حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…یوکرینی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روس نے پہلی مرتبہ ماریوپول پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بمبار طیاروں کا استعمال کیا۔ ماریوپول میں صورتحال مشکل بنادی گئی ہے اور سڑکوں اور بندرگاہی علاقے کے ارد گرد لڑائی جاری ہے۔ روس اپنی مزیدافواج ماریاپ کے علاقوں، روبزنے اور پوپاسنا پر قبضے کرنے کیلئے جمع کررہا ہے۔

٭…کیئو ریجن کے پولیس چیف آندری نبیتوف نے دعویٰ کیا کہ روسی فوج کے کیئو ریجن سے انخلا کے بعد سے اب تک وہاں 900سے زائد شہریوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔جنہیں فارنزک میڈیکل انسٹیٹیوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔آندری نبیتوف کے مطابق کیف ریجن کے شیوچینکو گاؤں میں ملنے والی کچھ لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ان کے جسموں پر تشدد اور گولیوں کے نشانات ہیں۔ روسی فوج کے انخلا والے علاقوں سے ہر روز ملبے کے نیچے اور اجتماعی قبروں میں مزید لاشیں مل رہی ہیں۔

٭… برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن، سیکرٹری خارجہ لز ٹرس، وزیر دفاع بین والیس سمیت 10دیگر برطانوی حکومتی عہدیداروں اور سیاست دانوں پر روس میں داخلے پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے روس کی وزارت خارجہ نے کہاکہ یہ پابندی لگانے کا اقدام برطانوی حکومت کی جانب سے غیرمعمولی دشمنی پر مبنی کارروائیوں خاص طور پر سینئر روسی حکام کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کے فیصلے کے پیش نظر کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی پابندی کی فہرست میں مزید افراد کو بھی شامل کیا جائے گا۔کریملن نے برطانوی وزیر اعظم کو روس مخالفت میں سب سے زیادہ سرگرم شخص قرار دیا ہے۔

٭…سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف پاکستان کی قومی اسمبلی کے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوگئے۔ وہ بلامقابلہ کامیاب ہونیوالے پاکستان کے بارہویں اسپیکر ہیں۔

٭…امریکا کے محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہےکہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پرکوئی بات نہیں کروں گا۔ اس بات کا بھی اعتراف ہے کہ پاکستان اور عوام ملک میں دہشت گرد حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف آنے والی تحریک عدم اعتماد کو امریکا کی سازش قرار دیا تھا۔

٭…پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں دھمکیوں کے خلاف دن رات کام کر رہی ہیں۔ پاکستان کی طرف کسی نے بھی میلی آنکھ سے دیکھا تو اس آنکھ کو نکال دیں گے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اعلامئے میں سازش کا لفظ نہیں ہے، افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردار کشی کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، یہ ملک کے مفاد کے سراسر خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں اس امر کا اعتراف کیا گیا ہے کہ متعلقہ دستاویز میں غیرپارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا ہے نیز اس کے مندرجات پاکستان کے داخلی امور میں دخل اندازی کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی رات فوجی افسروں کے وزیرِ اعظم ہاؤس جا کر وزیر اعظم سے ملاقات کے حوالے سے سب باتیں بالکل جھوٹ ہیں، بی بی سی نے ایک بے بنیاد خبر شائع کی ہے جو انٹرنیشنل لیڈنگ ایجنسی کی طرف سے شائع ہونا مناسب نہیں۔ یہ ایک مکمل من گھڑت اسٹوری تھی ایسا کچھ نہیں ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، جلسے جلوس جمہوریت کا حصہ ہیں۔ ڈی مارش صرف سازش پر نہیں دیا جاتا، اس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آج کی پریس بریفنگ کا مقصد قومی سلامتی کی صورتِ حال سے آگاہ کرنا ہے۔ 3 ماہ کے دوران 128 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

٭…امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان حکومت کیخلاف سازش نہ ہونے سے متعلق کہا کہ سازش کے حوالے سے امریکا کا پیغام بڑا واضح ہے، ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ سازش نہ ہونے سے متعلق ترجمان پاکستانی فوج کے بیان سے متفق ہیں۔ پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے، وزیر اعظم شہبازشریف اور ان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

