جماعت Wittlich جرمنی میں جلسہ یوم مصلح موعود
ہر سال ماہ فروری میں دنیا بھر کی جماعتوں میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح کی ایک جلسے کا انعقاد20؍فروری 2022ء بروز اتوار بیت الحمد Wittlich، جرمنی میں مکرم طاہراحمد ظفر صاحب صدر جماعت کی زیر صدارت ہوا۔ آن لائن شامل ہونے کی سہولت بھی ان افرادکو دی گئی تھی جو کسی وجہ سے مسجد میں آنے سے قاصر تھے۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ کی سعادت عزیزم ذیشان بٹ صاحب کے حصہ میں آئی۔ متلو آیات کا جرمن ترجمہ عزیزم جاہد احمد ناصر صاحب نے کیا۔ پیشگوئی کے الفاظ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدکم اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی زبان مبارک سے ویڈیو کے ذریعہ سنائے گئے۔ اردومیں نظم پیش کرنے کی توفیق ڈاکٹر عاصم محمد طارق صاحب نے پائی۔ آپ نےحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نظم
مری اولاد سب تیری عطا ہے
ہر اِک تیری بشارت سے ہوا ہے
کو ترنم سے پیش کیا۔ نظم کا جرمن زبان میں ترجمہ عزیزم اسامہ قمر صاحب نے کیا۔ پروگرام کی پہلی تقریر صدر مجلس نے کی۔ آپ نے مختلف واقعات کے ذریعہ سےحضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کے مختلف پہلوؤںکوجرمن اور اردو میں بیان کیاجن میں عشق الٰہی، عشق رسولﷺ، آپ کی اسلام کے لیے ان تھک خدمات، جماعت کے افراد کے ساتھ آپ کی بے پناہ اُلفت ومحبت اور آپ کی بہادری و شجاعت کے واقعات شامل تھے۔ بعدہُ لجنہ اماءاللہ کی جانب سے ایک بچی عزیزہ مریم ناصرصاحبہ نےنظم
نونہالانِ جماعت مجھے کچھ کہنا ہے
پر ہے یہ شرط کہ ضائع مرا پیغام نہ ہو
کو خوش الحانی سے پیش کیا۔ بعض احباب جماعت کی خواہش تھی کہ کسی ایسے بزرگ کی باتیں سنی جائیں جن کی آنکھیں ان خوش نصیب و خوش قسمت آنکھوں میں شامل ہوں، جنہوں نے حضرت مصلح موعودؓ کودیکھاہو۔اور جن کے کانوں کو بھی یہ خوش بختی اورخوش اقبالی نصیب ہوئی ہو، جنہوں نے پیشگوئی کے مصداق کی خوش گفتاری اورشیریں کلامی کو سنا ہو۔ چنانچہ قرعہ مکرم حیدر علی ظفر صاحب مربی سلسلہ و نائب امیر جرمنی کے نام نکلا۔ کیونکہ آپ نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہُ کو دیکھا اور آپ کی تقاریرکوسنا ہوا ہے۔ چنانچہ ہماری جماعت کی خواہش کی تکمیل میں مکرم حیدر علی ظفر صاحب مربی سلسلہ و نائب امیر جرمنی نے ٹیلی فونک رابطہ کے ذریعہ خطاب کیا۔ آپ نے اپنے بیان میں جہاں پیشگوئی کے پسِ منظر کا نقشہ کھینچاوہاں پر آپ نے اس وجودِ مبارک کی چند ایک خصوصیات کا بھی ذکر کرتے ہوئے آپؓ کی ظاہری شکل وصورت کی خوبصورتی ، آپ کی تقاریر کی خوش بیانی و روانی اپنی یاد داشت کے مطابق بیان کیں اورآپؓ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ اس کے بعد جرمن تقریر مکرم Kasim Dalkilicصاحب نے کی۔ آپ نے حضرت مسیح موعودؑکے سفر ہوشیار پور کا تذکرہ تفصیل سےبیان کیا اور حضرت مصلح موعودؓ کے ذریعہ اسلام و قرآن کی اشاعت کی تفصیل بیان کی۔ اس کے بعد خاکسار نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہُ کے ذریعہ نظام خلافت کی مضبوطی و پائیداری کی مختصر جھلک پیش کرتے ہوئے ،اپنے آپ کو خلافت کے ساتھ جوڑنے اورمضبوط تعلق قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخرمیں خاکسار نے دعا کروائی۔ نمازِ ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعدکھانا تناول کیا گیا۔ کھانا نوش فرماتے ہی شاملین نے اپنے اپنے گھروں کا رخ کیا۔ اس پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مرتب کرنے کا سہرا مکرم سیکرٹری صاحب تربیت محمد شاہد بٹ صاحب کے سرہے۔اسی طرح کھانا پکانے اور تقسیم کرنے کی خدمت مکرم رانا جاوید اقبال صاحب سیکرٹری ضیافت اور مکرم قمر زمان صاحب کے حصہ میں آئی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب میں اس پیشگوئی کی عظمت وشوکت کو مزید سمجھنے کی صلاحیت ولیاقت پیداکردے۔ آمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ Wittlichجرمنی)