حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…دنیا کے بعض حصوں میں رمضان المبارک1443ھ کا چاند یکم اپریل جبکہ دیگر ممالک میں 2؍ اپریل کی شام کو دیکھا گیا۔ رؤیت ہلال کے بعد دنیا بھر کی مساجد میں نماز تراویح اور روزےکا اہتمام کیا گیا۔

٭…8؍ مارچ کو پاکستان کی اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے خلاف پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر اتوار 3؍ اپریل کو رائے شماری متوقع تھی۔ تاہم اس موقع پر قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد غیر ملکی فنڈنگ اور ہارس ٹریڈنگ کے الزامات کی بنا پر مسترد کرتے ہوئے اسے خلافِ آئین قرار دے دیا۔ جس کے فوراً بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے براہ راست خطاب کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صدر مملکت کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیج دی ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی سمری موصول ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ نئے الیکشن 90 روز میں ہوں گے۔جبکہ وزیراعظم پاکستان مزید 15 روز اپنے عہدے پر کام کر سکیں گے۔

٭…متحدہ اپوزیشن کی جانب سے صدر ، وزیرِ اعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو فریق بناتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک پٹیشن دائر کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کی رولنگ ختم کی جائے۔ متحدہ اپوزیشن کی پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ اسپیکر اجلاس ملتوی نہیں کر سکتا تھا، یہ غیر قانونی ہے۔ وزیرِ اعظم کی صدر کو اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس ختم کی جائے۔ اسپیکر کو ہدایت کی جائے کہ آج ہی اجلاس بلائے اور تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائے۔ وزیرِ اعظم کو روکا جائے کہ ایساقدم نہ اٹھائیں جس سے عدم اعتماد کی ووٹنگ پر اثر پڑے۔جس پر اتوار کے روز ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ نے لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔

٭…روس کے صدر پوٹن نے یکم اپریل سے قدرتی گیس روسی کرنسی میں بیچنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکا اور یورپ پر واضح کر دیا ہے کہ گیس خریدنا ہے تو روسی بینکوں میں روبل اکاؤنٹ کھلوانا پڑے گا، ورنہ ڈیفالٹ اور اسکے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ کوئی روس کو مفت چیزیں نہیں بیچتا اور روس بھی خیرات نہیں بانٹےگا۔ جرمنی نے روس کا مطالبہ بلیک میلنگ قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کے تحت یورو میں گیس کی خرید جاری رکھی جائے گی۔

٭… روس کا کہنا ہے کہ ماسکو، یوکرین میں اپنے ملٹری آپریشن کے تمام مقاصد حاصل کرلے گا۔اس حوالے سے ترجمان کریملن دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان بالآخر امن معاہدے پر دستخط ہونے کی امید ہے اور امریکا چاہے یا نہ چاہے، جلد یا بدیر یورپ کو بھی روس سے مذاکرات کرنے پڑیں گے۔تاریخ میں کسی بھی ملک پر روس کی موجودہ پابندیوں سے زیادہ پابندیاں نہیں لگیں، روس کے خلاف مغربی پابندیاں ڈالر اور یورو پر اعتماد کی کمی میں تیزی لائیں گی۔روس گیس کے بعد اپنی دوسری برآمدی اشیا کے لیے بھی روبل میں ادائیگی کا مطالبہ کرے گا، روسی گیس کے مغربی خریداروں کی زندگی مشکل کرنا نہیں چاہتے۔

٭…یوکرائن کے وزیرخارجہ کا کہناہے کہ اگر ترکی روس اور یوکرائن کے صدور کے درمیان ملاقات کرانے میں مدد کرے تو اس کے شکر گزار ہوں گے۔ انہیں اپنی تجاویز پر روس کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ کوئی غیر ملکی طاقتیں یوکرائن پر روس سے بات چیت کے لیے دباؤ نہیں ڈال رہیں۔ وہ بیلگورود حملے میں یوکرائن کے ملوث ہونے کی اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے۔

٭…بین الاقوامی ریڈ کراس کی جانب سے یوکرینی شہر ماریوپول میں پھنسے ہوئے عام شہریوں کے انخلا کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ ریڈ کراس کا ریسکیو مشن ہفتے کے روز ایک بار پھر اس محصور بندرگاہی شہر تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ دو روز قبل جمعے کو بھی یہ آپریشن منسوخ کرنا پڑا تھا۔ دریں اثنا روسی وزارت دفاع کے مطابق ریڈ کراس کا قافلہ بہت تاخیر سے روانہ ہوا تھا اور وقت پر ماریوپول نہ پہنچ سکا۔ اس شہر میں اب تک بیسیوں ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں، جن کی خوراک اور پانی تک رسائی بہت محدود ہے۔ دوسری جانب یوکرائن کے دارالحکومت کییو کے قریب ایک اجتماعی قبر میں تقریباﹰ تین سو لاشوں کو دفنا دیا گیا ہے۔

٭…روسی ترجمان کریملن کی طرف سے 3؍ اپریل کو کہا گیا کہ یوکرائن سے متعلق امن مذاکرات کے دوران ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کریمیا اور ڈونباس کی حیثیت کے بارے میں ماسکو کا موقف تبدیل نہیں ہوا۔ روس کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ روسی یوکرینی امن مذاکرات میں اتنی پیش رفت نہیں ہو سکی کہ ممکنہ امن معاہدے کا مسودہ فریقین کی سربراہی ملاقات میں منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔

