افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین گھانا کی سرگرمیاں

حمدیہ محفل

مورخہ 23؍نومبر 2021ء بروز منگل بعد نماز عصر جامعۃ المبشرین کے ہال میں مجلس ارشاد کے تحت ’’حمدیہ محفل‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ نئے تعلیمی سال کا پہلا پروگرام تھا۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی حمد پر مشتمل پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس حمدیہ محفل کے مہمانِ خصوصی مکرم رانا بلال احمد صاحب مدرس جامعۃالمبشرین گھانا تھے۔ عزیزم عیسیٰ عبد الکریم نے سورۃ الحشر کی آخری تین آیات کی تلاوت مع ترجمہ پیش کی۔ عزیزم عمر عبد الملک نے رسول اللہﷺ کی حدیثِ مبارکہ پیش کی۔ جس میں اللہ تعالیٰ کی حمدو ثنا کا بیان تھا۔ عزیزم اوسئی یوسف نورالدین نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام ’’حمد و ثنا اسی کو‘‘مترنم آواز میں سنایا اور انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔ اس کے بعد بالترتیب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفائے کرام کے اقتباسات عزیزطلباء،ایسیاؤ حکیم، آدم عبد النافع، انگبم لطیف، نالیلین عبد الرحمان، آدم عبد الرشید، ماوی محمد نے پیش کیے۔ عزیزان عبد النافع اور کمال الدین نے مقامی زبان میں حمدیہ نظم مترنم آواز سے کورس میں پڑھی۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے طلباء کو نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے شکر گزار بندے بنائے۔ آمین

نعتیہ محفل

مورخہ 30؍نومبر 2021ء بروز منگل جامعۃ المبشرین میں عصر کی نماز کے بعد نعتیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی جامعۃ المبشرین کے مدرس مکرم عبد المجید علی صاحب تھے۔ موصوف اسی جامعہ سے معلم بنے اور تب سے یہاں پڑھانے کی سعادت پا رہے ہیں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم ناصر یحیٰ نے کی۔ عزیزم عبد التواب نے احادیث پیش کیں جن میں درود شریف کے فضائل بیان ہوئے تھے۔ عزیزم عبد العزیز باہ نے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام ’’ہرطرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے‘‘ مترنم آواز سے پڑھا اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ اس کے بعد طلباء نے آنحضرتﷺ کی سیرت اور سوانح کے بارہ میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفائے کرام کے اقتباسات پیش کیے۔ ان عزیزان کے اسماء بالترتیب یہ ہیں: طاہر غلام احمد، بانچی عبد الوارث، آدم عبد السلام، سمیع اللہ آرتھر، آدم حنیس اور ابوبکر مبارک۔ بعد ازاں عزیز م کانے موسیٰ اور ان کے ساتھیوں نے جُولا زبان میں نعتیہ منظوم کلا م پیش کیا۔ مہمان خصوصی نے طلباء کو نصائح کیں۔ مجلس ارشاد کے سیکرٹری عزیزم ظفر اللہ خان نے حاضرین و مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔اور مہمانِ خصوصی نے اختتامی دعا کروائی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عشق رسولﷺ سے منور کرے اور آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

مقابلہ پیدل چلنا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 23؍دسمبر 2021ء کو جامعۃ المبشرین گھانا کے شعبہ کھیل کے تحت تیز پیدل چلنے کا مقابلہ جامعہ کے فٹ بال کے میدان میں منعقد ہوا۔ بعض طلباء اور اساتذہ کو اس مقابلہ کے لیے مفوضہ ڈیوٹیاں سپرد کی گئیں۔ اس مقابلہ کے ناظمِ اعلیٰ مولوی بلال احمد صاحب اور نائب ناظم معلم عبد المجید صاحب تھے۔ ڈیوٹیوں میں میدانِ عمل کی تیاری، ریفریشمنٹ اور طلباء اور اساتذہ کو کھانا فراہم کرنا، وقارِ عمل، ابتدائی طبی امداد، سمعی و بصری اور نتیجہ کی تیاری شامل ہیں۔ 19 طلباء کو مختلف ڈیوٹیاں سپرد کی گئیں۔ جبکہ 56 طلباء نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ مقابلہ کا آغاز نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعددعا سے ہوا جو وائس پرنسپل مکرم مبشر حسین شاہد صاحب نے کروائی۔

