از مرکز

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کے دستِ مبارک سے اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہومیوپیتھک ڈسپنسری اور ٹَک شاپ (Tuck shop) کا افتتاح

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(یکم اپریل 2022ء بروز جمعۃ المبارک، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج بعد نمازِ عصر اپنے دستِ مبارک سے فیتہ کاٹ کراسلام آباد، ٹلفورڈ میں موجود ہومیو پیتھک ڈسپنسری اور ٹَک شاپ (Tuck shop) کا دعا کے ساتھ افتتاح فرمایا۔

اسلام آباد میں موسم ٹھنڈا اورہلکی پھلکی برف باری کا تھا۔اس کے باوجود اسلام آباد کے رہائشی مرد، خواتین اور بچے حضور انور کے دیدار کے لیے اس موقع پر موجود تھے۔

حضور انور 6 بج کر4منٹ پر اپنے دفتر سے باہر تشریف لائے اور 6 بج کر 6 منٹ پر ہومیو پیتھک ڈسپنسری میں رونق افروز ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ احمد بھٹی صاحب (انچارج شعبہ ہومیوپیتھک یوکے) مع اہلیہ، ڈاکٹر ظفر بشیر صاحب مع اہلیہ و دیگر ممبران ٹیم ہومیوپیتھک نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کا استقبال کیا۔

حضور انور نے ڈسپنسری کا معائنہ فرمایا اور وہاں موجود احباب سے تعارف حاصل کیا۔ ڈسپنسری کے انتظام کا جائزہ لینے کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔ حضورِ انور نے پوچھا کہ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ کھڑکیاں ہیں؟ اس پر انچارج صاحب ہومیوپیتھک نے اثبات میں جواب دیا۔ دعا کے بعد حضور نے موقع کی مناسبت سے تیار کی گئی شیرینی کو متبرک فرمایا۔

6 بج کر 9 منٹ پر حضور انور ڈسپنسری سے باہر تشریف لائے اور ٹک شاپ کی طرف تشریف لے گئے۔عبد القدوس عارف صاحب (صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے) و بعض دیگر ممبران نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ یوکے اپنے پیارے امام کے استقبال کے لیے یہاں موجود تھے۔ حضور انور نے ٹک شاپ میں موجود coffeeمشین وغیرہ کا معائنہ فرمایا اور انتظامیہ کو ہدایت فرمائی کہ وہ whole saleسے اشیا کی خریداری کریں تاکہ مناسب قیمت پر مہیا کی جا سکیں۔ ٹک شاپ کے کھلنے کے اوقات کے حوالے سے حضور انور نے ہدایت فرمائی کہ اسلام آباد کے رہائشیوں سے سروے کر کے ان کا تعین کیا جائے۔ حضورِ انور جب ٹک شاپ سے باہر تشریف لائے تو اس موقع پر موجود محترم امیر صاحب جرمنی نے حضورِ انور کا شکریہ ادا کیا کہ حضورِ انور کے ارشاد پر اسلام آباد میں پہلی پبلک coffeeمشین رکھی گئی ہے۔ حضورِ انور نے ان سے دریافت فرمایا کہ کیا آپ نے اس کی coffee پی ہے؟ انہوں نے عرض کیا کہ ابھی تک نہیں۔ بعد ازاں حضور انور نے بچوں میں چاکلیٹس تقسیم فرمائیں۔

دفتر تشریف لے جاتے ہوئے حضور انور نے مکرم عبدالفاتح احمد صاحب سے اسلام آباد کے تعمیراتی امور کے متعلق بعض امور دریافت فرمائے۔ 6بج کر 26 منٹ پر حضور انور واپس اپنے دفتر میں تشریف لے گئے۔

حضورِ انور کی آمد سے کچھ دیر قبل ہلکی ہلکی برف باری کے ساتھ ساتھ تیز ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ جبکہ حضورِ انور کے تشریف لانے کے وقت موسم بالکل صاف ہو چکا تھا۔ ہلکی ہلکی ہوا کے ساتھ سورج آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ اس موقع پر اسلام آباد کے رہائشی احباب نیز باہر سے تشریف لانے والے مہمانانِ کرام نے اپنے آقا کے دیدار سے خوب لطف اٹھایا۔