٭…یوکرائن اور روس سے گیہوں کی سپلائی میں رخنے کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں روٹی کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ماضی میں روٹی کی قیمتوں میں اضافہ پرتشدد مظاہرے اور سیاسی شورش کا سبب بن چکے ہیں۔

اس پر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ گزشتہ ہفتے جنوبی عراق میں ہزاروں لوگوں نے روٹی، کوکنگ آئل اور روز مرہ کی دیگر اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرے کیے۔ واضح رہے کہ یوکرائن میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے عراق میں درآمد کی جانے والی مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

٭…پوپ فرانسس نے مالٹا کا دو روزہ دورہ کیا۔انہوں نے رابات کے مقدس مقام باسیلیکا آف سینٹ پال کیتھولک چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں یورپ کو خاص طور پر یہ پیغام بھیجا کہ اس وقت یورپ میں مہاجرین اور تارکین وطن کا گرمجوشی اور ہمدردانہ جذبے کے ساتھ خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ بحیرۂ روم کے اس علاقے سے کیتھولک چرچ کی تاریخ کے چند اہم واقعات منسوب ہیں جن میں جہاز کی تباہی کے بعد اس علاقے میں انسانی ہمدردی کی مثال پیش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ دنیا بھر میں تارکینِ وطن اور مہاجرین کے ساتھ مہربانی اور ہمدردی کا سلوک روا رکھا جائے۔

٭… ایران نے یمن میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے یمن مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ یمن میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کا اقدام علاقے کی ناکہ بندی کے مکمل خاتمے اور جنگ بندی کے مستقل قیام کا سبب بن سکتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی سے یمن بحران کے سیاسی حل میں مدد ملے گی۔یمن میں سعودی اتحادی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان سات سال سے جاری جنگ میں گزشتہ روز دو ماہ کی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جس پر 2؍ اپریل سے عمل درآمد ہوگا۔جنگ بندی کے دوران حوثی باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں تیل کی درآمد اور صنعا ایئرپورٹ سے کچھ پروازوں کی اجازت ہوگی۔

٭…سری لنکا میں ہفتہ کی شام 6 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سری لنکا میں سنگین اقتصادی بحران کے باعث حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کو روکنے کے لئے گزشتہ رات سے ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ 6 ماہ میں افراطِ زر کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ ماہ افراطِ زر کی شرح 18.7 رہی جبکہ خوراک کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ 30.1فیصد اضافہ ہوا۔

٭…سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں صدارتی محل کے باہر مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال سے 5 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے 45 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ مظاہرین اقتصادی بحران پر سری لنکن صدر گوتابایا راجاپاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

٭…طالبان نے دنیا کے سب سے بڑے افیون پیدا کرنے والے ملک افغانستان میں منشیات کی کاشت پر ایک بار پھر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔اتوار کے روز افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ کے حکم پر تمام افغان شہریوں کو مطلع کیا گیا کہ اب سے ملک بھر میں پوست کی کاشت سختی سے ممنوع ہے۔وزارت داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ اگر کسی نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو فصل کو فوری طور پر تباہ کر دیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کے ساتھ شرعی قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

٭…آذربائجان کے دارالحکومت باکو کے ایک نائٹ کلب میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور31 افرادزخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے سے کلب میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔آذربایجان کے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکا گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

٭…جنوبی کوریا کی فضائیہ کےدوتربیتی طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سکرامنٹو میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فوری طور پر فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، تحقیقات جاری ہیں۔جس علاقے میں فائرنگ ہوئی وہاں ریسٹورنٹس اور بارز موجود ہیں اور ہر وقت رش ہوتا ہے۔

٭…بھارت میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، مارچ کا مہینہ گزشتہ 121سالوں میں اوسط گرم ترین ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ میں 1901ءکے بعد اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ رہا ہے۔ دوران ماہ ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 1.86 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

٭…جرمنی میں حکام 87مرتبہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والے ایک 61 سالہ شہری کے بارے میں چھان بین کر رہے ہیں۔ اس نے بظاہر مشرقی صوبوں سیکسنی اور سیکسنی انہالٹ میں بار بار کئی ویکسینیشن مراکز پر جا کر کورونا ویکسین لگوائی۔ کئی مرتبہ تو اس نے ایک ایک دن میں تین تین ٹیکے بھی لگوائے تھے۔ اسے بالآخر شہر ڈریسڈن کے ایک ویکسینیشن مرکز کے ایک کارکن نے پہچان لیا کہ وہ پہلے بھی حفاظتی ٹیکے لگوا چکا تھا۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس شخص نے ایسا اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ ان افراد کو فروخت کرنے کے لیے کیا، جو اپنی ویکسینیشن نہیں کرانا چاہتے تھے۔

٭…لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز اپنے اختتام کو پہنچی۔ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد، دوسرے دونوں ایک روزہ میچز میں فتح حاصل کرکے یہ سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔

اس سیریز کے بہترین کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم قرار پائے جنہوں نے دو سنچریاں سکور کیں۔ اسی طرح پاکستانی بلے باز امام الحق نے دو سنچریوں کے ساتھ سیریز میں سب سے زیادہ 298 رنز سکور کیے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button