افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ سیرالیون کے تحت یتامیٰ میں راشن کی تقسیم

مکرم طاہر احمد فرخ صاحب مبلغ سلسلہ (ڈائریکٹر Orphan Care ہیومینٹی فرسٹ سیرالیون) تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سیرالیون جہاں اسلام احمدیت کے پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے، وہیں خدمتِ انسانیت کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق پارہی ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ سیرالیون کا قیام 2001ء میں عمل میں آیا اور کئی بار طویل مدتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے پیمانے پر مقامی آفات میں بھی خدمتِ انسانیت میں پیش پیش رہی۔

سال 2014ء میں ایبولا وائرس کے بریک آؤٹ کے سبب کئی بچے والدین یا سایہ پدری سے محروم ہو گئے۔ ایسے میں ہیومینٹی فرسٹ سیرالیون نے ہیومینٹی فرسٹ برطانیہ کے تعاون سے پچاس یتامیٰ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھائی اور اب ہیومینٹی فرسٹ مڈل ایسٹ کے تعاون سے یہ کام باقاعدگی سے جاری ہے۔ اس وقت ان بچوں کی تعداد 55ہوگئی ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ ان بچوں کو خوراک، پانی، رہائش، لباس کے ساتھ ساتھ خصوصاً تعلیم اور تربیت فراہم کر رہی ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ نے ان میں WASSCE امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء کی یونیورسٹی کی ضروریات میں بھی مدد کی تھی۔

مورخہ 12؍مارچ 2022ء کو خاکسار کی نگرانی میں احمدیہ مسلم ہیڈکوارٹر مکینی ریجن میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت مولوی عبد اللہ یو تورے (لوکل مشنری مکینی ریجن) نے کی اور مولوی فواد ایس بنگورا صاحب نے ان کی معاونت کی۔ تلاوت کے بعد صدرِ مجلس نے پروگرام کا تعارف کروایا اور اپنی تقریر میں ان طلباء کو تعلیم میں خصوصی توجہ کرنے اور اسلامیات (IRK) کے مضمون کی اہمیت اور اس کو اختیار کرنے کی طرف توجہ بھی دلائی۔ جس کے بعد تمام بچوں میں فی کس پندرہ کلو چاول اور پینسٹھ ہزار لیون تعلیمی سکالر شپ تقسیم کیا گیا۔ تقسیم کی گئی اشیاء کی قیمت آٹھ ملین لیونز سے زائد تھی۔ الحمد للہ ۔دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

ان بچوں کی ماؤں اور سرپرستوں نے خدمت انسانیت کے اس کام میں جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کو سراہا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں کو قبول فرمائے اور ہمیں بہترین رنگ میں انسانیت کی خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button