اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

اعلانِ ولادت

٭… نوید احمد لیمن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ مکرم شجیب احمد صاحب ہارون مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ آشولیا بنگلہ دیش کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ 6؍مارچ 2022ء کو بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔ الحمدللہ ۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاز راہ شفقت بچی کا نام ‘ حمیرہ شجیب ’ تجویز فرمایا ہے۔ عزیزہ وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔ نومولودہ مکرم محمد موسیٰ میاں صاحب آف گھاٹورا جماعت کی پوتی اور مکرم عبد المالک صاحب آف ماہی گنج جماعت کی نواسی ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچی کو نیک، صالحہ اور قرۃ العین بنائے اور صحت و تندرستی والی دراز عمر عطا فرمائے۔ آمین

تقریب آمین

٭… ذیشان محمود صاحب مبلغ سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بیٹی عزیزہ نبیلہ نور نے محض خداتعالیٰ کے فضل وکرم سے سوا سات سال کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ کا اوّل دور مکمل کر لیا ہے۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔

بیٹی کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کروانےکی سعادت ان کی والدہ صاحبہ کو حاصل ہوئی۔اس سلسلہ میں مؤرخہ 30 اپریل 2022ء کو آن لائن تقریب آمین کا انعقاد کیا گیا جس میں رشتہ دار احباب نے شرکت کی۔ خاکسار کے استاد محترم قاری حافظ محمد اکرم صاحب حال کینیڈا (سابق آنریری معلم کورنگی کریک کراچی) نے بیٹی سےقرآن کریم سنا اور پھر دعائے ختم القرآن پڑھائی جس کے بعد رمضان المبارک اور قرآن کریم کے ربط کے حوالہ سے تلاوت قرآن کی اہمیت کے متعلق سامعین کو نصائح کیں۔ اس کے بعد آپ نے دعا کروائی جس سے اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔

احباب جماعت سے عزیزہ کےلیے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بیٹی کو قرآن کریم ناظرہ کے بعد ترجمہ سے بھی سمجھ کر پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کی پاکیزہ تعلیم پر عمل کرنے والا بنائے۔آمین

درخواستہائے دعا

٭… …شاہد معین احمد صاحب واقفِ زندگی شعبہ مرکزی ایمز (AIMS) اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کو چند روزقبل دل کی تکلیف ہوئی تھی اور ہسپتال میں داخل رہا ہوں۔ اینجیوگرافی کرنے کے بعد اینجیو پلاسٹی کی گئی اور دل میں ایک سٹینٹ ڈالا گیا ۔ ڈاکٹرز نے دو ماہ کے بعد بائی پاس تجویز کیا ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے بجائے۔ آمین

٭…صفدر نذیر گولیکی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے داماد عزیزم محمد آصف خلیل صاحب مربی سلسلہ ایک سال سے برین ہیمرج سے صاحب فراش ہیں ۔ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں ۔عمر45سال ہے اور 3چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ۔ احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور صحت و تندرستی سے نوازے۔ آمین ۔ احباب جماعت سے خاکسار کے لیے بھی درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انجام بخیر فرمائے۔

٭… شبیر احمد بلوچ صاحب مبلغ سلسلہ ماں ریجن ، آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسارکےوالد محترم محمد یوسف صاحب آف صادق پورضلع عمرکوٹ سندھ گزشتہ 20روز سےکافی علیل ہیں اورآغاخان ہسپتال کراچی میں زیرعلاج ہیں۔ محض خداتعالیٰ کےفضل اور پیارےآقاایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سےصحت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم احباب جماعت سےدعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل و کرم سے شفائے کاملہ و عاجلہ عطا کرے نیز آئندہ بھی ہر قسم کی پیچیدگی و پریشانی سے بچا کے رکھے اور صحت وتندرستی والی زندگی عطا فرمائے۔آمین

٭… رضیہ تبسم صاحبہ زوجہ مکرم عبدالشکورصاحب تحریر کرتی ہیں کہ خاکسارکی خالہ بشریٰ اسلم صاحبہ زوجہ محمد اسلم صاحب فیصل آباد کو کچھ عرصہ قبل فالج کا اٹیک ہوا تھا جس کے باعث نظر پر کا فی اثر پڑا ہے اور تاحال بصارت سے محروم ہیں نیز چل بھی نہیں پاتی ہیں جبکہ قوت سماعت بھی کافی کم ہوگئی ہے۔

احباب جماعت سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل و کرم سےانہیں شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے نیز فالج سے پیدا ہونے والی تمام پیچیدگیوں کو دور کرے اور اپنے فضل کے سائے تلے رکھے۔آمین

٭… وسیم احمد ظفرصاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ مکرمہ صادقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم الحاج مولوی محمد شریف صاحب مرحوم سابق اکاونٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ پاکستان (بنت حضرت میاں فضل محمد صاحب ہرسیاں والے صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام ) کی عمراللہ تعالیٰ کے فضل سے 97سال سے اوپرہوگئی ہے۔ماشاء اللہ۔ اب کچھ عرصہ سے دن بدن کمزوری بڑھتی جارہی ہے، یادداشت پر بھی کافی اثر ہے۔

احباب جماعت سے ان کی صحت یابی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ امی جان آج کل نیویارک امریکہ میں اپنے بیٹے مکرم نعیم احمد صاحب سیکرٹری ضیافت نیویارک جماعت کے گھر میں مقیم ہیں جہاں بھائی نعیم ان کی اہلیہ مکرمہ فوزیہ اور ان کے بچے بارعہ، عفیفہ اور فرحان ان کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں ان سب کے لیے بھی دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں احسن رنگ میں خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے اور انہیں اس کی بہترین جزا دے اور دین و دنیا کی حسنات عطا کرے نیز ان تمام عزیزوں کو بھی جو وقتا ًفوقتاً امی جان کی خدمت کے لیے آتے رہتے ہیں اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفاظت میں رکھے اور اپنے فضلوں کا وارث بنائے ۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button