔اس کے بعد جلسہ میں آئے ہوئے معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مہمانان کو جماعتی لٹریچر پیش کیا۔جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’رمضان المبارک کی اہمیت‘‘ کی اور شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد تمام حاضرین اپنے اپنے مقامات کی طرف واپس روانہ ہوگئے۔

بفضلہ تعالیٰ امسال جلسہ میں شاملین کی کل تعداد 1068 رہی۔ جس میں 17مختلف جماعتوں سے احباب جماعت نے شرکت کی۔ جبکہ جلسہ میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ نیشنل عاملہ کے بعض اراکین مثلاً صدر مجلس خدام الاحمدیہ، صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ،نمائندہ صدر مجلس انصاراللہ و دیگر نے شرکت کی۔ اسی طرح جلسہ میں چھ لوکل معلمین اور دو سنٹرل مبلغین کرام بھی شامل ہوئے۔ اس جلسہ میں کئی مقامی غیراحمدی امام اور چار سیکیورٹی افسران نے بھی شرکت کی۔

جلسہ کے دوران جماعتی کتب اور حضرت مسیح موعودؑ اور خلفا ئےسلسلہ کی تصاویر کی نمائش بھی لگائی گئی تھی جس سے بہت سے احباب جماعت اور غیر احمدی افراد نے استفادہ کیا۔اسی طرح عطیہ خون کا پروگرام بھی جلسہ کا حصہ تھا جس کے تحت 46 خون کی بوتلیں عطیہ کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ کے پروگرامز کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا سے استفادہ کیا گیا۔ نیز ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ نے بھی جلسہ کی کوریج کی اور بعد ازاں اسے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو افراد جماعت کی تربیت کا ذریعہ بنائے نیز شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جماعت گراں لاؤو کے اموال و نفوس میں برکت عطا کرے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button