کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

عید رمضان اصل میں ایک مجاہدہ ہے

ہدیہ عید

حضرت حجۃ اللہ علیٰ الارض مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے [یکم جنوری 1903ءبروز پنج شنبہ]عید کی مبارک صبح کو جو الہام بطور ہدیۂ سنایا اور اس کے مطابق جو اشتہار شائع کیا گیا ہے اسے میں ذیل میں درج کرتے ہیں وھو ھذا:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی

وحی الٰہی کی ایک پیشگوئی جو پیش از وقت شائع کی جاتی ہے ۔ چاہیے کہ ہر ایک شخص اس کو خوب یاد رکھے۔

اوّل ایک خفیف خواب جو کشف کے رنگ میں تھا مجھے دکھایا گیا کہ مَیں نے ایک لباس فاخرہ پہنا ہوا ہے اور چہرہ چمک رہا ہے پھر وہ کشفی حالت وحی الٰہی کی طرف منتقل ہو گئی چنانچہ وہ تمام فقرات وحی الٰہی کے جو بعض اس کشف سے پہلے اور بعض بعد میں تھے ذیل میں لکھے جاتے ہیں اور وہ یہ ہیں :

یُبْدِیْ لَکَ الرَّحْمٰنُ شَیْئًا۔ اَتٰی اَمْرُ اللّٰہِ فَلَا تَسْتَعْجِلُوْہُ۔ بِشَارَۃٌ تَلَقّٰھَا النَّبِیُّوْنَ۔ خدا جو رحمان ہے تیری سچائی کو ظاہر کرنے کے لیے کچھ ظہور میں لائے گا۔ خدا کا امر آ رہا ہے تم جلدی نہ کرو۔ یہ ایک خوشخبری ہےجو نبیوں کو دی جاتی ہے۔

صبح پانچ بجے کا وقت تھا، یکم جنوری 1903ء و یکم شوال 1320ھ روزِ عید جب میرے خدا نے مجھے یہ خوشخبری دی۔ اس سے پہلے 25؍ دسمبر 1902ء کو خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک اور وحی ہوئی تھی جو میری طرف سے حکایت تھی اور وہ یہ ہے: اِنِّیْ صَادِقٌ صَادِقٌ وَسَیَشْھَدُاللّٰہُ لِیْ۔ ترجمہ: میں صادق ہوں، صادق ہوں۔ عنقریب خدا تعالیٰ میری گواہی دےگا۔ …

نوٹ:چونکہ ہمارے ملک میں یہ رسم ہے کہ عید کے دن صبح ہوتے ہی ایک دوسرے کو ہدیہ بھیجا کرتے ہیں سو میرے خداوند نے سب سے پہلے یعنی قبل از صبح پانچ بجے مجھے اس عظیم الشان پیشگوئی کا ہدیہ بھیج دیا ہے۔ اس ہدیہ پر ہم شکر کرتے ہیں۔ (ملفوظات جلد دوم صفحہ 625)

قادیان میں عید الفطر

حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے نمازِ عید سے پیشتر احباب کے لیے میٹھے چاول تیار کروائے اور سب احباب نے مل کر تناول فرمائے۔ گیارہ بجے کے قریب خدا کا برگزیدہ جری اللّٰہ فی حلل الانبیاء سادے لباس میں ایک چوغہ زیب تن کیے مسجد اقصیٰ میں تشریف لایا جس قدر احباب تھے انہوں نے دوڑ کر حضرت اقدسؑ کی دست بوسی کی اور عید کی مبارک باد دی۔

اتنے میں حکیم نورالدین صاحب تشریف لائے اور آپؓ نے عید کی نماز پڑھائی اور ہر دو رکعت میں سورۃ فاتحہ سے پیشتر سات اور پانچ تکبیریں کہیں اور ہر تکبیر کے ساتھ حضرت اقدسؑ نے گوش مبارک تک حسبِ دستور اپنے ہاتھ اٹھائے۔ (ملفوظات جلد دوم صفحہ 627)

مجاہدہ

فرمایا : عید رمضان اصل میں ایک مجاہدہ ہے اور ذاتی مجاہدہ ہے اور اس کا نام بذل الروح ہے۔ (ملفوظات جلد اول صفحہ 327)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button