٭…شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی نگرانی میں نئے ہتھیاروں کے نظام کا تجربہ کیا گیا ہے۔ تجربے سے ملکی جوہری ہتھیاروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ کم جونگ نے دفاعی صلاحیتوںاور جوہری جنگی قوتوں کو مزید بڑھانے کیلئے اہم ہدایات دی ہیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی طرف دو پروجیکٹائلز فائر کیے ہیں۔

٭… طالبان حکومت کی جانب سے پاکستانی فوج کے جیٹ طیاروں کی افغانستان کے صوبہ کنڑ اور صوبہ خوست کے کچھ علاقوں پر بمباری کا الزام عائد کرنے پرپاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان نے گذشتہ چند ماہ میں بارہا افغانستان کی طالبان حکومت سے پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوج کے جیٹ طیاروں نے ہفتہ کی صبح افغانستان کے صوبہ کنڑ اور صوبہ خوست کے کچھ حصوں پر گولہ باری کی جس سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کئی بار افغانستان کی حکومت سے سرحدی علاقہ محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے لیکن اس کے باوجود دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان میں کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم پاکستان، افغانستان کی آزادی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے

٭… پاکستان بھر میں ایدھی فاؤنڈیشن کے نام سے سب سے بڑے سماجی فلاحی نیٹ ورک کے مرحوم بانی عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی جمعہ 15 اپریل کو کراچی کے ایک ہسپتال میں74 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے بہت علیل تھیں۔
16 اپریل کو نماز جنازہ میں حکومتی، سرکاری عہدیداروں اور عوام کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سندھ پولیس کے دستے نے بلقیس ایدھی کی میت کو سلامی دی اور ان کی تدفین سرکاری سطح پر کرنے کے انتظامات کیے گئے۔
بلقیس ایدھی نے چند برس قبل انتقال کر جانے والے اور انسان دوست فلاحی سرگرمیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کے ساتھ مل کر کئی عشروں تک یتیموں، لاوارثوں اور ضروت مندوں کی غیر مشروط مدد کی تھی۔
عبدالستار ایدھی اور بلقیس ایدھی کی دیگر بہت سی انتہائی گراں قدر خدمات کے ساتھ ساتھ ان کا ایک بے مثال کام ‘جھولوں’ کا قیام تھا۔ بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن آج تک ایسے 42 ہزار سے زائد پاکستانی بچوں کی جانیں بچا چکی ہے۔
انہی خدمات کو سراہتے ہوئے جماعت احمدیہ مسلمہ کی جانب سے 2010ء میں ایدھی صاحب کو احمدیہ مسلم پیس پرائز سے نوازا گیا تھا۔

٭… انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں مذہبی گروہوں میں تصادم، پولیس اہلکار سمیت نو افراد زخمی ہو گئے۔ ابھی انڈیا کے مختلف حصوں میں ہندو مسلم مذہبی کشیدگی کی فضا تھمی نہیں تھی کہ دارالحکومت دلی کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقے جہانگیر پوری میں تشدد اور ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں۔ہنگامے اور تشدد کا یہ واقعہ سنیچر کے روز ہندوؤں کے بھگوان ہنومان کی یوم پیدائش کے جلوس کے دوران اس وقت ہوا جب جلوس پر پتھراؤ کیا گیا۔پولیس کے مطابق جلوس پر پتھراؤ کرنے والے 14 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم پولیس نے ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔پولیس کے مطابق اس ہنگامے میں پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوئے ہیں اور مشتعل مظاہرین نے چند گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا۔وزیر داخلہ امت شاہ نے دلی پولیس کے اعلیٰ حکام سے بات کرنے کے بعد ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

٭…سابق امریکی صدر باراک اوباما نے حال ہی میں طویل عرصے کے بعد وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ جو بائیڈن نے سابق صدر کے لیے ظہرانے کی میزبانی بھی کی۔اس تقریب کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موجودہ صدر جوبائیڈن کو نظر انداز کرتے ہوئے ہجوم نے سابق صدر اوباما کو گھیر رکھا ہے۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ واضح طور پر کوئی بھی جو بائیڈن سے بات نہیں کرنا چاہتا۔