طلباء کو سات گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ اور ہر گروپ کے لیے ایک نگران مقرر کیا گیا جو ہر چکر پر مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء کی نمبر شماری کرتا تھا۔ ہر گروپ کے طلباء نے مختلف رنگوں کی شرٹس پہنی ہوئی تھیں اور شرٹ کے آگے اور پیچھے ہر مقابلہ میں حصہ لینے والے طالب علم کا نمبر درج تھا۔ تاکہ نمبر شماری کرنے والے نگران کے لیے آسانی ہو۔

مقابلہ کا دورانیہ دوگھنٹہ تھا اورفٹ بال میدان کے کل 35 چکر لگانے مقرر کیے گئے تھے۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء کو مقابلہ کے دوران ریفریشمنٹ مہیا کی گئی تھی۔ اللہ کے فضل سے مقابلہ میں حصہ لینے والے تمام طلباء نے 35 چکر بعافیت مکمل کیے جو تقریباً 10 کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے۔ اس مقابلہ میں عزیزم ادریس بن حکیم اول رہے جو شجاعت گروپ سے ہیں۔ یہ درجہ اُولیٰ میں ہیں اور گھانا سے تعلق رکھتے ہیں۔ دوم عزیزم ظفر اللہ خان رہے جو شجاعت گروپ سے ہیں،درجہ ثانیہ میں ہیں اور گھانا سے ہیں۔ جبکہ سوم عزیزم حمید تقی رہے،جو درجہ ثانیہ میں ہیں اور مڈغاسکر سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس مقابلہ میں مجموعی طور پر شجاعت گروپ اول رہا، جبکہ دوم دیانت گروپ اور سوم امانت گروپ رہا۔ اللہ کے فضل سے مقابلہ بخیر و خوبی انجام پایا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان طلباء کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی دےاور کامیاب مبلغ بنائے۔ آمین

سیمینار بعنوا ن ’وقف کی اہمیت‘

جامعۃ المبشرین میں طلباء اپنی زندگیاں وقف کرکے آتے ہیں اور دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان میں وقف کی روح برقرار رکھنے اور اسے تازہ کرنے کے لیے ہر سال ایک سیمینار بعنوان ’وقف کی اہمیت‘ منعقد کیا جاتا ہے۔

امسال یہ سیمینار مورخہ 4؍دسمبر 2021ء بروز ہفتہ منعقد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی مکرم الحسن عطا صاحب تھے جو کہ معلم سلسلہ ہیں۔ پروگرام کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم احمد کولیبالی نے کی۔ اوسئی یوسف نورالدین نے حدیث پڑھی جبکہ حضرت مسیح موعودؑ کا اردو پاکیزہ منظوم کلام ’’خدا کے پاک لوگوں کو خدا سے نصرت آتی ہے” عزیزم خالد سل نے مترنم آواز میں پڑھا۔ گھانا سے تعلق رکھنے والے عزیزم آدم عبد الرشید نے انگریزی میں تقریر بعنوان “وقف زندگی کی برکات” کی۔ مہمان خصوصی نے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں وقف کی اہمیتِ پر تقریر کی۔ بعدازاں انہوں نے طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب اساتذہ اور طلباء کو وقف کے تقاضے پورے کرنے کی توفیق دے اور یہ عہدوفا زندگی کے آخری لمحوں تک نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

عربی کیمپ

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جامعۃ المبشرین گھانا میں نئے چار سالہ کورس کا آغاز ہو چکا ہے۔ نئے چار سالہ کورس کے ابتدائی دو سالوں کی نصابی سر گرمیوں میں طلباء کو انگریزی، اردو اور عربی زبانوں میں مہارت حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دلائی جا رہی ہے اسی سلسلہ میں تعلیمی سال 2021-2022ء کے آغاز میں درجہ اولیٰ کے لیے عربی کیمپ کا انعقادیکم نومبر تا 18 نومبر عمل میں لا یا گیا جس کا مقصد طلباء کو عربی زبان سے متعارف کروانا تھا تا کہ وہ دوران تعلیم بھی بہترین طور پر اسلامی علوم سے خود کو بہرہ ور کر سکیں اور میدان عمل میں بھی انہیں عربی تقریر و تحریر میں کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے۔ کل 24طلباء نے اس کیمپ سے استفادہ کیا۔

