افریقہ (رپورٹس)

برکینافاسو کے گاؤں بانا کوروسو Banakorosso میں مسجد کا افتتاح

جماعت احمدیہ برکینا فاسو ایک پروگرام کے تحت ملک بھر میں مساجد کی تعمیر پر کام کر رہی ہے۔ ہر سال کئی ایک خوبصورت مساجد کا اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

امسال 30ویں جلسہ سالانہ برکینا فاسو کے موقع پر مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر بطور مہمان خصوصی و مرکزی مہمان تشریف لائے۔ جلسہ کے بعد آپ نے برکینا فاسوکی جماعتوں کا دورہ کیا اور ا س موقع پر کئی مساجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ ان میں سے ایک مسجد بوبو جلاسو کے ریجن کی جماعت بانا کوروسو کی بھی تھی۔

مورخہ 29 مارچ 2022ء کو واگا دوگو سے ایک وفد مکرم مہمان خصوصی کو لے کر بوبو جلاسو کے دورہ پر روانہ ہوا۔ وفد میں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو، خاکسار، صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی نمائندگی میں ذیلا یوسف صاحب مہتمم تبلیغ خدام کی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ ہمراہ تھے۔

واگا دوگو سے تین صد پینسٹھ کلومیٹرز دور بوبو جلاسو برکینا فاسو کا دوسرا بڑا شہر ہے۔اسے برکینا فاسو کا اقتصادی دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں سے ساٹھ کلو میٹرز آگے کچے راستے پر باناکوروسو گاؤں میں جانا تھا جہاں مسجد کا افتتاح ہونا تھا۔مہمان خصوصی نے حضرت مسیح پاک کی جماعت کے مخلصین سے ملاقات کرنے کی خاطر ہشاش بشاش طبیعت کے ساتھ سفر کی اس صعوبت کو برداشت کیا ۔

مشرکین کے گاؤں میں مسجد

30؍مارچ 2022ء کو صبح ساڑھے دس بجے بوبو جلاسو سے دعا کے ساتھ روانگی ہوئی۔ بانا کوروسو Banakorossoجاتےہوئےراستے میں ایک گاؤں Souroukoudinganہے۔ یہ سارا گاؤں مشرکین کا تھا۔ کچھ عرصہ قبل یہاں جماعت احمدیہ کی کوششوں سے اسلام کا پیغام پہنچا۔ شروع میں یہاں لوگ نماز پڑھنے میں رکاوٹ ڈالتےتھے اورمسجد بنانے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔ تاہم احمدی مسلمان ہونے والے لوگوں نے ایک درخت کے نیچے نماز پڑھنا شروع کر دی اور چھوٹے چھوٹے پتھروں سے نشاندہی کر کے اسے مسجد کا درجہ دے دیا۔ بعدازاں گاؤں کے چیف نے اجازت دی تو جماعت نے وہاں ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی ہے۔ اس مسجد کا افتتاح کچھ عرصہ قبل مکرم امیر جماعت برکینا فاسو نے کیا تھا۔ وفد اس گاؤں میں تھوڑی دیر کے لیے رکا۔ یہاں کی نو زائیدہ جماعت کے ممبران سے ملاقات کی۔ اس گاؤں میں ابھی چھوٹی سی جماعت ہے۔ یہاں پانی کا حصول بہت مشکل کام ہے۔ گاؤں کے لوگ اپنی مددآپ کے تحت پانی کے حصول کے لیے مسجد کے پلاٹ میں کنواں کھود رہےہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی کوشش میں برکت ڈالے اور ان کو پانی عطا فرمائے۔ آمین

بانا کوروسو میں آمد اور استقبال

یہاں سے چل کر بانا کوروسو گاؤں میں پہنچے۔ گاؤں سے باہر خدام کی ٹیم استقبال کے لیے موجود تھی۔ گاؤں میں احمدی و غیر احمدی مہمانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ سب لوگ مسجد کے افتتاح کی تقریب میں شامل ہونے کے لیے آئے تھے۔

افتتاحی تقریب

تلاوت قرآن مجید سے تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت مقامی مبلغ محمد Belemou صاحب نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مقامی صدر جماعت نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہا اور ان کے گاؤں میں مسجد تعمیر کیے جانے پر خدا تعالیٰ کی حمدو ثنا کے ساتھ ساتھ جماعت کا شکریہ بھی اد اکیا۔ اس کے بعد ریجنل صدر جماعت صاحب نے استقبالیہ کلمات کہے اور تمام مہمانوں کا شکریہ اد اکیا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی مکرم محمد شریف عودہ صاحب نے عربی زبان میں تقریر کی جس کا رواں ترجمہ جماعت کے مبلغ مکرم دارابو الحسن صاحب نے مقامی زبان جولا میں کیا۔ آپ نے اپنی تقریر میں مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کی غرض بیان کی اور بتایا کہ اس زمانے کا امام آچکا ہے۔ اب ہم سب کا فرض ہے کہ ا س کی بیعت میں آجائیں۔ اور اگر کسی کو کوئی شک ہو تو اسے اپنے رب سے سچے دل سے دعا کر کے مدد مانگنی چاہیے تاکہ اس پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت ظاہر ہو جائے۔ آپ کی تقریر پینتالیس منٹ جاری رہی۔ بعد ازاںمسجد کے دروازے پر لگے فیتے کو کاٹ کرآپ نے اجتماعی دعا کروائی۔

اس کے ساتھ ہی احباب جماعت مسجد میں داخل ہوئے اور نماز ظہر ادا کی گئی۔ نماز ظہر کے بعد مہمان خصوصی صاحب نے احباب کے سوالوں کے جوابات دیے۔ اس موقع پر بہت سارے غیر احمدی بھی موجود تھے۔ سب نے آپ کی موجودگی سے فائدہ اٹھایا اور اپنی علمی پیا س بجھائی۔ اس تقریب کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا انتظام کیا گیا تھا۔ مسجد کے اوپر لگے لاؤڈ اسپیکر ز کے ذریعہ دور دور تک اس جلسہ کی کارروائی سنی جا رہی تھی۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہدایت او رنو ر کا ذریعہ بنادے۔ اور اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم ا س علاقے میں پھیلے۔ اس تقریب میں چار صد سے زائد مردو زن نے شرکت کی۔ ا س موقع پر مقامی جماعت کی طرف سے سب شاملین کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button