یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کی آن لائن علمی ریلی اور سپورٹس ڈے

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

آن لائن علمی ریلی مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے شعبہ تعلیم کے تحت مورخہ 10؍اپریل2022ء بروز اتوار آن لائن علمی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

علمی ریلی کا آغاز محترم ملک عارف محمود صاحب صدر مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں مکرم بشارت احمد انیس صاحب کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد مکرم رانا سکندر احمد صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام انتہائی خوش الحانی سے پڑھا۔ بعد ازاں محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اپنی افتتاحی تقریر میں بانیٔ مجلس انصار اللہ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی طرف سے مجلس انصاراللہ پر عائد تنظیمی ذمہ داریوں اوراس سے توقعات کے حوالہ سے آگاہ کیا اور نصائح کیں اور دعاکروائی۔

دعا کے بعد مکرم نعیم اللہ صاحب قائد تعلیم نے تلاوت، نظم اور تقریر کے مقابلہ جات کروائے جس میں 8انصار نے حصہ لیا۔ ان انصار نے قریباً سبھی مقابلوں میں حصہ لیا۔ سوئٹزرلینڈ کے پہلے صدر مجلس انصار اللہ محترم بشیر احمد طاہر صاحب اور محترم عبدالوہاب طیّب صاحب مربئ سلسلہ نے منصفین کے فرائض انجام دیے۔

علمی مقابلوں کے بعد محترم قائد صاحب تعلیم نے روزوں کی فضیلت کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں محتر م صدرصاحب مجلس انصار اللہ نے تمام انصار اور منصفین کا شکریہ ادا کیا۔

آخر پر صدر صاحب کی درخواست پر محترم عبدالوہاب طیّب صاحب مربئ سلسلہ نے اختتامی دعا کروائی۔

اس آن لائن علمی ریلی کو آن لائن 50 devices پر دیکھا گیا۔

سپورٹس ڈے مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ

مورخہ 13؍مارچ 2022ء بروز اتوار مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ کے زیرِاہتمام سپورٹس ڈے منایا گیا۔ اس دفعہ سپورٹس کے لیے BESECO Bowling Hall، Elsau، Winterthur میں Bowling کے مقابلہ جات ہوئے۔ جس میں ملک کی سات مجالس آرگاؤ، بیرن، بازل، نیوشاتل، ونٹرتھور، زیورخ ناصر اور مشتاق کے 24انصار بھائیوں نےشرکت کی۔ باوجود اس کے کہ نصف کے قریب انصار بھائیوں کی زندگی میں پہلی دفعہ Bowling سے جان پہچان ہوئی تھی پھربھی انہوں نے بال کو آہنی اورآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کئی پرانے کھلاڑیوں کو مات دے دی۔ مقابلے کی دوڑمیں تمام کھلاڑی مزید کھیلنا چاہتے تھے لیکن وقت کی کمی آڑے آئی اوربات پھرپہ جا پڑی۔

بہرحال تمام کھلاڑی Bowling سے خوب محظوظ ہوئے۔

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button