تفصیلات ہومیوپیتھک ڈسپنسری

شعبہ ہومیوپیتھک یوکے کے انچارج ڈاکٹرحفیظ احمد بھٹی نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضورِانور کی پُرشفقت اجازت سے اسلام آباد میں باقاعدہ ہومیوپیتھک ڈسپنسری کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ حضورِ انور کے اسلام آباد منتقل ہونے کے بعد اس امر کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی کہ یہاں ایک مستقل ہومیوپیتھک ڈسپنسری کا قیام ہو۔چنانچہ حضورِ انور کی خدمت میں معاملہ پیش ہونے پر حضورِ انور نے بخوشی اجازت مرحمت فرماتے ہوئے اسلام آباد کے رہائشی بلاک میں داخلے کی سڑک پر جو شارع محمود اور مصطفیٰ ثابت روڈ کا سنگم بنتا ہے ایک احاطہ کو جو کسی زمانے میں بطور ٹی سٹال استعمال ہوتا تھا اس مقصد کے لیے مختص فرمایا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں قائم ہونے والی نئی ڈسپنسری کو ملا کر برطانیہ میں اس وقت کُل 40 ہومیوپیتھک ڈسپنسریاں خدمتِ خلق میں مصروف ہیں جن میں سے مسجد فضل اور مسجد بیت الفتوح کی ڈسپنسریاں کُل وقتی جبکہ دیگر جماعتوں میں قائم ڈسپنسریاں ہفتہ میں جُز وقتی کھولی جاتی ہیں۔ اسلام آباد کی تعمیرِ نَو سے قبل بھی یہاں کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے ایک ڈسپنسری موجود تھی۔

محترم حفیظ احمد بھٹی صاحب نے مزید بتایا کہ خلافتِ احمدیہ کے لندن منتقل ہونے کے بعد سے آج تک احبابِ جماعت کا حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اور پھر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ہومیوپیتھک نسخہ جات حاصل کرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ جولائی 1995ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ارشاد پر مسجد فضل میں الگ سے ہومیوپیتھک ڈسپنسری کا قیام عمل میں آیا جس کا مقصد ملاقات کے لیے آنے والے احباب کے ساتھ ساتھ دیگر احبابِ جماعت کو ہومیوادویہ حاصل کرنے کی سہولت مہیا کرنا تھا۔

یہ ڈسپنسری سرِدست ہفتہ میں تین روز، ہفتہ، اتوار اور سوموار کو شام پانچ بجے سے سات بجے تک کھولی جائے گی اور جیسے جیسے حالات بہتر ہوتے جائیں گے اس کے اوقاتِ کار بڑھتے جائیں گے۔ چار احباب ڈاکٹر حفیظ احمد بھٹی صاحب مع اہلیہ اور ڈاکٹر ظفر بشیر صاحب مع اہلیہ ابتدائی طور پر اس میں اپنی خدمات پیش کرنے کی توفیق پائیں گے۔

یاد رہے کہ ڈسپنسری کی عمارت پر کام کا آغاز گذشتہ سال کیا گیا تھا اور مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن (MSAF)نے اس مقصد کے لیے یہاں پر موجود hut کو اس کی بنیادوں سے اٹھا کر دوبارہ تیار کیا ہے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل دعا گو ہے کہ یہ ہومیوپیتھک ڈسپنسری اپنے قیام کے مقاصد کو پورا کرنے والی ہو اور لوگ اس سے حاصل کردہ نسخوں اور دواؤں سے معجزانہ شفا پاتے رہیں۔ آمین

تفصیلات Tuck Shop

مکرم عبدالفاتح احمد صاحب، نگران maintenanceتعمیرات اسلام آباد نے بتایا کہ Tuck Shop کی تعمیرات کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے 2019ء میں ہوا تاہم کورونا وبا کی وجہ سے کام کی رفتار متاثر ہوئی۔ Tuck Shopکی عمارت مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن نے وہاں پہلے سے موجود ایک hut کوrenovateکرکے تیار کی ہےجبکہ اس کے اندرونی حصے میں سیٹنگ وغیرہ کا کام خدام الاحمدیہ نے کیا۔

حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نےTuck Shop چلانے کی ذمہ داری مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے سپرد فرمائی جس کے شعبہ صنعت و تجارت کے تحت اسے چلایا جائےگا۔ Tuck Shop کا مقصداسلام آباد کے رہائشیوں نیز یہاں آنے والے مہمانوں کی خدمت کرنا ہے۔افتتاح کے بابرکت موقع پرTuck Shopکو خدام الاحمدیہ کے روایتی سیاہ اور سفید رنگ کی جھنڈیوں سےسجایا گیاتھا۔

ایم ٹی اے انٹرنیشنل، شعبہ اشاعت مجلس خدام الاحمدیہ یوکے، شعبہ مخزنِ تصاویر و دیگر نے اس بابرکت پروگرام کی کوریج کی توفیق پائی۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ڈسپنسری اور ٹک شاپ کے قیام کو بابرکت فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button