ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کبابیر فلسطین کی سرگرمیاں

(شمس الدین مالاباری ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کبابیر)

سالانہ اجتماع وقف نو

مورخہ 19؍مارچ 2022ء کو واقفین نو کبابیر کا ساتواں سالانہ اجتماع منعقد کیا گیا۔ کبابیر میں اب تک 37واقفین نو ہیں جن میں سے اکثر ابھی چھوٹے ہیں جو ابتدائی سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ پانچ چھ واقفین ہائی سکول اور کالج میں زیر تعلیم ہیں۔

اجتماع واقفین نو کبابیر 2022ء

اجتماع میں واقفین نو اور واقفات نو نے تلاوت قرآن کریم، قصیدہ خوانی، احادیث، خطابات اور اذان وغیرہ کی تیاری کرکے اپنی اپنی عمر کے مطابق بڑے اچھے رنگ میں پیش کیا۔ مکرم سیکرٹری صاحب وقف نو نے سالانہ رپورٹ پر مبنی اپنی تقریر پیش کی۔ تمام واقفین کو انعامات دیے گئے۔مغربی کنارہ( ویسٹ بانک) جماعت سے بھی واقفین اپنے والدین کے ساتھ حاضر تھے۔

جملہ حاضرین کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ الحمد للہ

جلسہ یوم مسیح موعودؑ

کبابیر میں مورخہ 25؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعودؑ منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیرت حضرت مسیح موعودؑ، بیعت کی حقیقت اور تاریخ جیسے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ جلسہ میں حاضر ہونے سے قاصر افراد کے لیے گھروں میں جلسہ سننے کا بھی انتظام رہا۔ اسی جلسہ میں رمضان المبارک کے استقبال کے لیے تیاری کی طرف بھی خصوصی توجہ دلائی گئی۔

جلسہ یوم مسیح موعودؑ کبابیر

یوم مسیح موعودؑ کے موقع پر دینی معلومات پر مبنی مقابلہ بھی ہوا جس میں کامیاب ہونے والوں کو انعامات دیے گئے۔

لجنہ اماء اللہ کے تحت علیحدہ جلسہ یوم مسیح موعودؑ منایا گیا۔ اس کے علاوہ خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ کے ہفتہ وار اجلاس میں بھی یوم مسیح موعودؑ کے حوالے سے گفتگو ہوئی جہاں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کو محور بناکر حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کے اغراض ومقاصد کا تذکرہ ہوا۔

کبابیر سٹوڈیو سے ایم ٹی اے العربیہ پر بھی 23؍مارچ کو لائیو پروگرام نشر ہوا۔

کبابیر وفلسطین میں رمضان المبارک کے لیل ونہار

اللہ کے فضل سے جامع مسجد سیدنا محمود کبابیر میں ماہ رمضان میں غیر معمولی رونق نظر آتی ہے۔ نمازیوں کے ذریعہ جہاں مسجد کی حقیقی زینت قائم رہتی ہے وہاں ظاہری تزئین کے ذریعہ اس کی مادی حفاظت بھی کبابیر میں دکھائی دیتی ہے۔ چراغاں کی گئی مسجد بہت دور سے چمکتی ہے۔ کبابیر میں احمدی محلہ کے اکثر گھروں میں بھی رات کے وقت لائٹنگ بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہے۔ رمضان المبارک میں نماز فجر کے بعد درس، نماز عصر کے بعد ایک گھنٹہ بچوں کی تلاوت قرآن کی کلاس، مغرب سے قبل اسلامی آداب واخلاق پر مبنی کلاسیں اور نماز تراویح وغیرہ کے ذریعہ روحانی ماحول قائم ہے۔ شام کے درس کے وقت مسجد سے بذریعہ انٹرنیٹ گھروں میں بھی درس سننے کا انتظام کیا ہوا ہے اور اس طرح خواتین اور دیگر افراد اپنے اپنے گھروں میں بھی درس سن سکتے ہیں۔

مسجد سیدنا محمود رمضان المبارک میں چراغاں کی ہوئی

ہفتہ میں ایک دن نماز تہجد مسجد میں با جماعت ادا کی جاتی ہے اور اس دن مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے اجتماعی سحری کا بھی انتظام مسجد میں کیا جاتا ہے۔

مغربی کنارہ(ویسٹ بینک )مشن

اللہ کے فضل سے شمالی ویسٹ بینک میں جماعتی مرکز ’’دار الامن‘‘ کی بنیاد پر مورخہ 18؍اپریل 2022ء کو دس سال پورے ہو رہے ہیں۔ اس مناسبت سے مورخہ 14؍اپریل کو ایک مختصر اجلاس رکھا گیا جس میں قیام مرکز اور مرکز کی آبادی اور مرکز میں جمع ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور خدا تعالیٰ کے حضور شکر ادا کیا گیا۔ اس موقع پر میٹھا تقسیم کیا گیا۔

احباب جماعت ویسٹ بانک (شمالی فلسطین )

ویسٹ بینک مشن دار الامن میں نزدیک رہنے والے افرادنمازوں میں شامل ہوتے ہیںجبکہ اکثریت دور دور رہتی ہے جہاں اپنے گھروں میں احمدی دوست باجماعت نمازیں ادا کرتے ہیں۔ مورخہ 14؍اپریل کو ویسٹ بینک کی جماعت میں اجتماعی افطاری کا بھی اہتمام ہوا۔ چنانچہ اس موقع پر ستر فیصد مردوخواتین شامل تھے۔ افطاری، درس، نمازیں اور باجماعت نماز تراویح میں سب دوست شامل ہوئے اور رات کو دیر سے اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔ الحمد للہ

تبلیغ

بک سٹال کا ایک منظر

جماعت احمدیہ کبابیر نے حیفا یونیورسٹی میں مورخہ 6 تا 10؍مارچ ایک بک سٹال اور نمائش کا اہتمام کیا۔ الحمدللہ وہ کامیاب رہا۔ بک سٹال بعض مخالفتوں کے باوجود کافی مثبت ثابت ہوا۔ نمائش پر بہتوں کی طرف سے اچھے تاثرات کا تذکرہ ہوا اور بہت سے نئے رابطے قائم کرنے کا بھی موقع ملا۔ مکرم عماد الدین مصری صاحب مربی سلسلہ کی زیر نگرانی خدام اور ممبرات لجنہ اماء اللہ پر مشتمل ایک ٹیم نے اس موقع پر رضاکارانہ خدمات کی توفیق پائی۔

امیر صاحب کبابیر کی صدر مملکت اسرائیل سے ملاقات

مورخہ 13؍اپریل کو اسرائیل کے صدر مملکت کی طرف سے ان کی رہائش گاہ پر رمضان کی مناسبت سے ملک کی اہم مسلمان شخصیات کو دعوت افطاردی گئی۔ چنانچہ اس موقع پر مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت اور مکرم عماد الدین مصری صاحب مربی سلسلہ جماعت کی نمائندگی میں شامل ہوئے جہاں ان کو بہت سے معززین، سفراء اور اہم شخصیات سے ملنے اور حسب توفیق جماعت کا تعارف کرانے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔

قارئین کی خدمت میں جماعت کبابیر فلسطین کے لیے دعا کی مؤدبانہ درخواست ہے۔

(رپورٹ: شمس الدین مالاباری۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button