عربی کیمپ سے متوقع نتائج کے حصول کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ناظم اعلیٰ مکرم الحسن الحسن احمد صاحب تھے۔ کیمپ کے انعقاد کے لیے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے جن کی نگرانی کمیٹی ممبرز کے سپرد کی گئی۔

عربی کیمپ کی نمایاں سرگرمیوں میں صبح ساڑھے سات بجے سے ڈیڑھ بجے تک تدریس تھی جس دوران طلباء کو عربی زبان میں گفتگو کے آداب اور قواعد سے آگاہی دلائی گئی۔ تدریسی اوقات کے دوران ایک پیریڈ صرف و نحو کی تعلیم کے لیے مختص رہا اور روز مرہ مستعمل عربی زبان سے واقفیت کے لیے طلباء کو عربی زبان میں موویز بھی دکھائی گئیں۔ عربی ڈکشنری کا استعمال سکھایا گیا نیز بتایا گیا کہ درس کیسے تیار کیا جاتا ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر بعد نماز عصر طلباء کھیل میں شامل ہوتے اورکیمپ کے اختتامی دنوں میں طلباء کو دو گروپس صدیقین اور مرتبطین میں تقسیم کر کے ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔

اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر رات کے کھانے پر مدعو مہمان کے ساتھ طلباء کاعربی زبان میں مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا جاتا رہا۔ جس سے طلباء کو روانی سے عربی بول چال کا موقع میسر آیا۔

باری کی بنیاد پر طلباء اسمبلی کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات میں سے منتخب حصوں کا عربی میں ترجمہ بھی پڑھ کر سناتے رہے۔ اور نماز فجر اور نماز مغرب کے بعد عربی زبان میں دروس کا سلسلہ بھی جاری کیا گیا۔ کیمپ کے طلباء میں سے بعض کو جمعہ پڑھانے کا موقع بھی دیا گیا جس میں انہوں نے عربی میں خطبہ دیا۔

مورخہ18 نومبر بروز جمعرات عربی کیمپ کی اختتامی تقریب عمل میں لائی گئی جس کی صدارت خاکسار نے بطور پرنسپل جامعۃ المبشرین کی۔ اس تقریب کے دوران کیمپ کی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی گئی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ اور طلباء شامل ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر خاکسار نے جملہ اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کو آئندہ بھی اسی طرح عربی پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی تلقین کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور دعا کروائی۔ اس موقع پر خصوصی عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

جلسہ سیرۃ النبی ﷺ

مورخہ 18؍دسمبر 2021ء بروز ہفتہ جلسہ سیرۃ النبی ﷺ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی مربی سلسلہ مکرم اسماعیل فریمپونگ صاحب تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم کیتا ابراہیم نے کی۔ عزیزم عبد التواب نے انگریزی ترجمہ پڑھا۔ عزیزم عبدالعزیز باہ نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا اردو پاکیزہ منظوم کلام “ہرطرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے” میں سے سیرۃ النبی ﷺ کے حوالے سے چنیدہ اشعار مترنم آواز میں پڑھے۔عزیزم نالیلین عبد الرحمان نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی عربی تحریرات میں سے سیرۃ النبیﷺ کے شذرات پیش کیے۔ عزیزم عمر عبدالملک نے اردو زبان میں تقریر کی جس کا عنوان تھا آنحضرت ﷺ کا جانوروں سے حسن سلوک۔ عزیزم نورالدین عبدالرحمان نے تقریر بعنوان آنحضرت ﷺ بطور امن کا شاہزادہ انگریزی زبان میں کی۔ عزیزم واتَرا امن نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پاکیزہ منظوم کلام “محمد پر ہماری جاں فدا ہے” ترنم سے پڑھ کر سنایا۔ جامعہ کے اساتذہ میں سے مکرم رانا بلال احمد قمر صاحب نے تقریر بعنوان آنحضرت ﷺ کا عورتوں سے حسن سلوک کی۔ عزیزم علی جالو اور ان کے ساتھیوں نے فلانی زبان میں آنحضرت ﷺ کی نعت کورس میں سنائی۔ آخر پر مہمانِ خصوصی نے حاضرین کو نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ سب کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عشق رسول ﷺ سے منور کرے اور آنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button