یورپ (رپورٹس)

فرانس میں میئر اور ٹی وی صحافیوں کو اسلام احمدیت کا پیغام

احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام امن و سلامتی کا پیغام ہے۔ جماعت احمدیہ میں جہاں عوام الناس تک اس پیغام کو پہنچانے کے لیے انفرادی و اجتماعی تبلیغی پروگرام بنائے جاتے ہیں۔ وہاں معاشرہ کے تعلیم یافتہ طبقہ، عوامی نمائندگان اور صحافیوں تک بھی اس پیغام کو پہنچانا مفید ہوتا ہے۔

سیں پری کی میئر سے ملاقات

مورخہ 17 جنوری 2022ء کو خاکسار کو Saint Prix کی نئی منتخب ہونے والی میئر Madame Céline Villecourtسے ملاقات کا موقع ملا۔ یاد رہے کہ اس علاقہ میں جماعت کا مرکزی مشن ہاؤس اور مرکزی مسجد ہے۔ اس ملاقات میں میئر کی سیکرٹری Madame Delphine Gouget بھی ساتھ تھیں۔

موجودہ میئر سے پہلے میئر Mr. Jean Enjalbert کے بھی جماعت کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔ اسے حضور انور سے بھی کئی مرتبہ ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ جماعت نے بھی متعدد فلاحی کاموں میں ان سے تعاون کیا۔ ان کی اپیل پر ایک مرتبہ علاقہ کے ایک خستہ حال چرچ کی مرمت کے لیے ایک مارچ کا پروگرام بنایا اور تقریباً 7 ہزار یورو جمع کرکے پیش کرنے کا موقع ملا۔ ایک مرتبہ مقامی لوگوں کو اسلام احمدیت سے متعارف کروانے کے لیے موصوف نے مسجد میں پروگرام منعقد کروایا۔ مہمانوں کی ضیافت کے علاوہ خاکسار کو ان کے اسلام سےمتعلق سوالات کے تفصیلی جوابات دینے کی توفیق ملی۔

او بون کی میئر سے ملاقات

سیں پری کی ہمسایہ کونسل کا نام Eaubonne ہے۔ اس کی موجودہ میئر Madame. Marie-José BEAULANDE سےملاقات 15؍فروری 2022ء کو ہوئی۔ ملاقات میں ان کی معاونہ Madame Sabrine Sassiموجود تھیں۔ جماعتی وفد میں خاکسار کے علاوہ سیکرٹری امورخارجیہ مکرم طلحہ رشید صاحب اور صدر لجنہ اماء اللہ کی طرف سے مادام بالعربی لیلیٰ صاحبہ سیکرٹری خدمت خلق اور مادام آمیناتہ طورے صاحبہ سیکرٹری تبلیغ شامل تھیں۔ جنہوں نے لجنہ اماء اللہ کی تنظیم، عمومی پروگرامز اور کووڈ کے دوران خدمت خلق کی مساعی کا ذکر کیا۔

ان کے پیشرومیئر Mr. Grégoire DUBLINE سے بھی جماعت کے تعلقات تھے۔ یہ تعلقات اس علاقہ کے احمدی رہائشی مکرم سعید احمد چیمہ صاحب نیشنل سیکرٹری وصیت کے ذریعہ سے بنے۔ کونسل کی طرف سے جب بھی پرانی اشیاء کی مرمت کے لیے ورک شاپس لگتیں تو ہمارے خدام خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار اس میں حصہ لیتے۔ خاکسار نے ان سے ملاقات میں کتب کے تحفہ کے علاوہ اسلام احمدیت کا تفصیلی تعارف پیش کیا تھا۔

ان دونوں ملاقاتوں میں احمدیت کا تفصیلی تعارف، اسلام کے پرامن پیغام، اور خدمت خلق اور بنی نوع انسان سے محبت کے بارہ میں اسلامی تعلیمات پیش کرنے کا موقع ملا۔ اسی طرح جہاد، آزادئ مذہب و اظہار، عورت کا مقام، پردہ کی حکمت، توہینِ مذہب اور ارتداد کی سزا کے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ پھر نصرت جہاں سکیم کے تحت دنیا بھر میں ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں اور ہیومینٹی فرسٹ کی بے لوث انسانی خدمات کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ احمدیوں کی مخالفت کا ذکر بھی آیا۔ اس دوران دونوں میئرز کے سوالات کے جوابات بھی دینے کی توفیق ملی۔فالحمد للہ۔

ٹی وی صحافیوں سے ملاقات

مورخہ 9؍فروری 2022ء کو خاکسار کو فرانس کے ایک نیشنل ٹی وی M6 کے پیٹرن اور صحافیوں سے ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ اس ملاقات کا موقع ایسے بنا کہ حال ہی میں اس ٹی وی کی ایک صحافی Madame Ophélie Meunier نے فرانس کے شمالی علاقہ کے ایک شہر میں سلفی مسلمانوں سے متعلق ایک ڈاکومنٹری بنائی تھی۔ جس کے رد عمل میں بعض متشدد سوچ والوں کی طرف سے صحافی کو دھمکیاں دی گئیں۔ اس پس منظر میں بعض غیراحمدی امن پسنداماموں کے ساتھ اس ٹی وی کے پیٹرن اور بعض صحافیوں سے ملاقات ان کے دفتر میں ہوئی۔

خاکسار کو ان سب کے سامنے توہین مذہب اور جہاد کے متعلق اسلامی تعلیمات بیان کرنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ پاکستان میں احمدیہ مخالف قانون کی بنا پرانتہا پسند مسلمانوں کی طرف سے امن پسند احمدیوں پر ڈھائے جانے والےمظالم کا بھی ذکر کیا۔ خاکسار نے ان کے ایک ذمہ دار کو یہ تجویز بھی دی کہ جہاں آپ لوگ انتہا پسندمسلمانوں سے متعلق خبریں دیتے ہیں وہاں اسلام اور بانئ اسلامﷺ کاصحیح اور مثبت تصور بھی پیش کریں تالوگ انتہا پسند مسلمانوں اور دینِ اسلام میں فرق کرسکیں۔ خاکسار کی اس تجویز کو پسند کیا گیا۔ اس سلسلہ میں خاکسار نے اپنی خدمات کو پیش کیا۔

احباب سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اشاعت اسلام کے لیے تمام احمدیوں کی مساعی کو قبول فرمائے اور اس کے ثمرات حسنہ عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: نصیر احمد شاہد۔ مبلغ انچارج فرانس)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button