افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ لائبیریا کے ووکیشنل کالج کی تیرھویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد

(مرزا عمر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو ہیومینٹی فرسٹ لائبیریا کے ووکیشنل کالج کی تیرھویں سالانہ گریجوایشن کی تقریب مورخہ 28؍نومبر کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب میں محترم امیر و مشنری انچارج لائبیریا اور حکومت کی جانب سے کھیلوں کے نائب منسٹر پیٹر بیماء نے شرکت کی۔

گریجوایشن کی تقریب کے سارے انتظامات پرنسپل ہیومینٹی فرسٹ کالج مکرم سلمان احمد صاحب نے اپنی نگرانی میں ادا کیے۔

لائبیریا میں ہیومینٹی فرسٹ کے ووکیشنل کالج کا آغاز 2011ء میں ہوا۔ آغاز میں سکول سٹاف صرف چار افراد پر مشتمل تھا اور طلباء کی تعداد بھی نہایت کم تھی۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ محض اللہ کے فضل سے کالج اپنی جڑیں مضبوط کرتا چلا گیا اور قوم کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہنر کی طاقت دینے کے دس سال مکمل کر چکا ہے۔

امسال ہیومینٹی فرسٹ ووکیشنل کالج اپنے دس سال مکمل کر رہا ہے اور تعلیمی معیار کو ہر سال اچھے سے اچھا بناتے ہوئے بارہ بیچ تعلیم مکمل کر کے میدان عمل میں کالج کا نام روشن کر رہے ہیں۔

مورخہ 28؍نومبر کو تیرھویں گریجوایشن تقریب میں کل 270 طلباء میں امیر صاحب لائبیریا اور نائب منسٹر صاحب نے اسناد تقسیم کیں۔ ان 270 طلباء نے مختلف شعبہ جات میں مقرر کردہ کورس مکمل کر کے باقاعدہ امتحان پاس کیا۔

قارئین کی دلچسپی کے لیے یہاں اس بات کا تذکرہ کرنا بے سود نہ ہوگا کہ ہیومینٹی فرسٹ لائبیریا اس وقت مندرجہ ذیل چھ شعبہ جات میں طلباء کو تعلیم دینے میں مصروف ہے

٭ ڈرائیونگ ٭کمپیوٹر کورس ٭الیکٹریشن ورک ٭ٹیلرنگ ٭ریفریجریٹر اور اے سی مرمت کورس ٭آٹو مکینک کورس

تقریب کے آخر میں نائب منسٹر صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کی کاوشوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ لائبیریا ووکیشنل کالجز میں سے ہیومینٹی فرسٹ کا نام نمایاں ہے اور یہ ادارہ لائبیریا کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اور امید کرتی ہے کہ یہ ادارہ اپنا دائرہ کار ہر آنے والے دن کے ساتھ وسیع سے وسیع تر کرتا چلا جائے گا۔

(رپورٹ: مرزا عمر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button