افریقہ (رپورٹس)

افتتاح مسجد سبحان و ریجنل جلسہ سینفرا، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت سینفرا، آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ سالانہ مورخہ 13؍مارچ2022ء بروز اتوار سینفرا شہر میں واقع نئی تعمیر کردہ احمدیہ مسجد ’’مسجد سبحان‘‘ میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی،فالحمدللہ علیٰ ذٰلک۔

جلسہ کے کامیاب انعقاد کے لیے ریجنل مشنری مکرم احتشام الحسن صاحب کی زیر نگرانی کمیٹی جلسہ تشکیل دی گئی اور انہیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا اورضلع سینفرا میں واقع مختلف جماعتوں میں مقامی معلم سلسلہ مکرم سینا کولیبالی صاحب نیز مکرم سِلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے دورہ کر کے احباب جماعت کو جلسہ میں شمولیت کی دعوت دی۔ جلسہ کی تیاریوں کا آغاز ایک روز قبل مورخہ 12؍مارچ بروز ہفتہ ہی کردیا گیا تھا۔

مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے بطور مہمان خصوصی مع مرکزی وفد، نیشنل عاملہ کے ممبران بشمول ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ یہ مرکزی وفد کل 15 افراد پر مشتمل تھا جو بروز ہفتہ نماز مغرب تک مقام جلسہ پہنچ گیا تھا جہاں پر حاضرین جلسہ نے مہمانان کرام کا استقبال کیا۔ اس کے بعد نماز مغرب وعشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔ کھانے کے بعد ایک مجلس سوال وجواب کا انعقاد کیا گیا جس کے شاملین کی تعداد 300 سے زائد تھی۔ یہ نشست اڑھائی گھنٹے سے زیادہ وقت پر محیط تھی۔

جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز بروز اتوار 13 مارچ صبح چار بجے باجماعت نماز تہجد سے ہوا ، درس اور نماز فجر کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے لوکل عاملہ کےممبران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران صدر خدام الاحمدیہ و صدر لجنہ اماءاللہ نے بھی اپنی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کی۔بعد ازاں سات بجے شاملین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ جس کے بعد مقامی ادارہ برائے عطیہ خون کی جانب سےبھجوائی گئی ٹیم کے لیے کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں کل85 مردوخواتین نے خون کا عطیہ دیا۔ سوا نو بجے تقریب پرچم کشائی ہوئی، امیر صاحب نے لوائے احمدیت بلند کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔

افتتاح مسجد سبحان

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد سینفرا شہر میں واقع جماعتی جگہ پر حال ہی میں تعمیر کردہ مسجد کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی۔یہ مسجد 324مربع میٹر زمین پر تعمیر کی گئی ہے۔ مسجد میں 500نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد 2018ء میں رکھا گیا جس کی تعمیر کی نگرانی مختلف مبلغین کرام نے وقتاً فوقتاً کرنے کی توفیق پائی۔ ان میں گزشتہ ریجنل مبلغ سینفرا مکرم شبیر احمد بلوچ صاحب و خاکسار (مبلغ سلسلہ ساں پیدرو) شامل ہیں۔ مسجد کی تعمیر کے ساتھ ساتھ چار بیت الخلاء بھی تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ لائبریری کی تعمیر بھی مسجد کے ساتھ کی گئی ہے اور مسجد کا مینار لائبریری کے اوپر تعمیر کیا گیا ہے۔ مسجد میں سیلنگ کاکام بھی مکمل کروایا گیاہے نیز اس مسجد کو ’’مسجد سبحان‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے اس مسجد کا افتتاح کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔

افتتاح مسجد کے پروگرام کے بعد تقریباً ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا فرنچ زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ جلسہ کا انتظام مسجدکے حال کے اندر نیز باہر مارکی وغیرہ لگا کر کیا گیا۔ نظم کے بعد جلسہ کی پہلی تقریر مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ بواکے نے ’’آخری زمانہ کی علامات‘‘ کے عنوان سے کی جس کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم عبدالرحمٰن صاحب لوکل معلم نے ’’خلافت کی برکات‘‘ کےعنوان پر تقریر کی۔ ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران کرام نے بھی اپنی تنظیموں کے تعارف کے عناوین سے مختصر تقاریر کیں۔ بعد ازاں جلسہ میں شرکت کرنے والے معزز غیر از جماعت مہمانان کرام نے اظہار خیال کیا۔ اس جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نےبعنوان ’’تعمیر مساجد کی غرض و غایت اور تقویٰ‘‘ کی اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں نماز ظہر وعصر جمع کرکےادا کی گئیں اور شاملین جلسہ میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےامسال جلسہ کے شاملین کی کل تعداد 1160 رہی جس میں احمدی احباب کے علاوہ غیراز جماعت احباب نے بھی شرکت کی۔ جلسہ کے انتظامات کے لیے سینفراکی ریجنل عاملہ نے خصوصی تعاون کیا اور سینفرا شہر کے خدام نے غیر معمولی جذبہ و استقلال کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیں۔ شعبہ سیکیورٹی کے کارکنان بھی ہمہ وقت مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی کرتے رہے۔ شعبہ تزئین و آرائش کے تحت داخلی و خارجی راستوں کو سجایا گیا نیز لوائے احمدیت کو جانے والے راستے اور اسی طرح مسجد کے افتتاح کی تقریب کے لیے گزرگاہ کو آراستہ کیا گیا۔ امسال جلسہ میں کئی ایک مہمانان خصوصی نے شرکت کی جس میں سینفرا شہر کے اماموں کے سربراہ، سینفرا شہر کے چیف صاحب، تاجر کمیونٹی کے سربراہ، باراجی فیملی کے نمائندہ، جولا فیملی کے نمائندہ نیز دیگر کئی ایک مقامی مساجد کے امام بھی جلسہ میں شریک ہوئے اور اظہار خیال بھی کیا جس میں جماعت کی اس مساعی کی تعریف کی اور ساتھ ہی جماعتی مسجد کی تعمیر کے اقدام کو بھی سراہا۔ ایم ٹی اےآئیوری کوسٹ نےاس جلسہ کی کارروائی ریکارڈ کرنے کی سعادت پائی۔ نیز سوشل میڈیا کے ذریعے بھی جلسہ کی کارروائی سے لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ کی برکات سے فیض اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز اس جلسہ کے دوررس اثرات مرتب ہوں اور سب شاملین کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کی شاملین جلسہ کے حق میں دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button