نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 02؍مارچ 2022ء بروز سوموار 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم شوکت محمود چیمہ صاحب (لندن۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 05مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم شوکت محمود چیمہ صاحب (لندن۔یوکے)

25 فروری 2022ء کو 67 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم لمبا عرصہ جرمنی میں رہے جہاں انہیں بطور صدر جماعت گروس گیراؤ کے علاوہ نیشنل عاملہ میں بھی خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ مرحوم چندہ جات میں با قاعدہ تھے۔ قرآن کریم کی با قاعدگی سے تلاوت کیا کرتے تھے ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، لوگوں کے ساتھ پیار ومحبت سے ملنے والے اور خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کاتعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔ ہمیشہ بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے کی نصیحت کیا کرتے تھے۔ غریب رشتہ داروں اور غیراز جماعت لوگوں کی مالی مدد کیا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہے۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرم شہرۂ عالم صاحب ( بریشہ بنگال۔انڈیا)

24جولائی 2021ء کو88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔آنحضرت ﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے دلی عشق تھا۔ خلافت کے فدائی اور واقفین زندگی اور مربیان کے ساتھ نہایت عزت واحترام کے ساتھ پیش آتے تھے۔مرحوم کو ربوہ جاکر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ سے ملاقات کرنے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ قادیان سے گہرا لگاؤ تھا۔ جلسہ سالانہ کے موقع پر ٹرین کا طویل سفر طے کرکے قادیان آتے تھے۔مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

2۔مکرمہ آسیہ خلیل صاحبہ (کراچی)

31 جنوری 2022ء کو 68سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ بہت نیک، مہمان نواز، غریبوں کی مدد کرنے والی ایک نیک دل خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔

3۔ مکرم چودھری عزیز احمد صاحب وینس ابن مکرم چودھری نذیر احمد صاحب وینس (ڈیلیس ۔امریکہ)

6فروری 2022ء کو90سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کو فرقان فورس میں خدمت کا موقع ملا۔1981ء میں آپ امریکہ چلے گئے جہاں قاضی کے علاوہ ناظم دارالقضاء امریکہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت اورحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ کرتے تھے۔ مرحوم بہت خوش الحان تھے اور ہزاروں شعرآپ کو یادتھے جنہیں اکثر گنگناتے رہتے تھے۔ ان کی زندگی قرآن اور نمازوں کے گرد گھومتی تھی جس کا اپنے گھر میں خاص اہتمام کیا کرتے۔ آپ بڑے مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ اخلاص اور وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔ اولاد کی بہترین رنگ میں تربیت کی توفیق پائی۔ مرحوم اعلیٰ پائے کے شکاری تھے۔ انہیں دو دفعہ Olympics میں پاکستان کی نمائندگی کا بھی موقع ملا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں شامل ہیں۔

4۔مکرمہ امۃ الحئی عالمگیر صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری سعید احمد صاحب عالمگیر مرحوم ( افسر خزانہ صدر انجمن احمدیہ ربوہ)۔ کینیڈا

31 جنوری 2022ء کو 96سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے فیکٹری ایریا ربوہ اور ہملٹن ( کینیڈا)میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، چندہ جات میں باقاعدہ اور خلافت سے بے انتہا محبت و اطاعت کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں ۔

5۔مکرمہ منصورہ شمیم صاحبہ اہلیہ مکرم احمد کمال صاحب (معلم وقف جدید۔ربوہ)

11 فروری 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ اپنے میاں کے ساتھ مختلف جگہوں پر رہ کر خدمت میں ان کا ہاتھ بٹاتی رہیں۔نمازوں کی پابند ، دعا گو، بہت اطاعت گزار اور نیک خاتون تھیں۔ مہمان نوازی کا وصف بہت نمایاں تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button