٭…امریکی شہر ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کی میزبانی میں مسلم سسٹر سٹیز بشمول ہیوسٹن 50 سے زائد تنظیموں کے اشتراک سے بے یو سٹی ایونٹ سینڑ میں منعقد ہونے والے امریکا کے سب بڑے افطار ڈنر ہیوسٹن افطار ڈنر میں رکن کانگریس ایل گرین، منتخب نمائندوں اور غیر ملکی سفارت کاروں سمیت دو ہزار افراد نے شرکت کی۔ ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کا کہنا ہے کہ مسلمان امریکی معاشرے کا کلیدی حصہ ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے۔

٭…جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن اور اُس کے گرد و نواح میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 259 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا نے ان سیلابی بارشوں کو موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اس تبدیلی سے نمٹنے میں اب مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

٭…امریکی ایئرلائنز کی پرواز میں خاتون کو امریکی ایوی ایشن ریگولیٹر کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق فلائٹ کے دوران جہاز کی کھڑکی کھولنے اور عملے پر حملہ کرنے کی وجہ سے خاتون پر 81 ہزار 950 امریکی ڈالرز جرمانہ عائد کیا ہے۔ عملے نے فوری طور پر خاتون کے منہ پر ٹیپ لگا کر اسے سیٹ سے باندھ دیا تھا کیونکہ وہ کھڑکی کھول کر دوسرے مسافروں کے لیے خطرے کا باعث بن رہی تھی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال جولائی میں پیش آیا تھا لیکن ایف اے اے نے تفصیلی انکوائری کے بعد گزشتہ دنوں جرمانے کا اعلان کیا ہے۔

٭…فلپائن میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 148 ہو گئی ہے۔ زمینی تودوں اور سیلابوں سے تباہ حال علاقوں میں کئی افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اب بھی متعدد لوگ لاپتہ ہیں۔ کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں نے ہزاروں افراد کو نقل مکانی پرمجبور کیا ہے۔ وسطی صوبے لیئٹی میں زمینی تودوں نے کسانوں اور ماہی گیروں کے وسیع علاقے تباہ کر دیے ہیں۔ متاثرہ ساحلی پٹیوں پر بھی تلاش کا کام جاری ہے جہاں کئی لوگ سمندری لہروں میں بہہ گئے ہیں۔ قدرے اونچائی والے علاقوں میں خراب موسم اور کیچڑ کی وجہ سے امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ صورت حال کئی روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔

٭…بھارتی ریاست آسام میں گرج چمک کے طوفان اور بارشوں سے 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ طوفان اور بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں کئی گھر تباہ ہو گئے۔ متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے پول گر گئے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے آسام اور منی پور سمیت کچھ بھارتی ریاستوں میں اگلے پانچ دنوں تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

٭…برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کا دیوالیہ ہونا بہت سے غریب ممالک کے دیوالیہ ہونےکی جانب پہلا قدم ہوسکتا ہے۔ اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بلند شرح سود غریب ممالک کی مالیات کو متاثر کرتی ہیں۔ غریب ممالک کے کل قرضوں کا تقریباً ایک تہائی سود پر مشتمل ہے۔ مالیاتی مشکلات اور افراط زر کا دباؤ حکومتوں کو ختم کرنے کیساتھ معیشت کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور تیونس میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بےامنی کو ہوا دے رہی ہیں۔ امریکا کو بھی اس بار کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اکانومسٹ کے مطابق یورپ کو بھی توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ متعدد درمیانی آمدنی والے ممالک کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ چین میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہے۔ ارجنٹائن غیرمستحکم قرضوں کے بوجھ تلے لڑکھڑا رہا ہے۔ غریب ممالک کو ہنگامی امداد فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔ جیو پولیٹیکل تنازعات غریب دنیا کے معاشی مسائل کو مزید بدتر اور حل کرنا مشکل بنا رہا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button